Inquilab Logo Happiest Places to Work

موٹو بک ۶۰: اب لیپ ٹاپ کی دنیا میں بھی موٹرولا داخل ہوگیا

Updated: May 26, 2025, 12:41 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ ان افراد کیلئے ایک بہترین انتخاب ہو سکتا ہے جو ایک پریمیم مگر بجٹ رینج میں آنے والا لیپ ٹاپ چاہتے ہیں،عمدہ معیار، کارکردگی اور ڈیزائن کا امتزاج ہے۔

Moto Book 60. Photo: INN
موٹو بک ۶۰؍۔ تصویر: آئی این این

موٹرولا نے حال ہی میں ہندوستان میں اپنا پہلا لیپ ٹاپ ’موٹو بُک ۶۰؍‘متعارف کرایا ہے، جو کہ ایک درمیانی قیمت والا، جدید خصوصیات سے لیس، اور اسٹائلش ڈیزائن کا حامل لیپ ٹاپ ہے۔ 
قیمت
 یہ لیپ ٹاپ کئی ویریئنٹ میں دستیاب ہے۔ اس کا پہلا ویریئٹ انٹیل آئی ۵؍ پروسیسر، ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍ جی بی ایس ایس ڈی اسٹوریج پر مشتمل ہے جس کی قیمت ۶۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے، انٹیل آئی۷؍پروسیسر کے ساتھ ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج والا لیپ ٹاپ ۷۴؍ہزار ۹۹۰؍ روپے اور اسی میں ایک ٹی بی اسٹوریج والا متبادل ۷۸؍ہزار ۹۹۰؍روپے کا ہے۔ یہ قیمتیں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ موٹرولا نے اس پروڈکٹ کو متوسط تا اعلیٰ درجہ کے صارفین کو ذہن میں رکھ کر بنایا ہے۔ خصوصاً وہ صارفین جو روزمرہ کے کاموں کے ساتھ ساتھ ہلکی پھلکی کریئیٹیو یا بزنس نوعیت کی سرگرمیوں کے لیے بھی ایک قابلِ بھروسہ لیپ ٹاپ چاہتے ہیں۔ 
ڈیزائن
 موٹو بک ۶۰؍کاڈیزائن سادہ مگر نفیس ہے۔ میٹل فنش باڈی، سلم پروفائل، اور پتلےبیزل اسے ایک پریمیم اندازعطا کرتے ہیں۔ وزن محض۱ء۴؍کلوگرام ہے، جو کہ طلبہ، فری لانسرز یا موبائل پروفیشنلز کے لیےخاصا موزوں ہے۔ کی بورڈ بیک لِٹ ہے، جو رات کے وقت کام کرنے والوں کے لیے ایک پلس پوائنٹ ہے۔ 
 ٹچ پَیڈ وسیع ہےاور ملٹی ٹچ سپورٹ کرتا ہے۔ مجموعی طور پر ڈیزائن ایسا ہےجو ایپل کے میک بک کے بجٹ متبادل کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ 
ڈسپلے
 موٹو بک۶۰؍میں ۱۴؍انچ کا فل ایچ ڈی آئی پی ایس پینل موجودہے۔ رنگوں کی درستگی معیاری ہے، البتہ کریئیٹو پروفیشنلز (جیسے فوٹوایڈیٹرز یا ویڈیو ایڈیٹرز)کو شاید ڈی سی آئی-پی ۳؍یا اڈوب آر جی بی کوریج میں کچھ کمی محسوس ہو۔ عام صارف کیلئے یہ پینل موزوں ہے، چاہے وہ یوٹیوب دیکھیں، ڈاکیومنٹس پرکام کریں یا زوم پر میٹنگز کریں۔ 
سافٹ ویئر
 یہ لیپ ٹاپ ونڈوز ۱۱؍کےساتھ آتا ہے، اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس میں کوئی غیرضروری بلوٹ ویئر یاٹرائل سافٹ ویئر نہیں دیا گیا۔ یوزر انٹرفیس سادہ، صاف اور تیز ہے۔ ابتدائی سیٹ اپ سے لے کر روزمرہ کے استعمال تک، تجربہ خوشگوار رہتا ہے۔ 
ہارڈ ویئر
 یہ وہ میدان ہےجہاں موٹو بک ۶۰؍اپنی قیمت کے مطابق مضبوط کھڑا دکھائی دیتا ہے۔ انٹیل آئی ۵؍ ۱۳؍ویں جنریشن اور انٹیل آئی ۷؍۱۳؍ویں جنریشن پروسیسرز اس لیپ ٹاپ کو ایک متوازن کارکردگی فراہم کرتے ہیں۔ ۱۶؍جی بی ریم ملٹی ٹاسکنگ کے لیے کافی ہے، جبکہ ایس ایس ڈی اسٹوریج تیز رفتار بوٹ ٹائم اور فائل لوڈنگ یقینی بناتی ہے۔ ہلکی پھلکی ویڈیو ایڈیٹنگ، کوڈنگ، آفیس ورک اور ویب براوزنگ بغیر کسی رکاوٹ کے انجام پاتے ہیں۔ 
 البتہ، اگر آپ گیمنگ یا تھری ڈی رینڈرنگ جیسے بھاری کاموں کا سوچ رہے ہیں تو یہاں یہ لیپ ٹاپ پیچھے رہ سکتا ہے، کیونکہ اس میں ڈیڈیکیٹیڈ جی پی یو موجود نہیں۔ 
پورٹ اور کنیکٹیوٹی
 اس میں یو ایس بی ٹائپ سی(ڈیٹا+ڈسپلے)، یو ایس بی ۳ء۲؍ کے دو پورٹ، ای ڈی ایم آئی ۱ء۴؍ کا ایک پورٹ، ۳ء۵؍ایم ایم آڈیو جیک، مائکرو ایس ڈی کارڈریڈر، وائی فائی۶؍ اور بلیوٹوتھ ۵ء۲؍ کی موجودگی اسےکنیکٹیویٹی کے لحاظ سے اپ ٹو ڈیٹ رکھتی ہے۔ 
بیٹری
 موٹو بک ۶۰؍میں ۵۰؍ ڈبلیو ایچ کی بیٹری موجود ہےجو۷؍ سے۸؍گھنٹے کا اوسط استعمال مہیاکرتی ہے۔ مثلاً ویب براوزنگ، آفیس ورک یا ویڈیو دیکھنے پر۔ اگرچہ یہ میک بک ایئر ایم ۲؍کی طرز کی بیٹری نہیں ہے، لیکن پھر بھی ونڈوزمشینوں کے معیار پر اسے بہترین کہا جا سکتا ہے۔ 

ڈسپلے                ۱۴؍انچ
پروسیسر            انٹیل آئی۵  / انٹیل آئی ۷
ریم                   ۱۶؍ جی بی ریم
اسٹوریج             ۵۱۲؍ جی بی / ایک ٹی بی
آپریٹنگ سسٹم       ونڈوز ۱۱
وزن                 ۳۹ء۱؍کلوگرام
بیٹری              ۶۰؍ڈبلیو ایچ ۶۵؍واٹ، یو ایس بی سی ٹائپ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK