ناسک میں واقع یہ آبشارموسم کے لحاذ سےکئی سو فٹ کی بلندی سے ایک پرسکون تالاب میں گرتا ہے جو جنگل سے گھرا ہوا ہے۔
EPAPER
Updated: September 10, 2026, 12:32 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ناسک میں واقع یہ آبشارموسم کے لحاذ سےکئی سو فٹ کی بلندی سے ایک پرسکون تالاب میں گرتا ہے جو جنگل سے گھرا ہوا ہے۔
مہاراشٹر کو اگر آبشاروں کی سرزمین کہا جائے تو شاید غلط نہ ہوگا۔ خاص طور پر برسات کے موسم میں سہیادری کی پہاڑیوں کا منظر ہی بدل جاتا ہے۔ خشک اور بھورے دکھائی دینے والے پہاڑ سبز چادر اوڑھ لیتے ہیں، چھوٹی بڑی ندیوں میں پانی دوڑنے لگتا ہے اور پہاڑوں کی خاموشی کو آبشاروں کی گونج توڑنے لگتی ہے۔ ناسک ضلع میں ترمبکیشور کے قریب واقع دوگرواڑی آبشار بھی اسی قدرتی حسن کی ایک شاندار مثال ہے، جو برسات میں اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوتا ہے۔
محل وقوع
دوگرواڑی آبشار ناسک شہر سےتقریباً ۳۰؍ تا ۳۸؍کلومیٹر اور ترمبکیشور سے۸؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ ترمبکیشور روڈ پر اور جواہر روڈ سے۲؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ آبشار سپگاؤں نامی گاؤں کے قریب واقع ہے اور ترمبک-جواہر روڈ سے تھوڑا ہٹ کر ہے۔ ممبئی سے اس کا فاصلہ تقریباً ۱۷۷؍ کلومیٹر ہے۔
یہ بھی پڑھئے:وجرائی آبشار: سہیادری کے دامن میں گرتے پانی کا شاندارنظارہ
آبشار کی خصوصیات
یہ ایک دو درجوں والاآبشار ہے جو موسم کے لحاظ سے تقریباً ۳۰۰؍ سے ۴۵۰؍فٹ کی بلندی سے ایک پرسکون تالاب میں گرتا ہے، جو سہیادری کے جنگل سے گھرا ہوا ہے۔یہ اپنے بلند آبشار کے لیے مشہور ہے جو ایک چٹان پر سرسبز و شاداب ماحول اور پہاڑوں کے درمیان بہتی ہے۔
چونکہ بہت کم لوگ یہاں جاتے ہیں، اس لیے یہ جگہ بہت صاف ستھری اور غیر دریافت شدہ ہے۔ دوگرواڑی نسبتاً غیر دریافت شدہ رہتا ہے اور فطرت سے محبت کرنے والوں، ٹریکرز اور مہم جوؤں کے لیے ایک پرسکون پناہ گاہ فراہم کرتا ہے۔
یہاں جانے کا بہترین وقت
دوگرواڑی آبشار دیکھنے کا بہترین وقت جون سے ستمبر تک ہے جب زیادہ بارش ہوتی ہے۔ اس وقت آبشار اپنے عروج پر ہوتا ہے، زیادہ پانی بہتا ہے اور سرسبز ہریالی کے ساتھ ماحول انتہائی دلکش ہو جاتا ہے۔تاہم مانسون کے موسم میں احتیاط ضروری ہے۔ مانسون کے موسم میں لوگوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی جاتی ہے کیونکہ پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:بیکرے آبشار: ممبئی کے قریب سہیا دری میں چھپا ایک خوبصورت آبشار
ٹریکنگ اور راستہ
سپگاؤں پارکنگ لاٹ سے آبشار تک پہنچنے کیلئے تقریباً ۲؍کلومیٹر پیدل چلنا پڑتاہے۔ آبشار تک ٹریکنگ میں تقریباً۲؍ گھنٹے لگتےہیں اور یہ ٹریکنگ کھڑی اور پھسلن بھری ہو سکتی ہے، اس لیے مناسب جوتے پہننے اور پانی ساتھ رکھنے کی تجویز دی جاتی ہے۔ گھنے جنگلات، چھوٹی ندیوں اور پتھریلے راستوں سے گزرنےکایہ سفر سنسنی اور ایڈونچر سے بھرپور ہے۔ راستے میں پرندوں کی چہچہاہٹ اور ہر طرف پھیلا سکوت ذہن کو تازگی بخشتا ہے۔
ایک سیاح کے تجربے کے مطابق، آبشار کی بنیاد تک ٹریک آرام دہ رفتار سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل ہوتی ہے، جس میں تصویریں کھینچنے اور خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے کئی مواقع ملتے ہیں، جبکہ واپسی کا سفر تقریباً ایک گھنٹہ لیتا ہے۔ اگر آپ دریاکے راستے پر چلیں تو آپ پہاڑیوں سے گزریں گے جو شاندار مناظر پیش کرتی ہیں۔
ممبئی سے یہاں کیسے پہنچیں
ممبئی سے ناسک تک بس یا ٹرین کے ذریعے سفر کریں (قریب ترین ریلوے اسٹیشن ناسک روڈ ہے)۔ناسک سے ترمبکیشور تک مقامی بس یا شیئرڈ گاڑی دستیاب ہے۔ٹرمبکیشور سے سپگاؤں تک کا سفر ٹیکسی یا نجی گاڑی کرایہ پر لے کر مکمل کرنا بہتر رہتا ہے، کیونکہ اس آخری حصے میں پبلک ٹرانسپورٹ محدود ہے۔
بذریعہ سڑک ممبئی سے ناسک قومی شاہرا ۱۶۰؍ سے، ناسک سے سپگائوں تک قومی شاہرا ۸۴۸؍ سےسفر کریں۔ یہاں گاڑی پارک کرکے جنگل کے راستےڈیڑھ تا۲؍کلومیٹر پیدل چلنا ہوگا۔