۲۰۰؍سال سے زیادہ پرانا یہ برانڈ پوری دنیا میں ۵۰۰؍ سے زیادہ اسٹورز کے ساتھ موجود ہے،ابراہم لنکن نے تقریب حلف برداری میں اسی کا لباس پہنا تھا۔
بی کے سی میں واقع جیو ورلڈ ڈرائیو میں موجود بروکس برادرز کا اسٹور ۔تصویر:آئی این این
دنیا کے فیشن برانڈز کی تاریخ میں چند ہی نام ایسے ہیں جو۲؍ صدیوں سے زیادہ عرصے تک اپنی شناخت برقرار رکھنے میں کامیاب رہےہوں۔ بروکس برادرزانہی چند عظیم برانڈز میں شامل ہے۔یہ صرف ایک ملبوساتی کمپنی نہیں بلکہ امریکی فیشن، کاروباری روایت اور کلاسیکی اندازِ لباس کی ایک زندہ علامت سمجھا جاتا ہے۔ تقریباً۲۰۰؍ سال سے زائد عرصے سے بروکس برادرز امریکی سیاست دانوں، صنعت کاروں، ادیبوں، وکلا، کاروباری شخصیات اور عام صارفین کے لیے اعلیٰ معیار کے لباس تیار کر رہا ہے۔بروکس برادرز کو اکثر’امریکہ کا قدیم ترین ملبوساتی برانڈ‘بھی کہا جاتا ہے۔ اس برانڈنے نہ صرف امریکی مردانہ فیشن کو نئی سمت دی بلکہ دنیا بھر میں ’کلاسک امریکن اسٹائل‘ کی بنیاد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
آغاز اور وژن
بروکس برادرز کی بنیاد ۱۸۱۸ءمیں ہنری سینڈس بروکس نے نیویارک شہر میں رکھی تھی۔ابتدا میں کمپنی کا نام ایچ اینڈ ڈی ایچ بروکس اینڈ کمپنی تھا۔ اس وقت امریکہ ابھی ایک نوجوان ملک تھا اور جدید فیشن انڈسٹری کا وجود بھی نہیں تھا۔ہنری سینڈز بروکس کا مقصد ایسے ملبوسات تیار کرنا تھا جو معیار، پائیداری اور نفاست میں نمایاں ہوں۔ ان کا مشہور اصول تھا’’صرف بہترین معیار کا سامان تیار کیا جائے، اسے منصفانہ قیمت پر فروخت کیا جائے اور گاہکوں کے ساتھ دیانت داری کا برتاؤ کیا جائے۔‘‘یہی اصول بعد میں کمپنی کی کامیابی کی بنیاد بنے۔
بروکس برادرز نام کیسے پڑا؟
۱۸۳۳ءمیںہنری سینڈز بروکس کے انتقال کے بعد ان کے ۴؍بیٹوں نے کاروبار سنبھالا۔ چونکہ کاروبار بھائیوں کے ہاتھ میں آ گیا تھا، اس لیے کمپنی کا نام تبدیل کرکے بروکس برادرز رکھ دیا گیا۔یہ نام آج دو صدیوں بعد بھی عالمی فیشن کی دنیا میں وقار اور اعتماد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
امریکی صدور کا پسندیدہ برانڈ
بروکس برادرز کی سب سے منفرد خصوصیات میں سے ایک اس کا امریکی صدور سے گہرا تعلق ہے۔کہا جاتا ہے کہ ابراہم لنکن نے اپنی دوسری تقریبِ حلف برداری کے موقع پر بروکس برادرز کا تیار کردہ کوٹ پہنا تھا۔اس کے بعد کئی امریکی صدور بشمول تھیوڈور روزولٹ،فرینکلن ڈی روزولٹ، جان ایف کنیڈی، جارج ایچ ڈبلیو بش اور بارک اوبامہ بھی اس برانڈ کے لباس استعمال کرتے رہے ہیں۔اسی وجہ سے بروکس برادرز کو اکثر’پریسیڈنٹ کلوتھیئر‘(صدور کو کپڑے پہنانے والا)بھی کہا جاتا ہے۔
برانڈ کی توسیع
آج برُکس برادرز دنیا بھر میں ۵۰۰؍سے زیادہ اسٹورز کا حامل ایک مشہور ریٹیلر بن چکا ہے، اور اس کے باوجود بہترین سروس، معیار، اسٹائل اور ویلیو کے اصولوں پر قائم ہے۔ برانڈ مردوں اور خواتین، دونوں کے لیے لباس تیار کرتا ہے، جس میں ڈریس شرٹس، سوٹس، اسپورٹ کوٹس، سویٹرز، اور طرح طرح کی ایکسیسریز شامل ہیں۔
ہندوستان میں موجودگی
برُکس برادرز کاہندوستان میں بھی آفیشل آن لائن اسٹور موجود ہےbrooksbrothers.in جسے برُکس برادرز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ چلاتا ہے۔اس پلیٹ فارم پر مردوں اور خواتین کے لیے مختلف کیٹیگریز موجود ہیں۔آن لائن اسٹور کے علاوہ اس کے ملک بھر میں کئی شہروں میں آف لائن اسٹورز بھی موجود ہیں جبکہ ممبئی ہی میں اس کے دواسٹور موجود ہیں جن میں ایک اسٹور لوئر پریل کے فنکس پلاڈیم مال میں جبکہ دوسرا بی کے سی کےجیو ورلڈ ڈرائیو میں ہے۔
مصنوعات
مردوں کے لیے یہاںڈریس شرٹس، اسپورٹ شرٹس، پولوز اور ٹی شرٹس۔ سویٹرز اور آؤٹر ویئر، سوٹس، اسپورٹ کوٹس اور بلیزرز، جیکٹس۔ ڈریس ٹراؤزرز، کارگوز، جوگرز، ڈینمز، شارٹس۔ ایکسیسریزمیں بیلٹس، ٹائیز، پاکٹ اسکوائرز، جرابیں، گفٹ سیٹس۔خواتین کے لیے بھی بلاؤز اور ٹاپس، سویٹرز، جیکٹس، شرٹس، باٹم ویئر دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کے لباس،خوشبوئیں، چشمے،گھڑیاں اورہوم کلیکشن بھی یہاں ملتے ہیں۔