عالمی سطح کے برانڈ دیگر ممالک کے افراد کو ذہن میں رکھ کر ملبوسات تیار کرتے ہیں جو ہندوستانیوں کو فٹ نہیں آتے،اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے یہ شروع کیا گیا۔
کرلا کے مارکیٹ سٹی میں واقع فیبل اسٹریٹ کے شاندار شوروم کا نظارہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کی فیشن انڈسٹری میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران کئی نئےبرانڈزنے اپنی شناخت قائم کی ہے، لیکن چند ہی ایسے ہیں جنہوں نے کسی مخصوص مسئلے کو حل کرنے کے مقصد سے اپنا سفر شروع کیا اور پھر ایک کامیاب کاروباری ماڈل کی شکل اختیار کر لی۔ فیبل اسٹریٹ (FableStreet) انہی نمایاں برانڈز میں شامل ہے، جس نےہندوستانی پیشہ ور خواتین کے لیے موزوں، آرام دہ اور بہتر فٹنگ والے مغربی ملبوسات فراہم کرنےکے مقصد سے اپنی بنیاد رکھی۔ آج یہ برانڈ شہری اور ملازمت پیشہ خواتین کے درمیان ایک معروف نام بن چکا ہے۔
آغاز اور وژن
فیبل اسٹریٹ کی بنیاد آیوشی گڈوانی نے ۲۰۱۶ءمیںرکھی۔ آیوشی گڈوانی پیشے کے اعتبار سے ایک سابق مینجمنٹ کنسلٹنٹ تھیں اورانہوں نے کئی برس تک عالمی کنسلٹنگ فرم میک کنسی اینڈ کمپنی میں کام کیا۔ اپنے پیشہ ورانہ کریئر کے دوران انہیں ایک مسئلہ بار بار محسوس ہوا کہ ہندوستانی خواتین کیلئے مناسب دفتری لباس کے اختیارات بہت محدود ہیں۔
بازار میں دستیاب بیشتر برانڈز یا تو مغربی ممالک کے جسمانی پیمانوں کے مطابق تیار کیے جاتے تھے یا پھر خواتین کی عملی ضروریات کو پورا نہیں کرتے تھے۔ یہی احساس بعد میں فیبل اسٹریٹ کے قیام کا سبب بنا اور اسی بنیاد پر آج بھی یہ برانڈ کام کررہا ہے۔
فٹنگ پر زور
فیبل اسٹریٹ کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا فٹنگ پر زور دینا ہے۔ کمپنی نے ابتدائی مرحلے میں ہزاروں ہندوستانی خواتین کے جسمانی پیمائشوں کا مطالعہ کیا اور اس کی بنیاد پر اپنا سائزنگ سسٹم تیارکیا۔ بعد میں برانڈ نے ایک خصوصی ’ٹیلرڈفٹ الگورتھم‘متعارف کرایا، جس کا مقصد مختلف جسمانی ساخت رکھنے والی خواتین کے لیے بہتر فٹنگ فراہم کرنا تھا۔ یہی خصوصیت فیبل اسٹریٹ کو دیگر برانڈز سے ممتاز بناتی ہے۔
مصنوعات کی وسیع رینج
ابتدا میں فیبل اسٹریٹ نے صرف خواتین کے دفتری ملبوسات پر توجہ دی۔ اس کی مصنوعات میں شرٹس، ٹاپس، ٹراؤزرز، اسکرٹس اور بلیزرز شامل تھے۔بعد میں کمپنی نے اپنی پیشکش کو وسیع کرتے ہوئے کیژول ویئر، ایوننگ ویئر اور دیگر مغربی طرزکے ملبوسات بھی متعارف کرائے۔آج برانڈ ایسی خواتین کو ہدف بناتا ہے جو دفتر، کاروباری ملاقاتوں، سفر یا روزمرہ زندگی کے لیے آرام دہ مگر باوقار لباس کی تلاش میں ہوں۔
ایف ایس لائف میں تبدیلی
برانڈ کو اپنے آغاز کے کچھ ہی عرصے بعد سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل ہوگئی۔ مختلف مراحل میں کمپنی نے متعدد سرمایہ کاروں سے فنڈنگ حاصل کی۔
وقت کے ساتھ فیبل اسٹریٹ صرف ایک فیشن برانڈ نہیں رہا بلکہ ایک بڑے کاروباری گروپ کی بنیاد بن گیا۔ بعد میں کمپنی نے خود کو ایف ایس لائف کے نام سے ایک ’ہاؤس آف برانڈز‘ کے طور پر وسعت دی۔ اس کے تحت جدید ہندوستانی ملبوسات، زیورات اور دیگر فیشن زمروں میں بھی قدم رکھا گیا۔ تاہم فابل اسٹریٹ آج بھی اس گروپ کا سب سے نمایاں اور مضبوط برانڈ سمجھا جاتا ہے۔
برانڈ کی توسیع
فیبل اسٹریٹ نے اپنے سفر کا آغاز ایک ڈیجیٹل فرسٹ برانڈ کےطور پر کیا تھا۔ اس کی فروخت بنیادی طور پر آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ہوتی تھی۔بعد ازاں صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے آف لائن اسٹورز اور تجرباتی ریٹیل ماڈل کی جانب بھی قدم بڑھایا۔ اس حکمت عملی کا مقصد صارفین کو مصنوعات کو قریب سے دیکھنے اور آزمانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔ آج ملک کے مختلف شہروں میں اس کے متعدد اسٹور قائم ہوچکے ہیں۔ دیگر شہروں کےساتھ ممبئی میں بھی اس کے دو شانداراسٹور موجود ہیں جن میں سے ایک اسٹورلوئرپریل کے پلاڈیم مال میں جبکہ دوسرا کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی مال میں واقع ہے۔