Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھی فلموں کے مہانایک اشوک صراف نے ہندی میں بھی نام کمایا

Updated: June 04, 2026, 10:05 AM IST | Agency | Mumbai

ہندوستانی فلمی دنیا میں کچھ فنکار ایسے ہوتے ہیں جو صرف اداکار نہیں رہتے بلکہ ایک عہد کی علامت بن جاتے ہیں۔مراٹھی سنیما میںاگر ایسے چند ناموں کی فہرست مرتب کی جائے تو اشوک صراف کا نام سرفہرست نظر آئے گا۔

Comedian Ashok Saraf.Photo:INN
مزاحیہ اداکاراشوک صراف - تصویر:آئی این این
ہندوستانی فلمی دنیا میں کچھ فنکار ایسے ہوتے ہیں جو صرف اداکار نہیں رہتے بلکہ ایک عہد کی علامت بن جاتے ہیں۔مراٹھی سنیما میںاگر ایسے چند ناموں کی فہرست مرتب کی جائے تو اشوک صراف کا نام سرفہرست نظر آئے گا۔ گزشتہ ۵؍ دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط اپنےفلمی سفرمیں انہوں نے نہ صرف کروڑوں ناظرین کو ہنسایا بلکہ سنجیدہ کرداروں میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ مراٹھی فلمی صنعت میںانہیں پیارسے’ماما‘،’اشوک سمراٹ‘ اور’مہانایک‘ کہا جاتا ہے۔ 
 
 
اشوک صراف کی پیدائش۴؍ جون ۱۹۴۷ءکو ممبئی میں ہوئی۔ بچپن ہی سے انہیں اداکاری اور اسٹیج سے گہری دلچسپی تھی۔ عام متوسط گھرانےسےتعلق رکھنے والے اشوک صراف نے اپنے فنی سفر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔ ابتدا میں انہوں نے زندگی کی عملی ضروریات پوری کرنے کے لیے ملازمت بھی کی، لیکن ان کا دل ہمیشہ اداکاری کی دنیا میں دھڑکتا رہا۔ بعد میں انہوں نے مکمل طور پر فن کو اپنا پیشہ بنا لیا۔ 
اشوک صراف نے ۱۹۶۹ءمیںمراٹھی فلم جانکی کےذریعے فلمی دنیامیںقدم رکھا۔ ابتدا میں انہیں چھوٹے کردار ملے، لیکن ان کی فطری اداکاری اور بہترین مزاحیہ اندازنے جلد ہی فلم سازوں اور ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ءکی دہائیوں میں ان کا شمار مراٹھی سنیما کے مقبول ترین اداکاروں میں ہونے لگا۔ فلم’پانڈو حوالدار‘نے ان کے کریئر کو نئی بلندی عطا کی اور وہ عوامی سطح پر بے حد مقبول ہو گئے۔
 
 
۱۹۸۰ء اور ۱۹۹۰ء کی دہائی کو مراٹھی سنیما میں مزاحیہ فلموں کا سنہری دور کہا جاتا ہے۔ اس دور میں اشوک صراف، لکشمی کانت بیرڈے،سچن پلگائونکر اور مہیش کوٹھارےکی ٹیم نے ایسی فلمیں پیش کیں جنہوں نے مراٹھی فلمی صنعت کو نئی زندگی دی۔ ان کی مشہور فلموں میں دھوم دھڑاکا،اشی ہی بنوا بنوی،گمت جمت، بالاچے باپ برہمچاری اور بھوتاچا بھائوخاص طور پر شامل ہیں۔ ان فلموں نے نہ صرف باکس آفس پر کامیابی حاصل کی بلکہ آج بھی مراٹھی ناظرین انہیں شوق سے دیکھتے ہیں۔ اگرچہ اشوک صراف کی اصل شناخت مراٹھی سنیما سے جڑی رہی، لیکن انہوں نے ہندی فلموں میں بھی اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔ وہ متعدد کامیاب بالی ووڈ فلموں میں نظر آئے جن میں کرن ارجن، کوئلہ، گپت، یس باس، پیار کیا تو ڈرنا کیا اور سنگھم جیسے نام شامل ہیں۔ ہندی فلموں میں بھی ان کا مزاحیہ انداز اور کردار نگاری ناظرین کو بہت پسند آئی۔اشوک صراف نے صرف فلموں تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ ٹیلی ویژن پر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقبول ٹی وی سیریل ’ہم پانچ‘میں ’آنند ماتھر‘کا کردار ان کے یادگار کرداروں میں شمار ہوتا ہے۔اشوک صراف کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد ریاستی اور قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ انہوں نے۱۱؍ سے زیادہ مہاراشٹر اسٹیٹ فلم ایوارڈز اور۴؍فلم فیئر مراٹھی ایوارڈز حاصل کیے۔ وہ فلم فیئر مراٹھی کے بہترین اداکار کے زمرے میں سب سے زیادہ کامیاب اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ۲۰۱۶ءمیں انہیں فلم فیئر مراٹھی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسے نوازا گیا۔۲۰۲۳ءمیں انہیں مہاراشٹر کا سب سے بڑا شہری اعزاز مہاراشٹر بھوشن عطا کیا گیا۔ ۲۰۲۵ءمیں حکومت ہند نے انہیں ملک کے چوتھے بڑے شہری اعزاز  پدم شری سے سرفراز کیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK