چین کی سرحد کے قریب واقع اس گائوں میںپرانی ثقافت آج بھی زندہ ہے اور آج بھی یہاں قدرتی دلکشی دیکھنے کو ملتی ہے،فطرت کی گود میں چھپاخواب سا لگتا ہے۔
سسپنشن بریج دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کے شمال مشرقی کنارے پر، جہاں بادل زمین سے ہمکلام ہوتے ہیں، جہاں ندیوں کا نیلا پانی پہاڑوں کے دامن میں نغمہ گنگناتا ہے، وہاں ایک پرسکون وادی ہے میچوکا۔ یہ وادی اروناچل پردیش کے شی یومی ضلع میں واقع ہے اور سمندر کی سطح سے تقریباً۶؍ ہزارفٹ کی بلندی پرہے۔ یہ جگہ ایسی ہے جہاں وقت تھم سا جاتا ہے، اور انسان کو لگتا ہے جیسے وہ کسی پرانے روحانی خواب میںچلا گیا ہو۔
میچوکا نام کا مفہوم
’میچوکا‘ مقامی زبان میں تین الفاظ کا مجموعہ ہے’من‘ (چوٹ یا آگ)،’چُ‘ (پانی)، اور’کا‘ (برف)۔ یعنی وہ جگہ جہاں آگ، پانی اور برف، تینوں عناصر فطرت کی ایک ہی جھولی میں جمع ہوں۔ واقعی، یہاں کے مناظر میں یہی تین رنگ مل کر ایک ایسی تصویر بناتے ہیں جو انسان کو حیران کر دیتی ہے۔
جغرافیائی حسن
میچوکا چین کی سرحد کے قریب واقع ہے، اس لیے یہاں کی فضا میں ایک خاص پاکیزگی اور سنجیدگی پائی جاتی ہے۔یہ وادی یارجنگ چو ندی کے کنارے آباد ہے، جو اپنے نیلے شفاف پانی کے لیے مشہور ہے۔ ندی کے دونوں اطراف سبز و شاداب پہاڑ، برف سے ڈھکی چوٹیوں، اور لکڑی کے چھوٹے گھروں کی قطاریں نظر آتی ہیں۔
یارجنگ چو ندی
یہ ندی میچوکا کا دل ہے۔ اس کا پانی شفاف نیلا، پہاڑوں کے دامن سے نکلتا ہوا ندی کنارے آباد چھوٹے دیہاتوں کو سیراب کرتا ہے۔یہاں آپ ماہی گیری ، کیمپنگ ، اور کینوئنگ جیسی سرگرمیوں سے لطف اٹھا سکتے ہیں۔ندی کے کنارے شام کے وقت بیٹھ کر سورج کو پہاڑوں کے پیچھے ڈوبتے دیکھنا ایک ایسا لمحہ ہوتا ہے جو انسان کو زندگی کی بھاگ دوڑ سے نکال کر سکون کی گود میں ڈال دیتا ہے۔
سسپنشن برج
میچوکا کے دل میں بہتی یارجنگ چو ندی پر ایک قدیم لکڑی اور رسّی سے بنا ہوا پل ہے، جسے سسپنشن برج کہا جاتا ہے۔یہ پل بظاہر کمزور دکھائی دیتا ہے مگر دہائیوں سے مقامی لوگ اسی کے ذریعے ندی پار کرتے آئے ہیں۔جب کوئی اس پر چلتا ہے تو پل ہلتا ہے، ندی نیچے شور مچاتی ہے، اور دل ایک ساتھ ڈر اور مسرت سے بھر جاتا ہے۔ یہ تجربہ صرف جسمانی سفر نہیں بلکہ ایک حسی مہم جوئی ہے، جو ہر سیاح کے ذہن میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو جاتی ہے۔
گورچن گاؤں اور لکڑی کے گھر
میچوکا کے اردگرد کے دیہات، خاص طور پر گورچن گاؤں، اپنی روایتی تعمیر اور ثقافتی ورثے کے لیے مشہور ہیں۔یہاں کے مکانات مکمل طور پر لکڑی سے بنے ہوتے ہیں، چھتیں بانس اور گھاس سے ڈھکی ہوئی، اور ہر گھر کے باہر دعا کے جھنڈے لہراتے دکھائی دیتے ہیں۔یہ جھنڈے اس بات کی علامت ہیں کہ یہاں کے لوگ امن، خیر اور روحانیت کے دلدادہ ہیں۔
گومپا ہلز
میچوکا کے گرد پہاڑوں پر کئی چھوٹے چھوٹے بودھ مٹھ (گومپا) بنےہیں۔ان میں سے کچھ بالکل الگ تھلگ ہیں،جہاں جانے کیلئے پتھریلے راستے، لکڑی کی سیڑھیاں اور خاموش جنگلات کا سفر درکار ہے۔یہ مقامات ان لوگوں کے لیے بہترین ہیں جو ہجوم سے دور بیٹھ کر مراقبہ، مطالعہ یا خاموشی سے فطرت سے بات کرنا چاہتے ہیں۔
برف سے ڈھکی وادی
دسمبر سے فروری تک، میچوکا ایک سفید جنت میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ہر طرف برف کی دبیز تہہ، درختوں پر جمی برف، چھتوں سے لٹکتی برف کی لٹکیاں، اور سرد ہوا کی کھنک، اس وادی کو خوابناک بنا دیتی ہے۔اس دوران یہاں کے لوگ لوسر فیسٹیول مناتے ہیںجس میں رنگ برنگے لباس، تبتی نقاب پوش رقص، اور ڈھول کی تھاپ کے ساتھ سارا قصبہ جھوم اٹھتا ہے۔
میچوکا فیسٹیول
ہر سال نومبر میں ہونے والا میچوکا فیسٹیول اس وادی کی روح بن چکا ہے۔اس موقع پر مقامی دستکار اپنے ہاتھ سے بنے ملبوسات، زیورات اور لکڑی کی اشیاء فروخت کرتے ہیں۔رات کو مقامی رقص، گانے، اور تبتی طرز کے میوزک شو منعقد کیے جاتے ہیں۔سیاح یہاں نہ صرف ثقافت کو دیکھتے ہیں بلکہ اس کا حصہ بن جاتے ہیں۔