معروف فلمساز روہت شیٹی کی جوہو میں واقع رہائش گاہ کے باہر فائرنگ معاملے میں پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ ملزم کی شناخت پونے کے رہنے والے آسارام فسالے کے طور پر ہوئی ہے۔
EPAPER
Updated: February 06, 2026, 11:44 AM IST | Agency | Mumbai
معروف فلمساز روہت شیٹی کی جوہو میں واقع رہائش گاہ کے باہر فائرنگ معاملے میں پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ ملزم کی شناخت پونے کے رہنے والے آسارام فسالے کے طور پر ہوئی ہے۔
معروف فلمساز روہت شیٹی کی جوہو میں واقع رہائش گاہ کے باہر فائرنگ معاملے میں پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ ملزم کی شناخت پونے کے رہنے والے آسارام فسالے کے طور پر ہوئی ہے، اسے ممبئی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار ملزم فسالے نے شوٹر کو فراہم کیا تھا۔ ایک پولیس افسر کے مطابق اسے ان دیگر ۴؍ ملزموں کے ہمراہ عدالت میں پیش کیا جائے گا جن کی پانچ روزہ پولیس تحویل جمعرات کو ختم ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سنیچر اور اتوار کی درمیان شب تقریباً ۲؍ بجے نامعلوم افراد نے روہت شیٹی کی رہائش گاہ ’شیٹی ٹاور‘ کے باہر۴؍ راؤنڈ فائرنگ کی تھی جس سے پوری فلم انڈسٹری میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ البتہ مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس نے ۴؍ افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والاکلیدی ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکا ہے۔ پولیس سے گفتگو میں روہت شیٹی نے بتایا کہ واقعے سے قبل انہیں کسی بھی قسم کی دھمکی آمیز پیغام، کال، وہائس نوٹ یا ای میل موصول نہیں ہوا تھا ۔ تاہم واقعے کے بعد شبھم لونکر کے نام سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ سامنے آئی جس میں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ پوسٹ وائرل ہونے کے بعد حذف کر دی گئی اور جس اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ کی گئی تھی، وہ بھی بعد میں ڈیلیٹ پایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:فیشن برانڈ ’زارا‘ پرانتہا پسند اسرائیلی وزیر کو انتخابی امدادی فنڈ دینے کا الزام
واقعہ کے مقام کا معائنہ کرنے کے لیے پولیس اور کرائم برانچ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ سیکوریٹی کے پیش نظر پورے علاقے میں بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ پولیس نے آس پاس کی عمارتوں اور ’شیٹی ٹاور‘ کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی، جبکہ فارنسک ٹیم نے موقع سے گولیوں کے خول اور دیگر اہم ثبوت جمع کیے۔
یہ بھی پڑھئے:پاکستان یوٹرن لے گا : سابق کرکٹروں کادعویٰ
پولیس کے مطابق، روہت شیٹی کے گھر پر تین گولیوں کے نشانات صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ کرائم برانچ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے۱۲؍ ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہیں۔ جوہو پولیس اور کرائم برانچ مل کر فائرنگ کے واقعے کے ہر پہلو کی جانچ کر رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے ساتھ ساتھ آس پاس کے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ علاقے کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ہر شخص پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔