• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پینٹالون: جدیدطرز کے ہندوستانی رنگ والے ملبوسات کا مرکز

Updated: October 14, 2025, 12:33 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کےاسٹورز میں خواتین،مردوں اور بچوںکے کپڑوں کے علاوہ گھریلو استعمال کا سامان بھی ملتا ہے، اس کے علاوہ ذیلی برانڈس بھی دستیاب ہیں۔

Pantaloons store at Phoenix Mall in Lower Parel. Photo: INN
لوئرپریل میں واقع فنکس مال میں موجود پینٹالون کا اسٹور۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کی ریٹیل دنیا میں اگر کسی برانڈ نے عام خریدار سے لے کر فیشن کے شوقین نوجوانوں تک کو اپنی گرفت میں لیا ہے تو وہ ہے ’پنٹالونز‘ (Pantaloons)، ایک ایسا نام جو آج سستے، دلکش اور جدید فیشن کا مترادف بن چکا ہے۔ اس برانڈ نے نہ صرف ہندوستانی ملبوسات کے تصور کو نیا رخ دیا بلکہ خریداروں کو ایک ہی چھت کے نیچے مغربی اور روایتی لباس کے شاندار امتزاج سے روشناس کرایا۔
آغاز اور بنیاد
پینٹالون کا قیام۱۹۹۷ءمیں ہوا۔ یہ دراصل فیوچر گروپ کا ایک خواب تھا، جس کے بانی کشور بیانی نےہندوستانی خریدار کے بدلتے مزاج کو سمجھ کر ایک نیا فیشن انقلاب برپا کرنے کا عزم کیا۔ اس زمانے میں ملک میں ریٹیل فارمیٹ کی دکانوں کاتصور بہت نیا تھا، لیکن پینٹالون نے اسے حقیقت میں بدل دیا۔ کمپنی نے کولکاتا میں اپنی پہلی دکان کھولی، جو بعد میں ملک بھر میں ایک سلسلہ بن گئی۔
پینٹالون نے جلد ہی اپنے جدید مگر سستے فیشن کے باعث عوامی مقبولیت حاصل کرلی۔ برانڈ کا مقصد صرف کپڑے بیچنا نہیں تھا بلکہ لوگوں کو ایک بہتر لائف اسٹائل دینا تھا، جس میں جدیدیت اور ہندوستانی رنگ ایک ساتھ جلوہ گر ہوں۔
برانڈ کی ترقی اور ملک گیر توسیع
پینٹالون نے۲۰۰۰ءکی دہائی میں تیزی سے توسیع کی۔ اس کے اسٹورز تقریباً ہر بڑے شہر میں کھلنے لگے یعنی دہلی، ممبئی، کولکاتا، بنگلورو، پونے، چندی گڑھ اور ناگپور سمیت کئی شہروں میں۔ ۲۰۱۲ء میں  پینٹالون کی کہانی میں ایک نیا موڑ آیا جب آدتیہ برلا گروپ  نے اسے خرید لیا۔ اس کے بعد برانڈ کو ایک نیا کارپوریٹ ڈھانچہ، سرمایہ، اور عالمی معیار کی انتظامی سمت ملی۔ اسی کے ساتھ نام’پینٹالون فیشن اینڈ ریٹیل لمیٹڈسے بدل کر’آدتیہ برلا فیشن اینڈ ریٹیل لمیٹڈرکھا گیا۔
ممبئی میں اسٹور
آج پینٹالون کے ہندوستان بھر میں ۴۰۰؍سے زیادہ اسٹورز ہیں، جن میں سے صرف ممبئی میں تقریباً ۲۵؍سے زائد اسٹورز موجود ہیں۔ ممبئی میں اس کے اسٹور لوئر پریل کے ہائی اسٹریٹ فینکس مال میں،ملاڈ کے انفنیٹی مال میں، اندھیری کے انفنیٹی مال میں، بوریولی کے ایس وی روڈ پر سری ولبھ شاپنگ سینٹر میں، ڈومبیولی کے ایکسپیریا مال میں،دادر کے اسٹار مال میں،گھاٹکوپر کے آر سٹی مال میں،سی ووڈ کے ایل اینڈ ٹی مال میں،بھائندر کے میکسس مال میں،کھارگھر کے لٹل ورلڈ مال میں،چمبور میں واقع کے اسٹار مال میں،باندرہ کے ہل روڈ پر، دادر کے کوہ نور اسکوائر میں،وسئی کے دی کیپٹل بائی لیک شور میں،کاندیولی کے وورا اسکائی لائن میں،میراروڈ ٹھاکر مال کے قریب واقع درویش ہوریزون میں،ویرار کے سدھی آرکیڈ میں،تھانے کے ویویانا مال میں، کلیان کے میٹرو جنکشن مال میں اس کے اسٹور موجود ہیں جہاں سے آپ اپنی مرضی کے مطابق یا ضرورت کے حساب سے مصنوعات خرید سکتے ہیں ۔ 
مصنوعات اور خصوصیات
پینٹالون کی اصل طاقت اس کی مصنوعات کی ورائٹی اور عوامی قیمتوں میں ہے۔ یہاں مردوں، عورتوں اور بچوں کے لیے مغربی لباس، روایتی ملبوسات، جینز، شرٹس، کرتیاں، ساڑیاں، ایتھنک ویئر، بیلٹس، جوتے اور ایکسیسریز سب دستیاب ہیں۔یہ برانڈ مختلف ذاتی سب برانڈز کے تحت بھی مصنوعات پیش کرتا ہے جس میں نوجوانوں کے جدید اسٹائل کیلئے آر آئی جی، اسپورٹس اور کیزوئل ملبوسات کیلئے اجائل(Ajile )، خواتین کے ایتھنک ویئر کیلئے تریشا،جینز کے شوقین طبقے کیلئے ایس ایف جینز، نوجوانوں کا پسندیدہ فیشن لائن کیلئے بیئر ڈینم نامی برانڈ موجود ہے۔
پینٹالون کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ہندوستانی مزاج اور عالمی فیشن ٹرینڈز کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ چاہے تہوار کا موقع ہو یا دفتر کا لباس، عام خریداری ہو یا پارٹی ویئر،ہر ضرورت کا جواب پینٹالون کے اسٹور پر موجود ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK