• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیب انڈیا: ایک ایسا برانڈ جہاں ضروریات زندگی کی ہر چیز ملتی ہے

Updated: October 07, 2025, 1:37 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کےاسٹورز میں خواتین،مردوں اور بچوںکے کپڑوں کے علاوہ گھریلو استعمال، فرنیچر، ذاتی نگہداشت کے ساتھ کھانے پینے کا سامان بھی ملتا ہے

The image below shows the Fab India showroom at R City Mall in Ghatkopar, which is decorated with a variety of goods. Photo: INN
زیر نظر تصویر میں گھاٹکوپر میں واقع آر سٹی مال میں موجود فیب انڈیا کا شوروم دیکھا جاسکتا ہے جس میں مختلف قسم کا سامان سجا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
زمانہ چاہے جتنا بھی بدل جائے، فیشن کے اس دوڑتے بھاگتے جہان میں کچھ نام ایسے ہوتے ہیں جو وقت کے ساتھ مٹنے کے بجائے اور زیادہ نکھرتے جاتے ہیں۔ انہی میں ایک معتبر، سادہ مگر شاندار نام ہےفیب انڈیا (Fabindia)، وہ برانڈ جس نے ہندوستان کے دیہی ہنر، دستکاری اور روایت کو شہری ذوق اور عالمی معیار کے ساتھ جوڑ کر ایک نئی پہچان بنائی۔
آغاز اور بنیاد
فیب انڈیا کی بنیاد۱۹۶۰ءمیںرکھی گئی۔ اس کے بانی جان بسّل (John Bissell) تھے، ایک امریکی جنہیں ہندوستان کی مٹی، ہنر اور روایتی دستکاری سے عشق تھا۔ وہ’فورڈ فاؤنڈیشن‘کے ذریعے ہندوستان آئے اور یہاں کے کاریگروں کی مہارت سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے طے کیا کہ ان کے بنے ہوئے خوبصورت کپڑوں، فرنیچر اور دستکاری کو عالمی بازار تک پہنچایا جائے۔یوں نئی دہلی میں فیب انڈیا کا پہلا دفتر وجود میں آیا، جو ابتدا میں صرف برآمدات کے لیے کام کرتا تھا۔
۱۹۷۶ءمیں فیب انڈیا نے پہلا ریٹیل اسٹور دہلی کے گریٹر کیلاش میں قائم کیا۔ یہ وہ لمحہ تھا جب فیب انڈیا نے صرف برآمد کنندہ کے بجائے ایک مکمل ہندوستانی برانڈ کے طور پر خود کو منوایا۔جان بسّل کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے ولیم نندا بسّل نے اس وراثت کو آگے بڑھایا۔ آج فیب انڈیا ہندوستان کے نجی فیشن و ہوم ڈیکور سیکٹر کا سب سے معتبر نام ہے، جس کی شاخیں نہ صرف پورے ملک بلکہ بیرونِ ملک بھی موجود ہیں۔
خصوصیات
فیب انڈیا کی کامیابی صرف لباس تک محدود نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک نظریہ ہے۔ اس کا اصل فلسفہ یہ ہے کہ روایتی ہندوستانی ہنر کو جدید تقاضوں کے ساتھ زندہ رکھا جائے۔یہ برانڈ ملک بھر کے دیہی کاریگروں، بنکروں اور ہنرمندوں کے ساتھ براہِ راست کام کرتا ہے۔ کپڑوں کی تیاری میں روایتی تکنیک جیسے ہینڈلوم بنائی، بلاک پرنٹنگ، بندھنی اور آئینہ کاری شامل ہوتی ہے، مگر انہیں جدید تراش خراش اور رنگوں کے امتزاج سے نیا روپ دیا جاتا ہے۔فیب انڈیا کی مصنوعات میں صرف ملبوسات ہی نہیں بلکہ گھر کی سجاوٹ، فرنیچر، قدرتی مصنوعات، جڑی بوٹیوں سےتیار شدہ اشیاء، کچن ویئر اور ذاتی نگہداشت کی مصنوعات بھی شامل ہیں۔ہر چیز میں ایک بات مشترک ہے، قدرتی پن، سادگی اور خالص ہندوستانیت۔یہ برانڈ’پائیداری‘کے اصول پر بھی کاربند ہے۔ یعنی نہ صرف ماحول کا خیال رکھا جاتا ہے بلکہ ہر کاریگر کو منصفانہ معاوضہ اور عزت دی جاتی ہے۔ یہی اخلاقی بنیادیں فیب انڈیا کو دوسروں سے ممتاز بناتی ہیں۔
ممبئی میں اسٹور
ممبئی میں فیب انڈیا کے متعدد اسٹورز موجود ہیں جو مختلف مالز، مارکیٹوں اور اعلیٰ تجارتی علاقوں میں۲۳؍ شوروم قائم ہیں جن میں سے کچھ یوں ہیں کہ کھار دانڈا کے جنکشن پر، لوئر پریل کے  فنکس پلاڈیم مال میں،واشی  ریلوے اسٹیشن کے قریب، گوریگائوں میں ہائی وے کے قریب،گھاٹکوپر ایل بی ایس روڈ، ملاڈ کے انفنیٹی مال میں،تھانے میں، کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی میں،اندھیری کےڈی بی مال میں، باندرہ کے اندر ٹرنر روڈ پر،گھاٹکوپر کے آر سٹی مال میں،اندھیری کے ویرا دیسائی روڈ پر،تھانے کے آر مال کے سامنے، پوائی کے ہائیکو مال میں، چمبور میں، کھار  میں سیکرڈ ہارٹ اسکول کے سامنے،بوریولی کے اسکائی سٹی مال میں،باندرہ ایسٹ  میں ایم آئی جی کلب کے قریب،قلابہ میں کالا گھوڑا کے قریب، ولے پارلے میں گروارے ہائوس کے قریب،ورلی میں آکیا اسٹور کے قریب، گرگائوں میں ریلائنس اسپتال کے قریب اور دادر ٹی ٹی سرکل پر ان کا اسٹور  ہے۔
یہاں کی مصنوعات
یہاں خواتین،مردوں،بچوں کے کپڑوں کے علاوہ فرنیچر، گھریو استعمال  ، ذاتی نگہداشت،کھانے پینے تک کا سامان ملتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK