سب سے بڑی اورنمایاں تبدیلی ڈیزائن میں کی گئی ہے،انٹرفیس کو بھی بدل دیا گیا ہے، تینوں کیمرے ۴۸؍ میگا پکسل کے کردیئے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 06, 2025, 12:48 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
سب سے بڑی اورنمایاں تبدیلی ڈیزائن میں کی گئی ہے،انٹرفیس کو بھی بدل دیا گیا ہے، تینوں کیمرے ۴۸؍ میگا پکسل کے کردیئے گئے ہیں۔
ہر سال کی طرح امسال بھی ایپل نے اپنے نئے آئی فون سیریز کے ساتھ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ مگر۲۰۲۵ءکا سال کچھ خاص ہے، کیونکہ اس برس ایپل نے اپنے سب سے جرات مندانہ اور جدیدموبائل پیش کیے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ چرچا جس ماڈل کا ہے، وہ ہے ’آئی فون ۱۷؍ پرو میکس‘۔ یہ صرف ایک نیا فون نہیں بلکہ آنے والے ایپل کے مستقبل کی ایک جھلک ہے۔
قیمت
ایپل نے اس سال اپنی پرو سیریز کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ آئی فون ۱۷؍پرومیکس کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ ۴۹؍ہزار ۹۰۰؍ روپے ہے۔
ڈیزائن اور ڈسپلے
پچھلے کئی برسوں سے ایپل کے پرو ماڈلز کا ظاہری ڈیزائن تقریباً ایک سا رہا ہے۔ آئی فون ۱۱؍ سے ۱۶؍تک وہی ۳؍کیمروں والا ڈیزائن چلتا رہا۔ مگر اس بار ایپل نے واقعی کچھ نیا کیا ہے۔ پچھلے حصے پر اب ایک نیا کیمرا پلیٹ فارم ہے، جس پر تینوں کیمرے ایک الگ ترتیب میں رکھے گئے ہیں۔ ایک جانب ایل آئی ڈی اے آر اسکینر اور ایل ای ڈی فلیش ہے، اور دوسری طرف۴۸؍میگا پکسل کے ۳؍ لینس۔ اس کے نیچے شیشے کی ایک الگ تہہ رکھی گئی ہے، جو فون کے ڈیزائن کو جدید مگر متوازن بناتی ہے۔
ایپل نے اس بارفورجڈ الیومینیم یونی باڈی اپنایا ہے۔ مضبوط، خوبصورت اور ہاتھ میں بہتر گرفت دیتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ کمپنی نے اس ڈھانچے میں ویپر چیمبر کولنگ سسٹم شامل کیا ہے جو فون کے اندرونی درجہ حرارت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
سافٹ ویئر
ایپل نے اس بار سافٹ ویئر میں بھی بڑی تبدیلی کی ہے۔ آئی او ایس ۲۶؍کو کمپنی نے’اب تک کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ‘ کہا ہے۔ اس کے ساتھ لیکوئڈ گلاس یو آئی ایک نیا تجربہ ہے۔ لاک اسکرین، ہوم اسکرین اور کنٹرول سینٹر، تینوں کو از سرِ نو ڈیزائن کیا گیا ہے۔ سرچ بار اب اسکرین کے نیچے ہے، جسے انگوٹھے سے استعمال کرنا آسان ہے۔
کارکردگی
یہ فون ایپل کے تازہ ترین اے ۱۹؍پروچپ سیٹ سے لیس ہے، جو کمپنی کی اب تک کی سب سے طاقتور چپ ہے۔ ۶؍ کور سی پی یو (دو پرفارمنس کور + چار ایفیشنسی کور)، ۶؍ کور جی پی یو، اور۱۶؍ کور نیورل انجِن اس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ اس بار ہارڈویئر لیول رے ٹریسنگ بھی شامل ہے، جس کا مطلب ہے کہ گیمنگ اب ہموار، حقیقی اور بصری طور پر مزید دلکش ہوگی۔ فون میں ۱۲؍جی بی ریم موجود ہے اور اسٹوریج آپشنز۲۵۶؍ جی بی سے ۲؍ ٹی بی تک ہیں، بالکل ویسے جیسے پیشہ ور صارفین چاہتے ہیں۔
کیمرہ
ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ آئی فون پروماڈلز میں تینوں پچھلے کیمرے۴۸؍میگا پکسل کے ہیں۔ ساتھ ہی سیلفی کیمرا بھی اب ۱۸؍میگا پکسل کا ہو گیا ہے، اور سینٹر اسٹیج ٹیکنالوجی کی مدد سے خودکار فریم ایڈجسٹمنٹ دیتا ہے۔ کیمرا ایپ کا انٹرفیس بھی بالآخر بدلا گیا ہے۔ موڈز اب اوپر دکھائے جاتے ہیں، اور زیادہ استعمال ہونے والے آپشنز اسکرین کے دائیں اوپر گوشے میں ہیں۔ ساتھ ہی فزیکل کیمرہ کنٹرول بٹن بھی موجود ہے، جو اس فون کو ایک مکمل ’پوائنٹ اینڈ شوٹ‘کیمرہ فون بناتا ہے۔
بیٹری
ایپل نے ۱۷؍پرو میکس میں ۴۸۳۲؍ایم اے ایچ کی بیٹری دی ہے (پچھلے ماڈل سے معمولی زیادہ) مگر نتائج حیران کن ہیں۔ فون اب ۴۰؍ واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کرتا ہے، ۲۰؍منٹ میں ۵۰؍ فیصد چارج ہو جاتا ہے۔