قتل کی وارداتوں اور اپنی ذات میں الجھی ہوئی پولیس افسر کے ذریعہ انہیں حل کئے جانے کی کہانی کوایک مختلف پیرائے میں ڈھال کر پیش کرنے کی کوشش۔
EPAPER
Updated: July 05, 2026, 12:33 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
قتل کی وارداتوں اور اپنی ذات میں الجھی ہوئی پولیس افسر کے ذریعہ انہیں حل کئے جانے کی کہانی کوایک مختلف پیرائے میں ڈھال کر پیش کرنے کی کوشش۔
براؤن (Brown)
اسٹریمنگ ایپ: زی ۵(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: کرشمہ کپور، جیشو سین گپتا، اجنکیا دیو، سونی رازدان، ہیلن، شان، سوریہ شرما، میگھنا ملک، پریش پاہوجا، لتن گھئی
ڈائریکٹر: ابھینئے دیو
رائٹر: میوکھ گھوش، کنال کشواہا، سنینا کماری، ڈگی سیسودیا
پروڈیوسر: امیش کمار بنسل
موسیقی: گورو چٹرجی
سنیماٹو گرافر: اموگھ دیشپانڈے
ایڈیٹر: حذیفہ لوکھنڈوالا
کاسٹنگ ڈائریکٹر: کنال شاہ
ریٹنگ:***
او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پرجرائم اور سیریل کلرز کا خاتمہ کرنے والی خواتین پولیس افسران کی کہانیوں کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ یہ ایسے کردار ہوتے ہیں جو اپنی ذاتی زندگی میں کسی نہ کسی ماضی یا حال کے صدمے سے گزر رہے ہوتے ہیں، اس کے باوجود مجرموں کو قانون کے کٹہرے تک پہنچانے کے لیے پوری طرح پُرعزم رہتے ہیں۔ دہلی کرائم میں شیفالی شاہ سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ دہاڑ میں سوناکشی سنہا، کہرا سیزن۲؍میں مونا سنگھ اور دلدل میں بھومی پیڈنیکر تک پہنچا۔ اب اسی فہرست میں کرشمہ کپور کا نام بھی شامل ہو گیا ہے، جو زی ۵؍پر ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر سیریز براؤن میں اپنی فلمی شبیہ سے مختلف، ایک سنجیدہ اور پیچیدہ کردار میں نظر آتی ہیں۔
کہانی
اس سیریز کاپس منظر کولکاتا ہے۔ شہر میں اس وقت سنسنی پھیل جاتی ہے جب درگا پوجا کے دوران خاص اثر و رسوخ رکھنے والے صنعت کار دھیرج جیسوال (اجنکیا دیو) کی بیٹی اہانا جیسوال (ویبھوی ملہوترا)کو بے رحمی سے قتل کر دیا جاتا ہے۔ اس ہائی پروفائل مقدمے کی ذمہ داری ریٹا براؤن (کرشمہ کپور) کو سونپی جاتی ہے، جو ایک زمانےمیں محکمہ پولیس کی نہایت کامیاب اور مشہور افسر سمجھی جاتی تھیں۔ تاہم اب ریٹا اپنے ماضی کے تلخ تجربات، بدنامی اور شراب نوشی کی لت سے نبرد آزما ہیں۔ وہ اس کیس کی ذمہ داری لینے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں، لیکن بالآخر تفتیش کا آغاز کرتی ہیں۔
تحقیقات کے دوران ریٹا کو انسپکٹر ارجن سنہا (سوریہ شرما) کا تعاون حاصل ہوتا ہے۔ چونکہ معاملہ ایک بااثر خاندان سےمتعلق ہے، اس لیے پولیس پر زبردست دباؤ ہے اور میڈیا کی نظریں بھی اسی کیس پر مرکوز ہیں۔ جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھتی ہے، اہانا کے خاندان کے اندر چھپے تنازعات، بکھرتے رشتے اور کئی پوشیدہ راز منظرعام پر آنے لگتے ہیں۔ شک کی سوئی خاندان کے مختلف افراد اور ان کے قریبی لوگوں کی طرف گھومتی رہتی ہے۔ لیکن صورت حال اس وقت مزیدپیچیدہ ہو جاتی ہے جب اسی طرز کی ایک اور ہلاکت سامنے آتی ہے۔ اب پولیس کو ایک نہیں بلکہ دو یکساں قتل کی گتھی سلجھانی ہے۔ ریٹا اور ارجن کو احساس ہوتا ہے کہ شاید ان کا سامنا کسی سیریل کلر سے ہے۔ کئی پرتوں میں کھلنے والی یہ کرائم تھرلر ناظرین کو آخر تک اس سوال کے ساتھ باندھے رکھتی ہے کہ اصل مجرم کون ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’راکھ‘: ایک دردناک واقعہ کو پیش کرتی دردناک سیریز
ہدایت کاری
ہدایت کار ابھینو دیو ابتدائی منٹوں ہی میں درگا پوجا اور کولکاتا کی بھیگی ہوئی گلیوں کے ذریعے سیریز کا پراسرار اور سنسنی خیز ماحول قائم کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ اگرچہ کہانی کی رفتار کہیں کہیں سست محسوس ہوتی ہے، لیکن ہدایت کار نے جرائم کے سائے میں جینے والے کولکاتا کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا ہے، جہاں مرکزی کرداروں کے ساتھ شہر کی فضا اور روزمرہ کی سرگرمیاں بھی ایک الگ کردار کی حیثیت اختیارکر لیتی ہیں۔ اس کا بڑا سہرا سنیماٹوگرافر اموگھ دیشپانڈے کے سر جاتا ہے۔ ابھینو دیو نے اپنی کہانی کیلئےکولکاتا کا انتخاب کیا ہے، جو اس سیریز کو دوسری کہانیوں سے الگ شناخت دیتا ہے۔ تاہم آگے چل کر پلاٹ اسی روایتی ڈگر پر گامزن ہو جاتا ہے، جسے او ٹی ٹی پر کئی مرتبہ دیکھا جا چکا ہے یعنی ایک خاتون پولیس افسر، اس کی ذاتی کشمکش، محکمانہ سیاست اور میڈیا کا دباؤ۔
اداکاری
اداکاری کے اعتبار سے کرشمہ کپور پوری سیریز کی جان ثابت ہوتی ہیں۔ ان کی بے ترتیب جسمانی حرکات، بغیر میک اپ کے قدرتی روپ اور شراب نوشی کی عادت میں مبتلا پولیس افسر کا کردار نہایت حقیقی محسوس ہوتاہے۔ ایک مضبوط اور سخت گیر خاتون افسر کے اندر چھپی ہوئی ٹوٹ پھوٹ اور کمزوری کو انہوں نے بڑی مہارت سے پیش کیا ہے۔ سوریہ شرما بھی انسپکٹر ارجن سنہا کے کردار میں مکمل اعتماد کے ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں اور اداکاری کے میدان میں کرشمہ کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔ جیشو سین گپتا نے معالج سندیپ چکرورتی کے کردار میں اپنی مضبوط موجودگی کا احساس دلایا ہے، جبکہ اجنکیا دیو بھی دھیرج جیسوال کے کردار میں متاثر کرتے ہیں۔ سینئر اداکاراؤں سونی رازدان اور ہیلن کو اگرچہ محدود اسکرین ٹائم ملا ہے، لیکن ان کی موجودگی سیریز کے بوجھل ماحول میں کچھ ہلکا پن پیدا کرتی ہے۔ نتن گوسوامی کے کردار میں شان نے بھی کہانی کو ایک خوشگوار وقفہ فراہم کیا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ کرائم تھرلرز کے شوقین ہیں اور کرشمہ کپور کی بہترین اداکاری دیکھنا چاہتے ہیں، تو’براؤن‘ یقیناً آپ کے لیے ایک دلچسپ انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔