Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہے جوانی تو عشق ہونا ہے: تفریح کے لحاظ سے یہ فلم دیکھی جاسکتی ہے

Updated: June 06, 2026, 12:21 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

یہ ڈیوڈ دھون اسٹائل کی نمائندہ فلم ہے، اگر آپ روزمرہ کی الجھنوں سے کچھ وقت کیلئے نکلنا چاہتے ہیں تو یہ فلم مناسب ہے۔

The film stars Varun Dhawan, Mrunal Thakur and Pooja Hegde in key roles. Photo: INN
فلم کے کلیدی کردار ورون دھون، مرنال ٹھاکر اور پوجا ہیگڑے۔ تصویر: آئی این این

ہے جوانی تو عشق ہونا ہے
(Hai Jawani Toh Ishq Hona Hai)
اسٹارکاسٹ: ورون دھون، مرنال ٹھاکر، پوجا ہیگڑے، منیش پال، چنکی پانڈے، جمی شیر گل، مونی رائے اور راکیش بیدی 
پروڈیوسر: رمیش تورانی
موسیقار: تنشک باغچی، جاوید محسن، گل مچھرئی، راجو سنگھ
سنیماٹو گرافر: ایاننکا بوس
ایڈیٹر: رتیش سونی
ریٹنگ:**
جب ناظرین ڈیوڈ دھون کی فلمیں دیکھتے ہیں تو وہ ہنسی تلاش کرتے ہیں بھلے اس کا کوئی سبب نہ ہو۔ غلط فہمیاں، رشتوں میں اتار چڑھاؤ، افراتفری اور بہت سی الجھنیں ان کی فلموں کی خاصیت رہی ہیں۔ ’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘ ایسی ہی فلم ہے۔ یہاں کہانی کی بجائے کرداروں کو پیش آنے والے حالات زیادہ معنی رکھتے ہیں جو رفتہ رفتہ پیچیدہ ہوجاتے ہیں، نشیب و فراز سے گزرتے ہیں اور ناظرین کو ہنسنے پر مجبور کرتے ہیں۔ فلم میں تفریح کے کچھ اچھے لمحات ضرور ہیں لیکن ان کیلئےکافی انتظار کرنا پڑتا ہے۔ 
فلم کی کہانی
جس ایک خوش مزاج لیکن بے حد جوشیلا انسان ہے۔ اس کی بیوی بانی اس سے محبت تو کرتی ہے لیکن اس کی ضروریات اور خیالات کے ساتھ تال میل نہیں بٹھا پاتی۔ جس باپ بننا چاہتا ہے جبکہ بانی اس کی جلد بازی اور مسلسل دباؤ سے تنگ آچکی ہے۔ حالات اتنے خراب ہو جاتے ہیں کہ وہ جس کو طلاق دینے کا فیصلہ کرتی ہے۔ اپنے ٹوٹے ہوئے رشتے سے باز آنے کی کوشش میں جس کی زندگی میں پریت کی ا نٹری ہوتی ہے۔ دونوں قریب آتے ہیں اور جس کو لگتا ہے کہ زندگی دوبارہ پٹری پر آ رہی ہے لیکن ڈیوڈ دھون کی فلم میں چیزیں ہمیشہ اتنی آسان نہیں ہوتیں۔ اصل افراتفری اس وقت شروع ہوتی ہے جب بانی اور پریت دونوں حاملہ ہو جاتی ہیں ۔ اس کے بعد فلم کھلتی ہے اور غلط فہمیوں، جھوٹ چھپانے کی کوششوں اورگدگدانے والے حالات کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔ کہانی دلچسپ ہونےکی بجائے کنفیوژنگ ہوجاتی ہے اوریہی اس کا سب سے بڑا تفریحی پہلو ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دی گریٹ گرینڈ سوپر ہیرو: بچوں کی فلم جسے بڑے بھی دیکھ سکتے ہیں

فلم میں اداکاری
ورون دھون فلم کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہیں دیکھ کر ان کے پرانے مزاحیہ اوتارکی یاد آتی ہے۔ بھاگتے، چھپتے، جھوٹ بولتے اور پھر اسی جھوٹ میں پوری طرح پھنستے کردار کو انہو ں نے پوری توانائی کے ساتھ نبھایا ہے۔ جب بھی فل رفتار دھیمی پڑتی ہے، ورون اپنی موجودگی سے اسے سنبھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مرونال ٹھاکر کے پاس کرنے کو بہت کچھ نہیں ہے لیکن انہوں نے اپنے کردار کو وقار کے ساتھ نبھایا ہے۔ بانی کے طور پر، وہ اکثر کہانی میں سب سے زیادہ سمجھدار کردار نظرآتی ہیں۔ پوجا ہیگڑے کا کردار کہانی میں ایک بڑا موڑ لاتا ہے۔ وہ اسکرین پر بہت خوبصورت لگ رہی ہیں اور ورون کے ساتھ ان کی کیمسٹری اچھی ہے۔ تاہم، اسکرین پلے انہیں محض کہانی کی الجھن میں اضافہ کرنے تک محدود رکھتا ہے۔ فلم میں منیش پال جہاں بھی آئے ہیں، مسکراہٹ کا سبب بنے ہیں۔ قلق صرف اتنا ہے کہ انہیں زیادہ اسکرین ٹائم نہیں ملا۔ جمی شیرگل نے اپنے سنجیدہ کردار سے متاثر کیا ہے۔ اس کے علاوہ مونی رائے کا کردار چھوٹا ہے لیکن کچھ اچھے مزاحیہ لمحات فراہم کرتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: چاند میرا دل: شادی سے پہلے نہیں بلکہ بعد کے پیار کی کہانی ہے

ہدایت کاری اور تکنیکی پہلو
ڈیوڈ دھون اپنےپرانے رنگ میں نظر آتے ہیں۔ انہیں پتہ ہےکہ ناظرین ان کے نام پر سنجیدہ سنیما دیکھنے نہیں آتے۔ اس لیے وہ فلم کو شروع سے ہی مکمل تفریحی موڈ میں رکھتے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ فلم کا پہلا ہاف بہت سست ہے۔ بہت سے مزاحیہ سین کچھ خاص اثر نہیں کرتے اور لگتا ہے کہ کئی مناظر صرف وقت گزارنے کیلئے ڈالے گئے ہیں ۔ انٹرویل کے بعد، کہانی تھوڑا رفتار پکڑتی ہےاور کچھ مناظر یقینی طورپر ہنسنے پر مجبور کرتے ہیں ۔ فرہاد سامجی کے مکالموں میں کچھ اچھے وَن لائنر ہوتے ہیں لیکن پرانےاندازکے کئی مناظر بوجھل محسوس ہوتے ہیں ۔ تکنیکی طور پر فلم رنگین اور شاندار نظر آتی ہے۔ لندن کے مقامات، روشن فریم اور بڑے سیٹ اسکرین پر اچھے لگتے ہیں۔ ایڈیٹنگ کمزورہے۔ 
کیوں دیکھیں 
اگر آپ ڈیوڈ دھون طرز کی ہلکی پھلکی کامیڈی کے پرستار ہیں تو یہ فلم آپ کیلئے موزوں ہے لیکن اگر آپ کسی مضبوط کہانی یا کسی فلم کے ذریعے کسی نئے پیغام کی توقع کے ساتھ فلم دیکھیں گے تو شاید آپ مایوس لوٹیں گے۔ فلم کا زیادہ تر انحصار ورون دھون کی مزاحیہ ٹائمنگ پر ہے۔ فلم ضرورت سے زیادہ لمبی ہے۔ کچھ وقت کیلئے روزمرہ کی الجھنوں سے نکلنے کیلئےیہ فلم دیکھی جاسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK