Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایک دن: عامر کے بیٹے جنید کی عمدہ اداکاری سے سجی ایک فلم

Updated: May 02, 2026, 11:22 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس میں اداکاری تو بہترہے لیکن تکنیکی پہلو زیادہ اثردار ثابت نہیں ہوتے، اسکرین پلے کو مزید چست بنانے کی ضرورت تھی، سنیماٹوگرافی اچھی ہے۔

Junaid Khan and Sai Pallavi can be seen in a scene from the film `Ek Din`. Photo: INN
فلم’ایک دن‘کےایک منظر میں جنید خان اور سائی پلوی کودیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

ایک دن (Ek Din)
اسٹارکاسٹ: جنید خان، سائی پلوی، کنال کپور، کوین دوے، پرگتی مشرا، راہل دیواکر یادو، کین یاناگینوچی
ڈائریکٹر: سنیل پانڈے
رائٹر: اسنیہا دیسائی، اسپندن مشرا
پروڈیوسر: عامر خان، منصور خان، اپرنا پروہت، جنید خان
موسیقار: رام سمپت
سنیماٹو گرافر: منوج لوبو
ایڈیٹر: بلا سلوجا
پروڈکشن ڈیزائنر: پارل رائے، وکرم سنگھ
کاسٹیوم ڈیزائن: ارجن بھسین
ریٹنگ:***
شاندار اداکاری اور سب کچھ بہترین پیش کرنے میں یقین رکھنے والے عامر خان ایک فلم لے کر حاضر ہوئےہیں۔ حالانکہ وہ اس میں نظر نہیں آتےبلکہ پردے کے پیچھے ہی رہتے ہیں لیکن ان کے بیٹےجنید خان نے فلم میں اہم رول ادا کیا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ جنید خان کی اداکاری سے سجی یہ فلم توقعات پر پوری اترتی ہے یا نہیں۔ 
فلم کی کہانی
فلم کی کہانی دنیش عرف ڈینو(جنید خان)اور میرا(سائی پلوی) کے گرد گھومتی ہے، جو ایک ہی دفتر میں کام کرتے ہیں۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ میں کام کرنے والا دنیش ایک دبّو اور سادہ مزاج لڑکا ہے، جسے لوگ اکثر نظرانداز کر دیتے ہیں۔ وہ خود مذاق میں کہتا ہے کہ لوگ اسے دیکھ کر بھول جاتے ہیں۔ وہ میرا سے محبت تو کرتا ہے، مگر خود کو اس کے لائق نہیں سمجھتا، اسی لیے اپنے جذبات کبھی ظاہر نہیں کر پاتا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مرسی: مرضی کی موت کے موضوع پر سوال قائم کرنے والی فلم

دوسری طرف، میرا جو جاپانی ثقافت کی دلدادہ ہے، اپنے باس نکُل(کنال کپور)سے محبت کرتی ہے۔ نکُل اپنی شادی شدہ زندگی سے ناخوش ہونے کا بہانہ بنا کر اس سے ایک نئے رشتے کا وعدہ کرتا ہے۔ جاپان کے ایک آفس ٹرپ کے دوران سچائی سامنے آتی ہے کہ نکُل کی ازدواجی زندگی دراصل خوشحال ہے اور اس کی بیوی حاملہ بھی ہے۔ اس دھوکے سے میرا کا دل ٹوٹ جاتا ہے، اور نشے کی حالت میں ایک حادثے کا شکار ہو جاتی ہے۔ 
اسپتال میں پتہ چلتا ہے کہ اسے ٹی جی اے(ٹرانزینٹ گلوبل ایمنیشیا) ہو گیا ہے، یعنی وہ ایک دن کے لیے اپنی یادداشت کھو دیتی ہے۔ یہی ایک دن دنیش کے لیے ایک ایسا موقع بن جاتا ہے، جس میں وہ اپنے دل کی دنیا کو جینے کی کوشش کرتا ہے، ایک ایسا لمحہ، جو دونوں کی زندگی بدل سکتا ہے۔ 
ہدایت کاری
آج کے اس ڈیجیٹل دور میں، جہاں رشتے ایک کلک اور ایک سوائپ کے محتاج ہو چکے ہیں، ہدایتکار سنیل پانڈے کی’ایک دن‘ ایک روایتی، سادہ محبت کی کہانی لے کر آتی ہے۔ فلم کا پہلا حصہ کچھ حد تک سست محسوس ہوتا ہے، جہاں واقعات کی کمی کھلتی ہے، مگر دوسرے حصےمیں کہانی کچھ رفتار پکڑتی ہے اورہلکے پھلکے موڑ سامنے آتے ہیں۔ تاہم ایک مضبوط محبت کہانی کے لیے جو گہرا تصادم درکار ہوتا ہے، وہ پوری طرح ابھر نہیں آ پاتا۔ 
یادداشت کھونے والے پہلو کو بھی کہانی میں کچھ زیادہ سہولت کےساتھ استعمال کیا گیا ہے، جس سے اس کی گہرائی کم محسوس ہوتی ہے۔ اسکرین پلے میں مزید گرفت کی گنجائش نظرآتی ہے، اور موسیقی جو عموماً محبت کہانیوں کی روح ہوتی ہےیہاں رام سمپت کی دھنوں اور اریجیت سنگھ کی آواز کے باوجود وہ اثر پیدا نہیں کر پاتی، جس کی توقع تھی۔ اگرچہ ’ایک دن‘ اور’خواب دیکھوں ‘جیسے گانے نرم اور خوشگوار ہیں، مگر وہ دل میں بس جانے والا جادو نہیں جگا پاتے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھوت بنگلہ: ہارر کامیڈی کی صنف میں ایک اور اضافہ

البتہ منوج لوبوکی سنیماٹوگرافی فلم کی سب سے بڑی خوبی بن کر سامنے آتی ہے، جہاں جاپان کی برف پوش وادیاں آنکھوں کو سکون دیتی ہیں۔ کلائمکس کچھ جلدی میں سمیٹا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ 
اداکاری
اداکاری کے میدان میں فلم مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ جنید خان نے ایک سادہ اور دبّو لڑکے کے کردار کو نہایت سادگی سے نبھایا ہے اور اسے حقیقت کے قریب لے آئے ہیں۔ سائی پلوی اس فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھتی ہیں اور میرا کے کردار میں خوب جچتی ہیں۔ ان کا فطری انداز اور بغیر میک اپ کا روپ کردار کو ایک سچائی بخشتا ہے، اگرچہ اس کردار میں مزید گہرائی کی گنجائش تھی۔ کنال کپور اپنی محدود مگر اہم موجودگی کے ساتھ مناسب اثر چھوڑتے ہیں، جبکہ دیگر معاون اداکار بھی اپنے کرداروں کو ٹھیک طرح نبھاتے ہیں، مگر کہانی میں ان کے لیے زیادہ گنجائش نہیں رکھی گئی۔ 
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ سادہ، نرم اورروایتی محبت کہانیوں کے شوقین ہیں، تو ایک دن آپ کو ایک ہلکی سی خوشگوار کیفیت دے سکتی ہے۔ ورنہ، وقت کے دریچوں میں کہیں محفوظ قیامت سے قیامت تک کی بازگشت اب بھی کہیں زیادہ گہری اور دیرپا محسوس ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK