Updated: November 14, 2026, 10:11 PM IST
| Madrid
وولف ٹیکنالوجی کو مسترد نہیں کرتیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اے آئی طب جیسے شعبوں میں بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر وہاں جہاں ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ اصل خطرہ حد سے زیادہ انحصار سے پیدا ہوتا ہے۔ اگر لوگ بیرونی ٹولز پر بہت زیادہ بھروسہ کرنے لگیں تو وہ یہ جانچنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں کہ سچ کیا ہے اور خود اپنا علم کیسے تخلیق کرنا ہے۔ وولف کسی بھی ذریعے پر گہرائی سے پڑھنے کا مشورہ دیتی ہیں۔
میری این وولف۔ تصویر: ایکس
امریکی نیورو سائنسداں میری این وولف نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر حد سے زیادہ انحصار اور اسکرین کے مسلسل استعمال سے لوگوں میں گہرائی سے سوچنے اور معلومات کو خود جانچنے کی صلاحیت کمزور ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ باتیں ہسپانوی اخبار ’ایل پائس‘ (El País) کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہیں جو ۱۴ نومبر ۲۰۲۶ کو شائع ہوا۔
وولف ’پروسٹ اینڈ دی اسکوئڈ‘ (Proust and the Squid) اور ’ریڈر، کم ہوم‘ (Reader, Come Home) کتابوں کی مصنفہ ہیں۔ انہوں نے ڈسلیکسیا (پڑھنے میں دشواری) اور مطالعے پر ۱۶۰ سے زائد سائنسی مقالے لکھے ہیں۔ وہ وضاحت کرتی ہیں کہ انسان پیدائشی طور پر پڑھنے کیلئے نہیں بنے ہیں۔ بچے دیکھنے، بولنے اور چلنے کی صلاحیت کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، لیکن پڑھنا ایک حالیہ ایجاد ہے جس کیلئے دماغ میں ایک نئے سرکٹ (نظام) کی ضرورت پڑی۔ یہ سرکٹ بصارت، زبان، سوچ، حرکت اور جذبات کو آپس میں جوڑتا ہے۔ انسان جتنا زیادہ پڑھتا ہے، یہ سرکٹ اتنا ہی زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ لیکن چونکہ پڑھنا ایک ثقافتی مہارت ہے، اس لئے اگر اسے استعمال نہ کیا جائے تو یہ ختم ہو سکتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ دماغ ’استعمال کریں یا کھو دیں‘ کے اصول پر کام کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اوپن اے آئی، انتھروپک اور دیگر اے آئی کمپنیوں پر مقدمہ، اپنی ٹیکنالوجی کنٹرول نہ کر پانے کا الزام
کتاب کا خلاصہ بمقابلہ گہرا مطالعہ
انٹرویو لینے والے نے جب کہا کہ ایک قاری کلاڈ (Claude) جیسے اے آئی ٹول سے کسی کتاب کا خلاصہ مانگ کر وہی معلومات حاصل کر سکتا ہے، تو وولف نے کہا کہ یہ تجربہ ایک جیسا نہیں ہے۔ انہوں نے اس کا موازنہ ووڈی ایلن کے اس لطیفے سے کیا جس میں وہ تیز رفتاری سے پڑھنے کا کورس کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ روسی مصنف لیو ٹالسٹائی کا مشہور ناول ’وار اینڈ پیس‘ (War and Peace) روس کے بارے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گہرے مطالعے کا ایک حصہ زبان کی خوبصورتی کا احساس بھی ہے۔ انہوں نے ناول نگار میریلن رابنسن کا حوالہ دیا جنہوں نے کہا تھا کہ زبان کی خوبصورتی حقیقی سمجھ بوجھ میں اضافہ کرتی ہے۔ نیل ولیمز کی ’دس از ہیپی نیس‘ (This Is Happiness) جیسی کتاب اپنی زبان کے ذریعے قارئین پر ایک خاص کیفیت طاری کر دیتی ہے۔ وولف کا ماننا ہے کہ اے آئی یہ چیز فراہم نہیں کرسکتا۔
وولف نے ۱۵ سالہ طلبہ کے بارے میں تازہ ترین پیسا (PISA) رپورٹ کے خراب نتائج پر بھی بات کی۔ پیسا کی قیادت کرنے والے اینڈریاس شلیچر انہیں ”جلد باز قارئین“ کہتے ہیں۔ وولف اس کیلئے ”اسکیمر“ Skimmer (سرسری نظر ڈالنے والا) لفظ پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکرینوں نے ہمیں سرسری نظر ڈالنا سکھا دیا ہے، سرسری مطالعہ وہ وقت، توجہ اور محنت نہیں دیتا جو حقیقی سمجھ بوجھ کیلئے درکار ہوتی ہے۔ ان کے الفاظ میں، یہ عمل قاری کے دماغ کو شارٹ سرکٹ کر دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈجیٹل پلیٹ فارمز ہماری ”جدت پسندی کے رجحان“ (novelty bias) کا فائدہ اٹھاتے ہیں، جو بقا کی ایک قدیم جبلت ہے جس نے کبھی انسانوں کو خطرے کو بھانپنے میں مدد دی تھی اور اب ہمیں منتشر رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ماؤنٹ ایورسٹ پر سال بھر مائیکرو پلاسٹک کی مسلسل آمد کا انکشاف، سالانہ ۴ء۵۶ ٹن پلاسٹک جمع ہو رہا ہے
قدیم یونان سے سبق
وولف نے پرنٹ سے ڈجیٹل کلچر کی طرف آج کی منتقلی کا موازنہ یونان میں زبانی ثقافت سے تحریری ثقافت کی طرف منتقلی سے کیا۔ سقراط کو خدشہ تھا کہ پڑھنا یادداشت کی جگہ لے لے گا۔ اس نے یادداشت کو کچھ پیچھے ضرور دھکیلا لیکن اسے مکمل طور پر ختم نہیں کیا۔ وولف کہتی ہیں کہ یونانیوں کو تحریر کو قبول کرنے میں تقریباً ۴۰۰ سال لگے، جبکہ ہمارے پاس یہ دیکھنے کیلئے صرف چند سال ہیں کہ اسکرینیں کیا کچھ دیتی ہیں اور کیا چھین لیتی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ہم سمیریوں اور اکادیوں کی مثال پر عمل کر سکتے ہیں جنہوں نے دونوں زبانوں کو زندہ رکھا۔ ہم بھی سیکھنے کے پرانے اور نئے دونوں طریقوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
اے آئی کا دانشمندانہ استعمال
وولف ٹیکنالوجی کو مسترد نہیں کرتیں۔ وہ کہتی ہیں کہ اے آئی طب جیسے شعبوں میں بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر وہاں جہاں ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ اصل خطرہ حد سے زیادہ انحصار سے پیدا ہوتا ہے۔ اگر لوگ بیرونی ٹولز پر بہت زیادہ بھروسہ کرنے لگیں تو وہ یہ جانچنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں کہ سچ کیا ہے اور خود اپنا علم کیسے تخلیق کرنا ہے۔ وولف کسی بھی ذریعے پر گہرائی سے پڑھنے کا مشورہ دیتی ہیں، جیسے اسکرول کرنے کے بجائے اسکرین کو ایک جگہ روک کر پڑھنا۔ وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ پڑھی گئی کتابوں کی تعداد اس بات سے کم اہمیت رکھتی ہے کہ انہیں کس طرح پڑھا گیا ہے۔