جرمنی میں شروع ہونے والے اس برانڈ کے تحت ابتدائی طور پر فارمل یعنی جیکٹ،کوٹ جیسی مصنوعات ملتی تھیں آج شرٹ اور ٹی شرٹ بھی ملتے ہیں۔
باندرہ بی کے سی میں واقع باس کا اسٹور- تصویر:آئی این این
دنیا میں بعض برانڈز صرف کپڑے فروخت نہیں کرتے بلکہ ایک طرزِ زندگی، ایک شخصیت اور ایک مخصوص وقار کی نمائندگی کرتے ہیں۔ باس(BOSS) بھی انہی چند عالمی برانڈز میں شامل ہے جس نےمردانہ ملبوسات کی دنیا میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔ نفیس سوٹس،اعلیٰ معیار کے کپڑے، جدید ڈیزائن اور کلاسیکی وقار کے امتزاج نے اس برانڈ کو دنیا بھر کے فیشن شائقین کی پہلی پسند بنا دیا ہے۔ آج کاروباری شخصیات سے لے کر فلمی ستاروں تک، بے شمار لوگ باس کے ملبوسات کو اپنے اعتماد اور شخصیت کا حصہ سمجھتے ہیں۔
تاریخ اور آغاز
باس دراصل جرمنی کے مشہور فیشن ہاؤس ہیوگو باس کا اہم برانڈ ہے۔ اس کمپنی کی بنیاد ۱۹۲۴ءمیں جرمنی کے شہر میٹزنجن میں ہیوگو فرڈیننڈ باس نامی شخص نے رکھی تھی۔ ابتدا میں کمپنی ورک ویئر، یونیفارمز اور بارش سے بچاؤ کے لباس تیار کرتی تھی، مگر وقت کے ساتھ اس نے فیشن کی دنیا میں قدم رکھا اور پھر مردانہ سوٹس کے شعبے میں غیر معمولی شہرت حاصل کرلی۔ ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ء کی دہائیوں میںکمپنی نے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیزی سےترقی کی۔ اسی دور میں باس ایک الگ شناخت کے طور پر سامنے آیا، جو نفیس اور پریمیم معیار کے لباس کی علامت بن گیا۔
مردانہ سوٹس کی دنیا کا معتبر نام
باس کی سب سے بڑی پہچان اس کے سوٹس ہیں۔ اس برانڈ کےبلیزر، ٹراوزرز اور فارمل جیکٹس اپنی بہترین فٹنگ اور نفاست کے باعث دنیابھرمیں پسند کیے جاتے ہیں۔ کاروباری دنیا میں کام کرنےوالے افراد کیلئے باس کا سوٹ صرف لباس نہیں بلکہ اعتماد اور وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے۔اس برانڈ کے سوٹس میں کلاسیکی انداز اور جدید فیشن کا ایسا امتزاج دکھائی دیتا ہے جو نوجوانوں اور سنجیدہ مزاج خریداروں دونوں کو متاثر کرتا ہے۔ کپڑوں کی سلائی، کٹنگ اور فیبرک کے انتخاب میںغیر معمولی احتیاط برتی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کے ملبوسات طویل عرصے تک اپنی خوبصورتی برقرار رکھتے ہیں۔
صرف سوٹس تک محدود نہیں
وقت کے ساتھ باس نےاپنی مصنوعات کا دائرہ وسیع کیا۔ آج اس برانڈ کے تحت شرٹس، ٹی شرٹس، جینز، جیکٹس، اسپورٹس ویئر، جوتے،بیگز، گھڑیاں، جویلری،بیلٹ، دستانے،اسکارف، موزے چشمے ،کیپ، والیٹ اور کی رنگ،ہوم اور لائف اسٹائل کے مصنوعات کے ساتھ مختلف قسم کے پرفیومز اور دیگر فیشن لوازمات بھی دستیاب ہیں۔خاص طور پر اس کے پرفیومز نے عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔باس باٹلڈ اور باس دی سینٹ جیسےپرفیومز نوجوانوں میں کافی پسند کیے جاتے ہیں۔
کھیلوں سے متعلق چیزوں میں ٹینس اور پیڈل، جم اور دوڑنے سے متعلق، گولف، باہر پہننے لائق کپڑے اور تیراکی کےلئے استعمال ہونے والے کپڑے بھی ملتے ہیں۔
ہندوستان میں موجودگی
آج باس دنیا کے درجنوں ممالک میں موجود ہے۔ یورپ، امریکہ، مشرقِ وسطیٰ اور ایشیا کے بڑے شہروں میں اس کے خصوصی شوروم قائم ہیں۔دبئی، لندن، پیرس، نیویارک اور سنگاپور جیسے عالمی شہروں میں اس کے اسٹورز خاص کشش رکھتے ہیں۔
ہیوگو باس نے۲۰۲۴ءمیں ہندوستان میں قدم رکھا۔ اب یہاں بھی باس کی موجودگی بتدریج مضبوط ہوئی ہے۔ ممبئی،دہلی اور بنگلورو جیسے شہروں کے بڑے مالز اور لگژری فیشن اسٹورز میں اس کے ملبوسات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ کئی آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی اس برانڈ کی خریداری ممکن ہے۔ہندوستان میں ہیوگو باس کی مصنوعات hugoboss.com کے علاوہ اجیو لکس، منترا اور دی کلیکٹیوپر بھی دستیاب ہیں۔
ممبئی میں اسٹورز
ہندوستان کے دیگر شہروں کی طرح ممبئی میں بھی اس کے چند اسٹور کھل چکے ہیں۔اس کا سب سے بڑا اسٹور لوئر پریل کے فنکس پلاڈیم مال میں واقع ہے،اس کا دوسرا اسٹور بی کے سی میں واقع جیو ورلڈڈرائیو میں جبکہ تیسرا اسٹور ممبئی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔