Inquilab Logo Happiest Places to Work

امبا داس دانوے کو جان سے مارنے کی دھمکی، لگاتار تین دن فون

Updated: March 17, 2026, 12:21 PM IST | Agency | Aurangabad

شیوسینا ( ادھو) لیڈر نے اورنگ آباد پولیس کمشنر کو تحریری شکایت دی، مقامی بی جے پی کارکن پرشبہ۔

Senior Shiv Sena (Uddhav) Leader Ambadas Danve.Photo:INN
شیوسینا (ادھو) کے سینئر لیڈر امبا داس دانوے- تصویر:آئی این این
 شیو سینا (ادھو) کے سینئر لیڈر امباداس دانوے نے شکایت کی ہے کہ  انہیں فون پر جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے اورنگ آباد کے پولیس کمشنر کو تحریری شکایت پیش کرتے ہوئے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا ہے۔  دانوے کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے انہیں مسلسل دھمکی آمیز فون موصول ہو رہے ہیں۔  یہ کال زیادہ تر رات ۱۲؍ بجےسے ۲؍بجے کے درمیان آتی تھیں اور یہ سلسلہ گزشتہ ۳؍ سے ۴؍ دن سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں انہوں نے ان فون کال کو زیادہ اہمیت نہیں دی، تاہم جب بار بار  اس طرح کے فون آنے لگے تو انہوں نے پولیس سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا اور باقاعدہ شکایت درج کروائی۔ 
 
 
دانوے نے کہا کہ اس طرح کی دھمکیوں سے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے اہل خانہ کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے پولیس سے درخواست کی کہ اس معاملے میں ضروری احتیاطی اقدامات کئے جائیں اور مناسب سیکوریٹی فراہم کی جائے۔
 
 
دھمکی دینے والا بی جے پی کارکن ہے؟
کہا جا رہا ہے کہ امبا داس دانوے کو دھمکی دینے والا بی جے پی کارکن ہے جو کہ حال ہی میں ہوئے ضلع پریشد الیکشن میں سبھا پتی عہدےکے امیدوار کلیان گائیکواڑ کا قریبی ہے۔ اطلاع کے مطابق الیکشن والے دن امبا داس دانوے نے کلیان گائیکواڑ کا گریبان پکڑ کر پوچھا تھا ’’ ہمارے ۸؍ اراکین کو کہاں چھپا کر رکھا ہے؟ ‘‘ اسی بات کا غصہ دل میں بی جے پی کارکن کے دل میں پنپ رہا تھا جسے اس نے انہیںدھمکی بھرے فون کرکے نکالنے کی کوشش کی ہے۔ اورنگ آباد کے سٹی پولیس اسٹیشن میں امبا داس دانوے کی شکایت درج کی گئی ہے اور پولیس ہر زاویے سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ فی الحال پولیس نے کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔  یاد رہے کہ امبا داس دانوے کو اورنگ آباد میں شیوسینا (ادھو) کا سب سے با اثر لیڈر تصور کیا جاتا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK