نورڈ ۶؍ کوئی انقلابی تبدیلی نہیں لاتا، مگر یہ بھی نہیں لگتا کہ پچھلے ماڈل کو تھوڑا سا بدل دیا گیا ہو، اس میں واضح طور پر ون پلس ۱۵؍ کی جھلک نظر آتی ہے۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 1:41 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
نورڈ ۶؍ کوئی انقلابی تبدیلی نہیں لاتا، مگر یہ بھی نہیں لگتا کہ پچھلے ماڈل کو تھوڑا سا بدل دیا گیا ہو، اس میں واضح طور پر ون پلس ۱۵؍ کی جھلک نظر آتی ہے۔
ون پلس کی نورڈ سیریز ہمیشہ سے کمپنی کے پورٹ فولیو میں ایک خاص مقام رکھتی آئی ہے۔ یہ دراصل برانڈکی اپنی جڑوں کی طرف واپسی کی کوشش تھی یعنی مناسب قیمت میں بہترین کارکردگی اور متوازن تجربہ فراہم کرنا۔ مگر پچھلے کچھ عرصے میں ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ یہ چمک مدھم پڑ رہی ہے، کیونکہ مڈ رینج مارکیٹ اب ایک ایسی دوڑ بن چکی ہے جہاں صرف اسپیکس کی نمائش ہو رہی ہے۔ ۲۰۲۶ءمیں داخل ہوتے ہوئےون پلس نورڈ ۶؍کو اپنے اب تک کے سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے،پرزہ جات کی کمی اور بڑھتی قیمتوں کے باعث ’سستا‘ ہونا اب ایک نسبتی اصطلاح بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نتھنگ فون ۴؍اے پرو: قیمت بڑھی لیکن خصوصیات میں اضافہ نہیں
قیمت
ہندوستان میں اس فون کی قیمت ۸؍جی بی ریم اور۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج والے بیس ویریئنٹ کے لیے ۳۸؍ہزار ۹۹۹؍روپے سےشروع ہوتی ہے۔ یہ اپنے فلیگ شپ بھائی ون پلس ۱۵؍سے خاصا متاثر نظر آتا ہے اور اسی تجربے کو ایک قدرے کم قیمت پیکج میں پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ڈیزائن
نورڈ۶؍ کوئی انقلابی تبدیلی نہیں لاتا، مگر یہ بھی نہیں لگتا کہ بس پچھلے ماڈل کو تھوڑا سا بدل دیا گیا ہو۔ اس میں واضح طور پر ون پلس ۱۵؍کی جھلک نظر آتی ہے،صاف ستھری لکیریں اور ایک نیا مربع کیمرہ ماڈیول، جو نورڈ۵؍کے پرانے ڈیزائن سے مختلف ہے۔ یہ تبدیلی نہ صرف فون کو زیادہ نفیس بناتی ہے بلکہ میز پر رکھنے پر ہلنے والی شکایت کو بھی دور کرتی ہے۔کیمرہ ماڈیول میں ایلومینیم فنش دیا گیا ہے، جو بیک پینل کے ساتھ خوبصورت تضاد پیدا کرتا ہے۔ کمپنی نے اسے ۳؍ رنگوں میں پیش کیا ہے،ہولوگرافک کوئک سلور، فریش منٹ اور پچ بلیک۔
یہ بھی پڑھئے: آئی کیو ۱۵؍آر: عمدہ کارکردگی پیش کرنے والا اسمارٹ فون
ڈسپلے
یہ فون اپنے ڈسپلے کے معاملے میں واقعی متاثر کرتا ہے۔ ۶ء۷۸؍انچ کا۱ء۵؍کےامولیڈپینل ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے براہ راست فلیگ شپ سے لیاگیا ہو۔۱۶۵؍ہرٹزریفریش ریٹ اور ۱۸۰۰؍نٹس کی برائٹنس کے ساتھ ہر چیز نہایت واضح اور ہموار نظر آتی ہے۔ اگرچہ اس میں ڈولبی ویژن کی سپورٹ نہیں ہے، مگر روزمرہ استعمال میں اس کی کمی زیادہ محسوس نہیں ہوتی۔
ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر
کارکردگی کے معاملے میں نورڈ۶؍بنیادی چیزوں کو درست انداز میں پیش کرتا ہے۔ اس میںاسنیپ ڈریگون۸؍ایس، جنریشن ۴؍ چپ سیٹ دیا گیا ہے، جس کی بدولت فون تیز اور مستحکم محسوس ہوتا ہے۔ ایپس فوراً کھلتی ہیں، ملٹی ٹاسکنگ بغیر کسی رکاوٹ کے چلتی ہے، اور مجموعی تجربہ کافی ہموار رہتا ہے۔جبکہ اس میںاینڈرائڈ ۱۶؍پر مبنی آکسیجن او ایس ۱۶؍دیا گیا ہے جو ایک عمدہ او ایس ہے۔
کیمرہ
کیمرہ سیٹ اپ کوئی انقلابی قدم نہیں اٹھاتا، مگر روزمرہ استعمال کے لیے کافی ہے۔ اچھی روشنی میں تصاویر واضح اور متوازن رنگوں کے ساتھ آتی ہیں۔ کمپنی نے زیادہ قدرتی رنگوں پر زور دیا ہے، جو کئی صارفین کو پسند آئے گا۔ڈائنامک رینج مناسب ہے، جبکہ کم روشنی میں کارکردگی اوسط درجے کی ہے،تصاویر قابلِ استعمال ہوتی ہیں مگر تفصیل کچھ کم ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اوپوپیڈ ۵: اعلیٰ درجے کابڑی بیٹری والا ۱۲؍انچ کا ٹیبلٹ
بیٹری
بیٹری لائف اس سیریز کی سب سے بڑی تبدیلیوںمیں سے ایک ہے۔۹؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری کی بدولت فون ڈیڑھ دن آرام سے چل جاتا ہے، اور ہلکے استعمال میں دو دن سے بھی زیادہ ساتھ دیتا ہے۔چارجنگ بھی متاثر کن ہے۸۰؍واٹ سوپر وی او او سی فاسٹ چارجنگ کے ساتھ فون تقریباً ایک گھنٹہ میں مکمل چارج ہو جاتا ہے، جو اس بیٹری سائز کے حساب سے خاصا اچھا ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۶ء۷۸؍انچ
اینڈرائڈ ورژن
۱۶؍
پروسیسر
کوالکوم اسنیپ ڈریگون۸؍ ایس
ریم
۸؍ جی بی
اسٹوریج
۲۵۶؍ جی بی
مین کیمرہ
۵۰؍میگا پکسل+۸؍میگا پکسل
سیلفی کیمرہ
۳۲؍میگا پکسل
بیٹری
۹؍ہزار ایم اے ایچ