ڈیزائن نفیس اور سادہ ہے، وزن بھی کم ہے، کمرے میں روشنی مناسب معلوم ہوتی ہے باہر بڑھانا پڑتی ہے، پروسیسر، ریم اور اسٹوریج بھی ٹھیک ہیں۔
EPAPER
Updated: April 27, 2026, 12:23 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ڈیزائن نفیس اور سادہ ہے، وزن بھی کم ہے، کمرے میں روشنی مناسب معلوم ہوتی ہے باہر بڑھانا پڑتی ہے، پروسیسر، ریم اور اسٹوریج بھی ٹھیک ہیں۔
لیپ ٹاپ دو قسم کے ہوتے ہیں ایک وہ جو پہلی ہی نظر میں اچھے لگنے لگتے ہیں جبکہ دوسرے وہ جو پہلی نظر میں متاثر کرنے کی کوشش نہیں کرتے، بلکہ جتنا زیادہ آپ انہیں استعمال کرتے ہیں، اتنا ہی وہ دل میں جگہ بنا لیتے ہیں اور ڈیل ۱۵؍بھی کچھ ایسا ہی ہے۔
قیمت
ہندوستان میں اس کی ابتدائی قیمت ۶۹؍ہزار ۶۹۹؍روپے ہے، جبکہ۵۱۲؍جی بی ایس ایس ڈی والا ویریئنٹ اس وقت ۷۷؍ہزار ۸۹۰؍روپے میں دستیاب ہے۔
ڈیزائن
پہلی نظر میں یہ لیپ ٹاپ نمایاں ہونے کی کوشش نہیں کرتا۔ ایک بڑا ڈسپلے، فل سائز کی بورڈ (نمبر پیڈ کے ساتھ) اور ایک سادہ، نفیس ڈیزائن، بس یہی اس کی پہچان ہے۔ مگر جیسے جیسے آپ اسے استعمال کرتے ہیں، توجہ اس کے اندازسے زیادہ اس کی کارکردگی پر مرکوز ہو جاتی ہے۔ اس کا پولی کاربونیٹ باڈی میٹل کی نقل نہیں کرتی، جس سےیہ مصنوعی محسوس نہیں ہوتا۔ ہلکی میٹ فنش اسے اچھی گرفت دیتی ہے اور فنگر پرنٹس کو بھی کم نمایاں ہونے دیتی ہے۔ ۱ء۶۶؍ کلوگرام وزن کے ساتھ یہ ایک ۱۵؍انچ لیپ ٹاپ کے لیے متوازن ہے، نہ بہت ہلکا کہ بھول جائیں، نہ اتنا بھاری کہ بوجھ لگے۔
ڈسپلے
۱۵ء۶؍انچ کافل ایچ ڈی ڈسپلے میٹ فنش کے ساتھ آتا ہے اور ۳۰۰؍نٹس تک برائٹنس دیتا ہے۔ اندرونی استعمال کے لیے یہ کافی آرام دہ ہے، متن واضح نظر آتا ہے اور اینٹی گلیئر کوٹنگ واقعی کارآمد ثابت ہوتی ہے۔ البتہ تیز روشنی یا کھڑکی کے قریب استعمال کے دوران برائٹنس کو زیادہ بڑھانا پڑتا ہے۔ رنگوں کی گہرائی زیادہ متاثر کن نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ون پلس نورڈ ۶: مناسب قیمت میں بہترین کارکردگی اور متوازن تجربہ
کی بورڈ، ٹچ پیڈ اور دیگر خصوصیات
کی بورڈ کے ساتھ کام کرنا آسان ہے۔ فل سائز ڈیزائن اور نمبر پیڈخاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو دستاویزات یا اعداد و شمار کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ کیز کا سفر متوازن ہےنہ بہت کم، نہ زیادہ۔ کی اسٹروکس نرم ہیں، جس سے شور کم ہوتا ہےیہ خاص طور پر دفتر یا کالز کے دوران فائدہ مند ہے۔ ہنج کا زاویہ کلائیوں کو بہتر پوزیشن دیتا ہے، جس سے طویل استعمال کے دوران تھکن کم محسوس ہوتی ہے۔ ٹچ پیڈ بھی سادہ مگر مؤثر ہے۔ اسپیکرز بنیادی نوعیت کے ہیں آواز صاف ہے مگر بیس کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ ویڈیو کالز کیلئے ویب کیم اور مائیک مناسب کارکردگی دیتے ہیں، اگرچہ کم روشنی میں تصویر تھوڑی دھندلی ہو جاتی ہے۔
سافٹ ویئر
یہ لیپ ٹاپ ونڈوز ہوم۱۱؍پر چلتا ہے، اور تجربہ ویسا ہی ہے جیسا ایک عام ونڈوز لیپ ٹاپ میں ہوتا ہے۔ ڈیل کے اپنے ایپس جیسے آپٹیمائزراور سپورٹ اسسٹ پس منظر میں خاموشی سے کام کرتے ہیں اور غیر ضروری مداخلت نہیں کرتے۔
ہارڈویئر
انٹیل کور الٹرا ۵؍، ۱۶؍جی بی ڈی ڈی آر۵؍ ریم اور تیز رفتار ایس ایس ڈی کے ساتھ یہ لیپ ٹاپ روزمرہ کے کاموں میں کافی مستحکم کارکردگی دیتا ہے۔ ایپس جلدی کھلتےہیں، براؤزر ٹیبز کے درمیان سوئچنگ ہموار رہتی ہے، اور بیک گراؤنڈ میں ویڈیو کالز کے باوجود نظام سست محسوس نہیں ہوتا۔
بیٹری
۴۱؍ڈبلیو ایچ بیٹری کے ساتھ یہ لیپ ٹاپ تقریباً۴؍تا۵؍ چلتا ہے، ہلکے استعمال میں زیادہ اور بھاری کام میں کم۔ یہ پورے دن کے لیے کافی نہیں، مگر درمیان میں چارج کر کے کام جاری رکھا جا سکتا ہے۔ ۶۵؍ڈبلیوچارجر ہلکا ہے، اس لیے ساتھ رکھنا آسان ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۱۵ء۶؍انچ
سافٹ ویئر
ونڈوز ۱۱؍ہوم
پروسیسر
انٹیل کور الٹرا ۵
ریم
۱۶؍ جی بی، ڈی ڈی آر ۵
اسٹوریج
ایک ٹی بی تک
بیٹری
۳؍سیل والی ۴۱؍واٹ لیتھیم پولیمر
چارجنگ
۶۵؍واٹ اے سی ایڈیپٹر
فاسٹ چارجنگ
ایکسپریس چارج سپورٹ