اس ہندوستانی برانڈ کے ذریعہ اسپورٹس ویئر اور آرام دہ کپڑےپیش کئے جاتے ہیں جنہیں پہن کر نوجوان خود کو جدید دور سے ہم آہنگ قرار دے سکیں۔
بوریولی کے اسکائی سٹی مال میں واقع بونکرز کارنر کا شاندار شوروم-تصویر:آئی این این
بونکرز کارنر ممبئی میں جنم لینے والا ایک دیسی فیشن برانڈ ہے جو آرام، کردار اور خاموش بغاوت کے عینک سے لگژری اسٹریٹ ویئر کو نئی تعریف دے رہا ہے۔ یہ برانڈ کبھی بھی بھیڑ میں گم ہونے کے لیے نہیںبنا تھا۔ بونکرز کارنر کا ایک سادہ لیکن جری مقصد تھا، ایسا اسٹریٹ ویئربنانا جو لوگوں کو کچھ محسوس کرائے، جو آپ کو اپنی شخصیت کے اظہار کا موقع دے،کھل کرنظر آئے اورکھیل کود کے دوران پہننےمیںآرام دہ محسوس ہو لیکن زیادہ ڈھیلے ڈھالے بھی نہ ہوں۔
بانی کی کہانی
اس برانڈ کے بانی شبھم گپتاکاسفر۲۰۱۱ءمیںشروع ہوا جب ان کے والد کا دیرینہ ٹیکسٹائل کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ صرف بارہویں جماعت تک پڑھے اور روایتی تعلیم میںدلچسپی کا مظاہرہ نہ کرنے والےشبھم کو زندگی نئے سرے سےبنانی پڑی۔ انہوں نے ممبئی کی گلیوں کو اپنا تعلیمی ادارہ بنایا، پارٹ ٹائم کام کیا اور آہستہ آہستہ ای کامرس میں قدم رکھا۔ ابتدا میں انہوں نے مقامی طور پر حاصل کی گئی سادہ ٹی شرٹس بیچیں اور کپڑے کے معیار اور ہندوستانی صارفین کی ترجیحات کو سمجھا۔شبھم گپتا نے محسوس کیا کہ ایک طرف بین الاقوامی برانڈز اسٹائلش لیکن مہنگےتھے اور ہندوستانی ثقافت سے کٹے ہوئے تھے، دوسری طرف مقامی برانڈز سستے تو تھے لیکن ان میں شخصیت اور شناخت کا فقدان تھا۔ اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے بونکرز کارنر وجود میں آیا۔
برانڈ کا آغاز
بونکرزکارنر ۲۰۲۰ءمیں شروع ہوا، وہ سال جب ای کامرس عروج پر تھا اور آن لائن اسٹور نہ صرف ضروری بلکہ ناگزیر تھا۔ یہ ایک ۱۰۰؍فیصدمیڈ اِن انڈیا دیسی برانڈ ہے۔ آغاز میں ٹیم صرف۵؍ افراد پر مشتمل تھی اور آج یہ ۵۰۰؍سےزیادہ ملازمین کا خاندان بن چکی ہے۔ ابتدا میں جگہ، سرمایہ اور افرادی قوت کی کمی تھی لیکن برانڈ کو قومی سطح پر پہچان دلانے کا ارادہ پختہ تھا۔ پہلے اپنی بچتیں پیداوار میں لگائیں، آمدنی ہوئی تو نئے مجموعوں میں دوبارہ سرمایہ کاری کی۔
شارک ٹینک میں داخلہ
شبھم گپتانےشارک ٹینک انڈیا سیزن۵؍میں۰ء۵؍فیصد ایکوئٹی کے لیے۱ء۵؍کروڑ روپے مانگے جس سےبرانڈ کی قدر ۳۰۰؍ کروڑ روپے لگائی گئی۔نمیتا تھاپر نے فوری طور پر بانی کی قدر کو قبول کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی پیشکش کی اور شبھم نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کےفوری ہاں کہہ دیا،اس سے پہلے کہ دوسرے شارکس اپنی بات رکھ سکیں۔یہ اتنا اچانک تھا کہ بقیہ پینل حیران رہ گیا اور یہ لمحہ وائرل ہو گیا۔یہ ایپی سوڈ شبھم کی زندگی کی کہانی کا لمحہ تھا،انہوں نے سالوں پہلےخاندانی دیوالیہ پن کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس’اخلاقی تباہی‘ کو انہوں نے کچھ دیرپا بنانے کے ایندھن کے طور پر استعمال کیا۔
برانڈ کی مصنوعات
بونکرز کارنر کی مصنوعات میں تنوع اور جدید طرزِ زندگی کی جھلک ملتی ہے۔ ان کی اہم کیٹیگریز میںاوور سائزڈ ٹی شرٹس،ہوڈیز اور سویٹ شرٹس جیسی چیزیں شامل ہیں۔ یہ برانڈ اپنی کھلی اور آرام دہ ٹی شرٹس کے لیے سب سے زیادہ مشہور ہے۔ ان پر موجود گرافکس اور ڈیزائن نوجوانوں کی پسند کو مدنظر رکھ کر بنائے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ سردیوں کے لیے ان کے پاس اسٹائلش ہوڈیز کا وسیع مجموعہ موجودہے، جو نہ صرف گرم رکھتے ہیں بلکہ دیکھنے میں بھی منفرد ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں پاپ کلچر کلیکشن کے تحت ڈزنی،مارول ، اسٹار وارز اورپوکیمون جیسے مشہور برانڈز کے آفیشل لائسنس یافتہ ڈیزائنز موجود ہیں، جو مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔اس کے علاوہ یہاں موجود باٹمز اور کارگو پینٹس آرام دہ جوگرز، سوئیٹ پینٹس اور کارگو پینٹس ان کے کلیکشن کا اہم حصہ ہیں، جو اسٹریٹ اسٹائل کو مکمل کرتے ہیں۔ یہ برانڈ سوپیماکاٹن اور کورڈورائےجیسے اعلیٰ معیار کے کپڑے بھی استعمال کرتا ہے تاکہ صارفین کو سستے داموں میں لگژری کا احساس مل سکے۔
ممبئی میں اس کے ۵؍اسٹور موجود ہیں جن میں ایک لوئر پریل میں، کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی میں،واشی کے ان آربٹ مال میں، بوریولی کے اسکائی سٹی مال میں اور تھانے کےویویانا مال میں ہے۔