محض ۱۶؍ہزار کی قیمت میں ۷۸ء۶؍انچ کا مڑے ہوئے کناروں والااسکرین، ۶۴؍میگا پکسل کیمرہ اور اے آئی سے لیس آپریٹنگ سسٹم.
EPAPER
Updated: July 21, 2025, 1:09 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
محض ۱۶؍ہزار کی قیمت میں ۷۸ء۶؍انچ کا مڑے ہوئے کناروں والااسکرین، ۶۴؍میگا پکسل کیمرہ اور اے آئی سے لیس آپریٹنگ سسٹم.
جب بات ہو متوسط طبقے کے اسمارٹ فونز کی، تو اکثر کمپنیاں یا تو ڈیزائن پر سمجھوتہ کر لیتی ہیں یا کارکردگی پر۔ لیکن کبھی کبھار، کوئی نیا مسافر اُفق پر نمودار ہوتا ہے، جو بجٹ کی قید سے آزاد ہوکر ایک نئی راہ کھول دیتا ہے۔ ایسا ہی ایک تجربہ ٹیکنوکی جانب سے حالیہ پیشکش پووا کروَ ۵؍ جی کی صورت میں ہمارے سامنے آیا ہے، جسے ہم صرف ایک ’فون‘ نہیں بلکہ ’جدید نوجوان کی پسند‘ کہہ سکتے ہیں۔
قیمت
اس کےدو متبادل موجود ہیں جن میں سے۶؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت ۱۵؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے جبکہ ۸؍جی بی ریم اور۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج والے متبادل کی قیمت ۱۶؍ہزار ۹۹۹، روپے ہے جو اس کی خصوصیات کودیکھتے ہوئے ایک بہت مناسب اور مدعو کرنے والی قیمت ہے۔
ڈیزائن
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، ’کروَ‘اس کی پہچان ہے۔ فرنٹ اور بیک پرنرم خمیدہ کنارے، جو ہاتھ میں پکڑنے پر ایک خوبصورت تاثر چھوڑتےہیں، اس فون کو دیگر مڈ رینج فونز کی قطار سے ممتاز کرتے ہیں۔ ۶ء۷۸؍انچ کاایف ایچ ڈی پلس، امولیڈپینل، جو ۱۴۴؍ ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ آتا ہے، اس کی بصری دلکشی میں مزید اضافہ کرتاہے۔ اس میں گوریلا گلاس ۵؍ کی مضبوطی بھی دی گئی ہے۔ رنگ چمکدار ہیں۔ چاہے آپ ویڈیو دیکھ رہے ہوں یا گیم کھیل رہے ہوں، ہر منظر زندگی کی سانسیں لیتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
کنیکٹیویٹی
۵؍ جی سپورٹ کے ساتھ وائی فائی ۶؍، بلیو ٹوتھ۵؍ اوراسٹیریو اسپیکرز کے ساتھ ڈولبی ایٹموس آڈیو سپورٹ جیسے جدید فیچرز اس فون کو تکنیکی طور پر مکمل بناتے ہیں۔ فنگر پرنٹ ڈسپلے کے اندرہے، جو کافی تیز رفتار ہے۔ آئی پی۶۴؍ ریٹنگ فون کو دھول اور پانی سے محفوظ رکھتی ہے، ٹائپ سی پورٹ سمیت، سبھی ضروری کنکشن یہاں موجود ہیں۔
ہارڈویئر
اس فون میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰؍چپ سیٹ نصب ہے، جو اس طبقے میں ایک زبردست پیش رفت ہے۔ ۸؍ جی بی ریم اوراضافی۸؍ جی بی ورچوئل ریم کا امتزاج فون کو وہ توانائی عطا کرتا ہےجو روزمرہ کے کاموں سے لے کر ہیوی گیمز تک سے بخوبی نمٹنے کے لیے کافی ہے۔
سافٹ ویئر
اینڈرائڈ ۱۵؍پرمبنی ہائی او ایس ۱۵؍یہاں نرمی سے چلتا ہے، اور فون کی رفتار مسلسل روان رہتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے ۲؍ سال تک او ایس سپورٹ کا وعدہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں چند کارآمد اے آئی ٹول بھی دیئے گئے ہیں جن میں اے آئی کال نوائز کینسلیشن، اے آئی آٹو آنسراور اے آئی کال اسسٹنٹ جیسی خصوصیات شامل ہیں۔
کیمرہ
۶۴؍ میگا پکسل کامین کیمرہ اپنی قیمت کے لحاظ سے شاندار نتائج دیتاہے۔ دن کے اُجالے میں تصویریں شفاف، رنگین اور تفصیل سےبھرپور آتی ہیں، جبکہ رات کی روشنی میں اگرچہ معمولی دانے(نوائز)محسوس ہوتے ہیں، لیکن وہ ناقابلِ برداشت نہیں۔ اس کے علاوہ ۲؍ میگا پکسل کا پورٹریٹ کیمرہ بھی دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر۱۳؍ میگا پکسل سیلفی کیمرہ ہے جو ویڈیو کالنگ اور روزمرہ سیلفیز کے لیے موزوں ہے۔ اس میں سونی کا کیمرہ استعمال کیا گیا ہے جو شاندار نتائج کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔
بیٹری
۵؍ ہزار ۵۰۰؍ ایم اے ایچ کی لیتھیم آئن بیٹری، یقیناً اس فون کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے۔ ایک بار مکمل چارج کرنے پر، عام استعمال میں یہ فون ایک دن سے کچھ زیادہ تک بآسانی چل سکتا ہے۔ اور اگر آپ ویڈیوز دیکھنے یا گیمز کھیلنے کے شوقین ہیں، تب بھی یہ ایک دن سے تھوڑا کم چلتاہے۔ ۴۵؍ واٹ فاسٹ چارجنگ سے فون ۴۵؍ منٹ میں تقریباًمکمل چارج ہوجاتا ہے، جو بجٹ فونز میں خال خال ہی ملتا ہے۔
ڈسپلے ۷۸ء۶؍انچ
پروسیسر میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰؍
ریم ۶؍ اور۸؍ جی بی
اسٹوریج ۱۲۸؍ جی بی
آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی ہائے او ایس ۱۵؍
کیمرے ۶۴؍، ۲؍ اور سیلفی کیلئے ۱۳؍میگا پکسل
بیٹری ۵۵۰۰؍ ایم اے ایچ