کپل شرما، نیتو کپور اور ردھیما کپور کی اس فلم کے ذریعہ ایک عمدہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ اپنے والدین کو تنہائیوں کا شکار نہ ہونے دیں۔
EPAPER
Updated: May 09, 2026, 11:33 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
کپل شرما، نیتو کپور اور ردھیما کپور کی اس فلم کے ذریعہ ایک عمدہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ اپنے والدین کو تنہائیوں کا شکار نہ ہونے دیں۔
دادی کی شادی (Daadi Ki Shaadi)
اسٹارکاسٹ: کپل شرما، نیتو سنگھ، آر سرتھ کمار، سعدیہ خطیب، ردھیما کپور، یوگراج سنگھ، تیجسوینی کولہاپورے، دیپک دتہ، نکہت خان
ڈائریکٹر: آشیش آر موہن
رائٹر: آشیش آر موہن، بنٹی راٹھور، ساحل شرما
پروڈیوسر: شردھا اگروال، اکشت لاہوریا، کومل شہانی
موسیقار: گلراج سنگھ
سنیماٹو گرافر: سریش بیسوینی، مارک نٹکنس
ایڈیٹر: پروتم کھائونڈ
پروڈکشن ڈیزائنر: نریندر راہوریکر
آرٹ ڈائریکٹر: پرمود شندے
ریٹنگ:***
والدین اپنے بچوں کو تن، من اور دھن سے سینچ کر بڑا کرتے ہیں، لیکن جب یہی بچے بڑے ہو جاتے ہیں تو اکثر اپنے بوڑھے ماں باپ کے لیے محبت اور احترام تو دور، وقت نکالنا بھی ضروری نہیں سمجھتے۔ اسی جذباتی موضوع پر بنائی گئی فلم’باغبان‘ آج بھی یاد کی جاتی ہے۔ اب مشہور کامیڈین کپل شرما نے اسی حساس کہانی کو مزاح کے رنگ میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ دیکھا جائے تو انہوں نے ایک صاف ستھری، خاندانی تفریح سے بھرپور فلم بنانے کی اچھی کوشش کی ہے، جس میں سماجی پیغام بھی شامل ہے، لیکن کئی مقامات پربے تکے مزاح کے باعث فلم کے جذباتی مناظر کمزور پڑ جاتے ہیں۔ اس فلم کے ذریعے رشی کپوراور نیتو کپورکی بیٹی ردھیما کپور ساہنی نےاداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ یہ فلم جمعہ، مدرز ڈے کے موقع پر ریلیز ہوئی ہے اور اس کی کہانی کے مرکز میں بھی ایک ماں ہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایک دن: عامر کے بیٹے جنید کی عمدہ اداکاری سے سجی ایک فلم
فلم کی کہانی
فلم کی کہانی شملہ میں رہنے والی وملا آہوجا(نیتو کپور)کے گرد گھومتی ہے، جو بیٹے، بیٹی، بہو، نواسے اور پوتوں پر مشتمل بھرے پورے خاندان کے باوجود تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کے بچے کئی برسوں سےان سے ملنے تک نہیں آئے۔ لیکن ایک دن ان کے بڑے بیٹے جیون(دیپک دتہ)کی بیٹی کنّو(سعدیہ خطیب)کی منگنی ٹونی کالرا(کپل شرما)کےساتھ ہو رہی ہوتی ہے کہ اچانک سوشل میڈیاکے ذریعے یہ خبر سامنے آتی ہے کہ ان کی ماں وملا بھی دوسری شادی کرنے جا رہی ہیں۔
ظاہرہے اس غیر متوقع خبرسے پورے خاندان میں ہنگامہ مچ جاتاہے۔ کنّو اور ٹونی کا رشتہ بھی ٹوٹنے کے قریب پہنچ جاتا ہے۔ ٹونی کےباؤ جی صاف لفظوں میں کہہ دیتے ہیں کہ اگر دادی شادی کریں گی تو وہ ان کی پوتی کو اس گھر میں داخل نہیں ہونے دیں گے، حالانکہ ٹونی کالج کے زمانے سے ہی کنّو سے یک طرفہ محبت کرتا آیا ہے۔
اس کے بعد کہانی ایک دلچسپ اور مزاحیہ ڈرامے میں بدل جاتی ہے۔ ٹونی اپنے عشق کو بچانے اور وملا کے دونوں بیٹے اپنی سماجی عزت برقرار رکھنے کے لیے پورے خاندان کے ساتھ شملہ پہنچ جاتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ دادی کی شادی کا اصل راز کیا ہے؟ کیا ٹونی اور اس کےگھر والے دادی کو دوسری شادی سے روک پاتے ہیں ؟ ان سب سوالوں کے جواب جاننے کے لیے فلم دیکھنی ہوگی۔
ہدایت کاری
رائٹر اور ڈائریکٹر آشیش آر موہن نے فلم کو کامیڈی، رومانس، جذبات اور خاندانی ڈرامے سے بھرپور بنانے کی پوری کوشش کی ہے، لیکن کہانی کی تحریر کمزور محسوس ہوتی ہے۔ اسکرین پلے میں کئی خامیاں نظر آتی ہیں۔ بعض ٹریک تو خاصے غیر منطقی لگتے ہیں، جیسے وملا کا جوا کھیل کر کروڑوں روپے ہار جانا اور پھر دہلی میں رہنے والے ان کے بیٹوں اور سنگاپور سے لوٹی ہوئی بیٹی (ردھیما کپور ساہنی)کا آسانی سے اس بات پر یقین کر لینا۔
یہ بھی پڑھئے: مرسی: مرضی کی موت کے موضوع پر سوال قائم کرنے والی فلم
اداکاری
مکالموں کے معاملے میں بھی وہ زور اور کاٹ نہیں ہے کہ ناظرین بے اختیار ہنس پڑیں۔ تاہم اداکاروں نے فلم کو کافی حد تک سنبھال لیا ہے۔ نیتو کپورمزاحیہ اور جذباتی دونوں طرح کے مناظر میں خوب جچتی ہیں۔ ان کے فرضی شوہرکرنل تھیرن دیوراجن کے کردار میں آر سرتھ کمارنے شاندار اداکاری کی ہے۔ دوسری طرف جیون کے کردار میں دیپک دتہ نے بھی متاثر کیا ہے۔ فلم کے ہیرو اور ہیروئن یعنی کپل شرما اور سعدیہ خطیب بھی مناسب اداکاری کرتے نظر آتے ہیں۔ ویسے کپل شرماکی شخصیت ایسی ہے کہ ان کی شخصیت واضح طور پر نظر آتی ہے۔ یہ ردھیما کپور ساہنی کی پہلی فلم ہے اور ان کی اداکاری میں تجربے کی کمی صاف محسوس ہوتی ہے۔ تاہم فلم کی سنیماٹوگرافی قابلِ تعریف ہے۔ مارک نٹکنس اور سریش بیس وینی کے کیمرے نے شملہ کی حسین وادیوں کو نہایت خوبصورتی سے قید کیا ہے، جبکہ گلراج سنگھ کا میوزک اوسط درجے کا ہے۔
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ ہلکی پھلکی مزاحیہ اور خاندانی تفریح سے بھرپور فلم دیکھنے کے خواہش مند ہیں تو’دادی کی شادی‘کو ایک موقع دیا جا سکتا ہے۔