• Mon, 13 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی کوٗ نیو ۱۰: ہلکا لیکن عمدہ پروسیسر اور بڑی بیٹری کا فون

Updated: October 13, 2025, 12:46 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس فون میں سپر کمپیوٹنگ چپ کیو۱۰؍ استعمال کیا گیا ہے جبکہ ۷؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو۲؍دن تک چلتی ہے۔

The front and back of the IQOO Neo 10. Photo: INN
آئی کو نیو ۱۰؍کو آگے اور پیچھے سے۔ تصویر: آئی این این
ٹیکنالوجی کی دنیا میں بعض برانڈ ایسے ہوتے ہیں جو صرف پروڈکٹ نہیں بناتے بلکہ معیار طے کرتے ہیں۔’آئی کوٗ‘انہی میں سے ایک ہے۔اس کی نیوسیریز ہمیشہ سے نوجوان نسل کے لیے کارکردگی اور قیمت کے بیچ ایک بہترین توازن رہی ہے۔
گزشتہ سال کاآئی کو نیو ۱۰؍ آراپنی کم قیمت کے باوجود ایک مضبوط فون تھا، لیکن اس کی خامیوں میں کمزور کیمرہ اور محدود خصوصیات شامل تھیں۔اب کمپنی نے نئی توانائی اور جدت کے ساتھ آئی کو نیو ۱۰؍پیش کیا ہے، جو اپنے پیش رو کے مقابلے  زیادہ پختہ، زیادہ طاقتور اور کہیں زیادہ قابلِ اعتماد نظر آتا ہے۔
ڈیزائن 
آج کے صارف کے لیے فون کا ڈیزائن محض شکل و صورت نہیں، ایک بیان ہوتا ہے۔لیکن آئی کو نیو ۱۰؍اس معاملے میں کچھ پیچھے رہ جاتا ہے۔
یہ دو رنگوں میں دستیاب ہے انفرنو ریڈ اور ٹائٹینیم کروم۔سرخ رنگ والا ورژن کچھ زیادہ شوخ اور جاذبِ نظر ہے، جبکہ کروم ورژن زیادہ شائستہ اور سنجیدہ تاثر دیتا ہے۔فون پتلا اور مضبوط ہے، مگر کیمرہ ماڈیول کا ابھار ڈیزائن کے توازن کو توڑ دیتا ہے۔
وزن تقریباً۲۰۶؍گرام ہے، جو ابتدائی طور پر بھاری محسوس ہوتا ہے، مگر چونکہ اس میں۷؍ہزار ایم اے ایچ کی سلیکون کاربن بیٹری موجود ہے، اس لیے یہ وزن پوری طرح جواز رکھتا ہے۔یہ بات قابلِ تعریف ہے کہ آئی کونے طاقتور ہارڈویئر کو ایک نسبتاً ہلکے فون میں سمو دیا ہے۔البتہ ڈیزائن میں وہ نیاپن نہیں جو آج کے دور میں ایک مڈ رینج اسمارٹ فون سے متوقع ہے۔
سافٹ ویئر
یہ فون اینڈرائڈ ۱۵؍ پر مبنی فن ٹچ او ایس پر چلتا ہے۔انٹرفیس ہموار، خوبصورت اور حسبِ منشا تبدیلیوں کے لیے کھلا ہے۔ آئی کونے اس میں چند نئے اے آئی بھی شامل کیے ہیں،مثلاً امیج ایڈیٹر اور سرکل تو سرچ جو صارف کے تجربے کو زیادہ مفید اور مؤثر بناتے ہیں۔تھرڈ پارٹی ایپس پہلے سے انسٹال ضرور ہیں، مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ ان کو حذف کیا جا سکتا ہے اور فون غیر ضروری نوٹیفکیشن سے پاک رہتا ہے۔روزمرہ کے استعمال، جیسے ویڈیو ایڈیٹنگ یا فوٹوگرافی کے دوران، فون کبھی گرم نہیں ہوتا  جو اس کے مؤثر کولنگ سسٹم کی دلیل ہے۔
کارکردگی
یہ وہ میدان ہے جہاں آئی کوہمیشہ سے بازی لے جاتا ہے۔اس فون میں کوالکوم اسنیپ ڈریگون ۸؍ ایس جنریشن ۴؍چپ سیٹ اس وقت مڈ رینج طبقے میں سب سے تیز اور طاقتور سمجھا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ کمپنی نے اس میں ایک نیا سپر کمپیوٹنگ چپ کیو ون بھی شامل کیا ہے جو خاص طور پر گیمنگ فیچرز کے لیے بنایا گیا ہے۔اس کا بڑا ویپر کولنگ چیمبرحرارت کو فوری طور پر منتشر کر دیتا ہے۔
کیمرہ
آئی کو نیو ۱۰؍فوٹوگرافی کے لحاظ سے شاید اپنے طبقے کے دیگر فونز جتنا دلکش نہ ہو، لیکن یہ اپنی سادگی میں مؤثر ہے۔اس میں۵۰؍  میگا پکسل کا پرائمری کیمرہ اور۸؍ میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ لینس موجود ہے، جبکہ فرنٹ پر۳۲؍میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے۔نتائج صاف، رنگوں سے بھرپور اور متوازن ہیں۔اگرچہ ٹیلی فوٹو کیمرہ کی کمی محسوس ہوتی ہے، مگر روزمرہ فوٹوگرافی کے لیے یہ فون کافی ہے۔
بیٹری
۷؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری اس فون کا سب سے مضبوط پہلو ہے۔یہ عام استعمال پر ۲؍ دن تک چل سکتا ہے، اور بھاری استعمال کے باوجود ڈیڑھ دن تک کارآمد رہتا ہے۔
۱۲۰؍واٹ کا چارجر صرف ۳۸؍ منٹ میں فون کو مکمل چارج کر دیتا ہے،اور حیرت انگیز بات یہ ہے کہ تیز چارجنگ کے دوران بھی فون ٹھنڈا رہتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK