• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈاٹ کے ’سنچار ساتھی‘ کی کامیابی: جنوری سے اگست تک ۶؍ لاکھ گنشدہ اور چوری شدہ موبائل فونز برآمد

Updated: October 02, 2025, 1:06 PM IST | New Delhi

سنچار ساتھی کی ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر ۸۰ لاکھ اور ایپل کے ایپ اسٹور پر ۴ء۷ لاکھ سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے، جو اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔

Sanchar Saathi app. Photo: X
’سنچار ساتھی‘ ایپ۔ تصویر: ایکس

محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈاٹ) نے اعلان کیا کہ اس کے تیار کردہ پلیٹ فارم ’سنچار ساتھی‘ کی مدد سے ملک بھر میں ۶ لاکھ سے زیادہ گم شدہ اور چوری شدہ موبائل فونز کامیابی سے برآمد کئے گئے ہیں۔ وزارتِ مواصلات نے ”اپنا گم شدہ/چوری شدہ موبائل ہینڈ سیٹ بلاک کریں“ کی خصوصیت کو سنچار ساتھی کا سب سے مؤثر ٹول قرار دیا جو صارفین کو تمام ٹیلی کام نیٹ ورکس میں ڈجیٹل آلات کو بلاک کرنے، ان کے مقام کا پتہ لگانے یا اَن بلاک کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ایک بار جب فون کے گم ہونے کی اطلاع دی جاتی ہے تو اسے پورے ملک میں خود بخود بلاک کر دیا جاتا ہے، جبکہ اس کے مقام کی معلومات، صارفین اور مقامی پولیس کے ساتھ شیئر کی جاتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ڈاٹ، ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والے اداروں اور ریاستی/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس کے درمیان اس مربوط نظام کی وجہ سے موبائل فونز کی برآمدگی کی شرح میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور اس کی مدد سے چوری شدہ آلات کے غلط استعمال کو بڑے پیمانے پر روکا گیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اس سال جنوری اور اگست کے درمیان فونز کی برآمدگی میں ماہانہ ۶۱ فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو ۲۸۱۱۵ سے بڑھ کر ۴۵۳۰۶ آلات تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ سنچار ساتھی کو ۲۰۲۳ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر ۸۰ لاکھ اور ایپل کے ایپ اسٹور پر ۴ء۷ لاکھ سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے، جو اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم کئی خدمات فراہم کرتا ہے، جیسے:

• موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی IMEI نمبر کے ذریعے چوری شدہ آلات کو بلاک کرنا

• اسپیم اور دھوکہ دہی والے کالز اور میسیجز کی اطلاع دینا

• کسی کے نام پر رجسٹرڈ موبائل کنکشنز کی نگرانی کرنا

• کسی ہینڈ سیٹ کی اصلیت کی تصدیق کرنا

• جعلی بین الاقوامی کالز کی شناخت کرنا

• انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانچ کرنا

• دھوکہ دہی کو روکنے کیلئے تصدیق شدہ بینک رابطوں تک رسائی فراہم کرنا

• ٹیلی کام سیکوریٹی، ٹاور ریڈی ایشن اور سائبر خطرات کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا

یہ بھی پڑھئے: ممبئی: آئی ایم ای آئی سے چھیڑ چھاڑ کرکے چوری شدہ اسمارٹ فونز کو دوبارہ بیچنے والے ریکٹ کا پردہ فاش

’سنچار ساتھی‘ پر گم شدہ یا چوری شدہ موبائل کی اطلاع کیسے دیں؟

۱۔ سب سے پہلے قریبی پولیس اسٹیشن میں موبائل کی گمشدگی یا چوری کی ایف آئی آر درج کرائیں۔

۲۔ اپنے ٹیلی کام آپریٹر سے اپنے نمبر کا دوسرا سِم حاصل کریں۔

۳۔ ’سنچار ساتھی‘ کے ویب پورٹل یا ایپ پر اپنی شناخت کا ثبوت اور موبائل کی خریداری کی رسید جمع کرائیں۔

۴۔ آپ کی درخواست کے بعد ۲۴ گھنٹوں کے اندر فون کو بلاک کردیا جائے گا۔

۵۔ فون برآمد ہونے کے بعد صارفین اس عمل کے ذریعے ان بلاک کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK