Inquilab Logo Happiest Places to Work

منی سو :جہاں بنیادی ضرورت کا چھوٹا موٹا ہر سامان ملتا ہے

Updated: July 01, 2025, 11:15 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کی بنیاد چین کے شہر گوانگژو میں رکھی گئی اور آج اس کے اسٹور دنیا کے متعدد ممالک میں موجود ہیں، ممبئی کےمالز اور پاش علاقوں میں بھی دستیاب۔

Mini So`s store located in Infinity Mall, Malad. Photo: INN
ملاڈ کے انفنی ٹی مال میں واقع منی سو کا اسٹور۔ تصویر: آئی این این

اگر آپ نےکسی بڑے شاپنگ مال کے کسی گوشے میں ایک سفیدو سرخ رنگ کے سادہ مگر دلکش اسٹور کو دیکھا ہے، جہاں لوگ خاموشی سے چن چن کر خوبصورت اشیاء خرید رہے ہوں، تو یقین کیجیے کہ وہ منی سو (Miniso) ہی ہے۔ یہ دکان صرف خریداری کی جگہ نہیں، بلکہ جدید ذوق، کم خرچ زندگی، اور سادگی کی علامت ہے۔ 
برانڈ کا آغاز
 منی سو کی بنیاد۲۰۱۳ءمیں چین کے شہر گوانگژو میں رکھی گئی۔ بظاہر یہ ایک جاپانی طرزِ زندگی کا اسٹور ہے، مگر اس کے پیچھے کی کہانی ایک دلچسپ اشتراک کی ہے۔ دراصل جاپانی ڈیزائنر جونیا میاکے نے اس کا جمالیاتی خاکہ تیار کیا جبکہ چینی تاجر یے گوفونے اس وژن کو کاروبار میں ڈھالا۔ ان دونوں نے مل کر ایک ایسا برانڈ کھڑا کیا جو سادگی، خوبصورتی اورکم قیمت پر مرکوز ہے۔ منی سو کی مصنوعات میں جاپانی انداز کی نفاست اور چینی صنعت کی مہارت جھلکتی ہے۔ 
برانڈ کی خصوصیت
 منی سو کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس کی ہر شے میں سادگی ہے، نہ اضافی شوخ رنگ، نہ پیچیدہ ڈیزائن، نہ بھاری بھرکم لوگو۔ ہر چیز ہلکے رنگوں، ہلکے پیٹرن اور دیدہ زیب انداز میں تیار کی گئی ہوتی ہے، جو جاپانی طرزِ زندگی کی ترجمانی کرتی ہے۔ 
 اس کے علاوہ منی سو نے ایک اصول اپنایا ہے کہ’’اعلیٰ کوالیٹی کو کم قیمت میں فروخت کرنا ہے۔ ‘‘ یہی وجہ ہےکہ یہاں کی مصنوعات عام طور پر ۱۵۰؍سے ایک ہزار روپےکے درمیان دستیاب ہوتی ہیں۔ نہ صرف قیمت مناسب ہے بلکہ مصنوعات پائیدار، سادہ اور روزمرہ استعمال کے قابل ہوتی ہیں۔ اس کی گھڑیاں، اسٹیشنری، اور کاسمیٹکس خصوصاً اپنے معیار کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ 
 منی سو کی دکانیں کسی سپر مارکیٹ کی مانند لگتی ہیں، مگر فرق یہ ہے کہ یہاں کی ہر شے خوبصورتی سے آراستہ، نظر کو بھاتی ہوئی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ منی سوہرماہ نئی تھیم اور موسم کے مطابق کلیکشنز لاتا ہے۔ چاہے وہ موسمِ گرما کا ہلکا سامان ہو یا موسمِ سرما کی خوشبو دار موم بتیاں۔ یہ مستقل تجدید خریدار کو بار بار لوٹنے پر مجبور کرتی ہے۔ 
برانڈ کے اسٹور
 منی سو نے۲۰۱۷ءمیں ہندوستان میں قدم رکھا، اور مختصر وقت میں شہری متوسط طبقے کی دل کی دھڑکن بن گیا۔ ممبئی، دہلی، بنگلور، پونے، چنئی، حیدرآباد جیسے بڑے شہروں میں اب اس کی متعدد شاخیں کھل چکی ہیں۔ 
 منی سو کے ممبئی میں کئی مقامات پر اسٹورز موجود ہیں جن میں ملاڈ میں واقع انفنی ٹی مال میں، کرلا میں واقع فینکس مارکیٹ سٹی، گوریگائوں ایسٹ میں واقع اوبیرائے مال، گھاٹکوپر میں واقع آر سٹی مال، لوئر پریل میں واقع •ہائی اسٹریٹ فینکس، تھانے میں واقع ویویانا مال کے علاوہ ولے پارلے ویسٹ میں واقع ارلا مارکیٹ اسٹور، بوریولی میں نارائن نیواس بلڈنگ میں، باندرہ میں واقع ہل روڈ پر موجود ٹرائیوس مال میں، قلابہ کازوے میں، اندھیری کے لوکھنڈ والا کمپلیکس میں اس کے اسٹور موجود ہیں جہاں سے آپ اپنی سہولت کے مطابق شاپنگ کرسکتے ہیں۔ 
آن لائن موجودگی
 منی سو کی اشیاءآن لائن دیکھی جاسکتی ہے جس کیلئےآپ کوان کی ویب سائٹ www.minisoindia.comپر جانا ہوگا۔ اس کے علاوہ آجیو، نائکا، امیزون اور فلپ کارٹ پر بھی یہاں کا سامان خریدا جاسکتا ہے۔ 
یہاں کیا ملتا ہے
 یہاں کئی طرح کی چیزیں ملتی ہیں جس میں اسٹیشنری، کھلونے، کاسمیٹکس، بیگز، چپل، ساکس، برتن، موم بتیاں، روم فریگرینس، موبائل کورز، کیپس، خواتین کیلئے بالوں کے پن، ربر، باسکٹ، آرگنائزنگ شیلف، چارجر، ہینڈ فینس، ایک ہی جگہ پر روزمرہ کی ضرورتوں کا پورا جہاں دستیاب ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK