Inquilab Logo Happiest Places to Work

دی گریٹ گرینڈ سوپر ہیرو: بچوں کی فلم جسے بڑے بھی دیکھ سکتے ہیں

Updated: May 30, 2026, 11:27 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

عام طور پر بچوں کیلئے فلمیں بہت کم بنتی ہیں اورجوبنتی بھی ہیں وہ قابل ذکر نہیں ہوتی لیکن جیکی شراف کی موجودگی سے یہ فلم کچھ خاص ہوجاتی ہے۔

Jackie Shroff can be seen in a scene from the film `The Great Grand Superhero: Aliens`. Photo: INN
فلم’دی گریٹ گرینڈ سوپر ہیرو:ایلینز کا آگمن‘کے ایک منظر میں جیکی شراف کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

دی گریٹ گرینڈ سوپر ہیرو: ایلینز کا آگمن
(The Great Grand Superhero: Aliens Ka Aagman)
اسٹارکاسٹ: جیکی شراف، میہیر گوڈبولے، درگیش کمار، جیہان جیتندر ہوڈار، پرتیک اسمیتا پاٹل، بھاگیہ شری پٹوردھن، شرت سکسینہ
ڈائریکٹر اور رائٹر: منیش سینی
پروڈیوسر: امیش کمار بنسل، منیش سینی
موسیقار: پارتھ پانڈیا، اجے جینتی
سنیماٹو گرافر: سواتی دیپک، پی ایم انی کرشنن، آدرش پرجاپتی
ایڈیٹر: دیپا بھاٹیا
ریٹنگ:****
ہندوستانی سنیما کو وجود میں آئے ایک سو بارہ برس سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، لیکن بچوں کے لیے بنائی جانے والی فلموں کے میدان میں آج بھی انگلیوں پر گنی جانے والی چند فلمیں ہی سامنے آ سکی ہیں۔ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’چڑیا‘کے بعد اب ’دی گریٹ گرینڈ سپرہیرو: ایلینز کا آگمن‘کے روپ میں بچوں کو مرکز میں رکھ کر بنائی گئی ایک اور فلم سنیما گھروں کی زینت بنی ہے۔ جیکی شراف کی موجودگی اس فلم کو خاص بناتی ہے اور اس کی آمد ایک خوشگوار احساس پیدا کرتی ہے۔ اگرچہ فلم کی فینٹسی بعض مقامات پر بچوں جیسی اور قدرے سادہ محسوس ہوتی ہے، لیکن جیکی شراف جیسے تجربہ کار اور فطری اداکار کی اداکاری اور کم عمر فنکاروں کی سچی پرفارمنس اسے دلچسپ اور تفریح بخش بنا دیتی ہے۔ 
فلم کی کہانی
فلم کی کہانی دیپو (میہیر گوڈبولے) اور اس کے دادا جگدیش چندر(جیکی شراف) کے گرد گھومتی ہے۔ والد کے تبادلے کے بعد جب دیپو ایک نئے اسکول میں داخل ہوتا ہے تو اسے نئے دوست بنانے اور خود کو دوسروں سے ممتاز ثابت کرنے کی فکر لاحق رہتی ہے۔ اسی کوشش میں وہ اپنے ہم جماعتوں سے دعویٰ کر بیٹھتا ہے کہ اس کے دادا کوئی عام انسان نہیں بلکہ ایسے سپرہیرو ہیں جو زمین کو ایلینز کے حملوں سے بچاتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: چاند میرا دل: شادی سے پہلے نہیں بلکہ بعد کے پیار کی کہانی ہے

دیپو صرف اتنا ہی نہیں کہتا بلکہ یہ بھی بتاتا ہے کہ اگر اس راز کو اٹھارہ سال سے زیادہ عمر کے کسی شخص کو بتا دیا جائے تو اس کے دادا اپنی تمام سپرطاقتیں کھو دیں گے۔ اس کا نیا دوست لڈو (شیوانگ چورگے) اس بات پر آنکھ بند کرکے یقین کر لیتا ہے، لیکن چانکیہ (جہان جتیندر ہوڈار) کو اس دعوے پر شک رہتا ہے۔ دوسری جانب، جو دادا ایک چھپکلی سے بھی ڈر جاتے ہیں، ان کی حقیقت چھپانے کیلئے دادا اور پوتا نت نئی تدبیریں اختیار کرتے ہیں۔ 
کہانی میں اصل موڑ اس وقت آتا ہے جب واقعی دو ایلینز (سہرش شکلا اور کمار سوربھ) زمین پر آ پہنچتے ہیں۔ وہ خبردار کرتے ہیں کہ ایلینزکی ایک بہت بڑی فوج زمین پر قبضہ کرنے کیلئےآنے والی ہے۔ اب سب کی امیدیں جگدیش چندر پر آ ٹکتی ہیں، حالانکہ وہ شوگر، کمر درد اور کمزور ہڈیوں جیسی عمر رسیدگی کی عام پریشانیوں میں مبتلا ایک سادہ بزرگ ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا جگدیش چندر واقعی کوئی سپرہیرو ہیں یا یہ صرف بچوں کے تخیل کی پیداوار ہے؟ اور اگر ایلینز حملہ کر دیں تو کیا وہ زمین کو بچا پائیں گے؟ ان سوالات کے جواب جاننے کے لیے فلم دیکھنا ضروری ہوگا۔ 
ہدایت کاری
قومی ایوارڈ یافتہ گجراتی فلم ساز منیش سینی کی یہ فلم ناظرین کو بچپن کی اس خیالی دنیا میں لے جاتی ہے جہاں ہر بچہ یہ یقین کرنا چاہتا ہےکہ اس کے آس پاس کوئی نہ کوئی سپرہیرو ضرور موجود ہے جو اپنی غیر معمولی طاقتوں سے ہر مشکل کا حل نکال سکتا ہے۔ یہ فلم دادا دادی اور نانا نانی کی سنائی ہوئی پراسرار اور حیرت انگیز کہانیوں کی یاد بھی تازہ کر دیتی ہے۔ فلم کا پہلا حصہ کافی دلچسپ اور پرلطف ہے، لیکن دوسرے حصے میں کہانی کچھ بکھری ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ تاہم، دو ایلینز کی آمد کے بعد فلم میں دوبارہ جان آ جاتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کرتَویہ میں سیف علی خان نے اداکاری میں اپنا فرض پوری طرح ادا کیا ہے

اداکاری
اداکاری کے اعتبار سے یہ فلم دل جیت لینے والی ثابت ہوتی ہے۔ بڑھاپے کی کمزوریوں اور لوگوں کی سپرہیرو جیسی توقعات کے درمیان پھنسے دادا کے کردار کو جیکی شراف نے اپنی عمدہ اداکاری سے نہایت دلچسپ بنا دیا ہے۔ پوتے دیپو کے کردار میں میہیر گوڈبولے کے ساتھ ان کی ہم آہنگی فلم کی دلکشی میں اضافہ کرتی ہے۔ بچوں کی اس فلم میں کم عمر اداکاروں کی پوری ٹیم قابل تعریف ہے۔ ایلین ولن کےکردار میں پرتیک اسمتا پاٹل اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ 
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ اپنے بچپن کی یادوں کو تازہ کرنا چاہتے ہیں، معصومیت سے بھرپور اور ہلکی پھلکی تفریحی کہانی دیکھنے کے خواہش مند ہیں، تو یہ فلم آپ کے لیے ایک اچھا انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ ایسی فلم ہے جسے صرف بچے ہی نہیں بلکہ پورا خاندان مل کر دیکھ سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK