Inquilab Logo Happiest Places to Work

باندرہ: زیر تعمیر میٹرو ۲؍ بی بریج پر آتشزدگی، کوئی زخمی نہیں

Updated: June 17, 2026, 11:57 AM IST | Shahab Ansari And Nadeem Asran | Mumbai

باندرہ ریکلیمیشن کے پاس میٹرو ۲ ؍بی کے زیر تعمیر بریج پر پیر کی شب ۱۱؍ بجے آگ لگ گئی تھی جس سے ملبہ نیچے سڑک پر گرنے لگا تاہم آگ کو جلد ہی قابو کرلیا گیا ۔

Fire.Photo:INN
آگ۔ تصویر:آئی این این
  باندرہ ریکلیمیشن کے پاس میٹرو ۲ ؍بی کے زیر تعمیر بریج پر پیر کی شب ۱۱؍ بجے آگ لگ گئی تھی جس سے ملبہ نیچے سڑک پر گرنے لگا تاہم آگ کو جلد ہی قابو کرلیا گیا اور اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ ایم ایم آر ڈی اے کے مطابق آگ لکڑے کے ٹیکوں میں لگی تھی اور میٹرو کے ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ 
اس آتشزدگی کا ویڈیو بہت تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا کیونکہ اس میں بریج پر آگ کے شعلے نظر آرہے تھے اور ملبہ نیچے سڑک پر گرتا دکھائی دے رہا تھا جس کی وجہ سے باندرہ مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے اس اہم راستے پر ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہو گیا تھا۔ اس تعلق سے ’ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) نے وضاحت کی کہ سائٹ پر موجود ’ایمرجنسی رسپانس ٹیم‘ اور فائر بریگیڈ عملہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کم وقت میں آگ بجھا دی تھی۔ اس آتشزدگی میں نہ کوئی زخمی ہوا اور نہ ہی میٹرو بریج کے ڈھانچے کو کوئی نقصان پہنچا۔ البتہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کی گہرائی سے تفتیش کی جائے گی۔ یہ پروجیکٹ جے کمار انفرا پروجیکٹس لمیٹڈ کے ذریعہ تعمیر کیا جارہا ہے اور آتشزدگی کیلئے ذمہ دار پائے جانے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
 
 
زیر زمین نئی کیبل لائن بچھانے کا آغاز 
اس ماہ کے اوائل میں جنوبی ممبئی کے کئی رہائشی علاقوں میں بار بار بجلی منقطع ہونے اور ۱۰؍ سے۱۲؍ گھنٹے تک بجلی کے نہ رہنے پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا تھا جس کے بعد مسئلے کو حل کرنے کیلئے بیسٹ انڈر ٹیکنگ نے۲۰؍ کروڑ کا بجٹ منظور کیا ۔ اب بیسٹ نے زیر زمین نئی کیبل لائن بچھانے کا آغاز کردیا ہے۔
 
 
جنوبی ممبئی کے بجلی نہ آنے سے پریشان شہریوں کو راحت پہنچانے کے مقصد سے پہلے مرحلہ میں چرچ گیٹ سے مرین لائنس ریلوے اسٹیشن سے متصل زمین میں ۱۰؍ سے ۱۵؍ فٹ کھدائی کے بعد نئے الٹرا ہائی پریشر کیبلز ڈالے جارہے ہیں۔ ڈالے جانے والے نئے کیبل کی مدد سے۳۳؍ میگا والٹ بجلی سپلائی کی جاسکے گی ۔ یہ کیبل لائن۴؍کلو میٹر طویل ہوگی ۔ بیسٹ انڈر ٹیکنگ کے ایک سینئر افسر کے بقول گیرگاؤں، بھولیشور، اوپیرا ہاؤس، ٹھاکردوار، کلبادیوی  اور دیگر گنجان آبادی والے علاقوں میں رہنے والے صارفین کو اس سے راحت ملے گی ۔ آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک سے متصل کیبل لائن بچھانے کے لئے ریلوے انتظامیہ سے اجازت لی گئی تھی ۔ مذکورہ  کیبل لائن سے بجلی کا بحران ختم ہوگا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK