اس سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ چاہے آپ میں کوئی بھی چیز مشترک نہ ہو تب بھی پیار ہوسکتا ہے، وکرانت اور ویدیکانےعمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 23, 2026, 11:57 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ چاہے آپ میں کوئی بھی چیز مشترک نہ ہو تب بھی پیار ہوسکتا ہے، وکرانت اور ویدیکانےعمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
مسافر کیفے (Musafir Cafe)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: وکرانت میسی، ویدیکا پنٹو، مہیما مکوانا، لولین مشرا، عادل حسین، سعدیہ صدیقی، رنجنا شریواستو، کرن مالی۔
ڈائریکٹر: روچیر ارون
رائٹر: دیویہ پرکاش دوبے، شرنیہ راجگوپال
پروڈیوسر: وکرانت میسی، انوج گوسالیا، سندیش شیٹی
موسیقار: گرویت سونی، پریانش سریواستو، نیل ادھیکاری
سنیماٹوگرافر: انیرودھ پاٹنکر
ایڈیٹر: یشارام چندانی
پروڈکشن ڈیزائن: نوین لوہارا
ریٹنگ: ***
ایک لڑکا ہے، جو شہر کی افراتفری بھری زندگی چھوڑ کر پہاڑوں پر سکون سے رہنا چاہتا ہے۔ ایک لڑکی ہے، جو ملک کے سب سے تیز رفتار شہر ممبئی میں اپنی شناخت بنانا چاہتی ہے۔ لڑکے کو وقت لے کر اپنی پسند کی بہترین کافی تیار کرنا اچھا لگتا ہے، جبکہ لڑکی چائے کی شوقین ہے، کیونکہ وہ جلد بن جاتی ہے۔ لڑکا جین آسٹن کے ناول ’پرائیڈ اینڈ پریجوڈس‘ کا مداح ہے تو لڑکی فرانز کافکا کی ’میٹامورفوسس‘ کی۔ یعنی دونوں کے مزاج میں کوئی خاص مماثلت نہیں۔ اس کے باوجود ان کے دل آپس میں مل جاتے ہیں اور یوں جنم لیتی ہے ’مسافر کیفے‘کی محبت کی کہانی۔ معروف مصنف دیویہ پرکاش دوبے کے ناول پر مبنی یہ کہانی اب۲۵؍، ۲۵؍منٹ کی۸؍ اقساط پر مشتمل ویب سیریزکی شکل میں پیش کی گئی ہے، جو پرانے زمانے کے سکون اور ٹھہراؤ والے ماحول میں جدید خیالات کے حامل عشق کی ایک خوبصورت آمیزش پیش کرتی ہے۔
کہانی
کہانی اچھی خاصی ملازمت کرنے والے انجینئر چندر موہن شرما (وکرانت میسی) اور تیز طرار طلاق کے معاملات کی وکیل سدھا ترپاٹھی (ویدیکا پنٹو) کی ہے، جو بھوپال کے ایک کیفے میں ارینجڈ میرج کے سلسلے میں ملتےہیں۔ لیکن بڑے خواب دیکھنے والی سدھا شادی کے بندھن میں بندھنا ہی نہیں چاہتی، اس لیے یہ شادی تو طے نہیں ہو پاتی، مگر دونوں کے دلوں میں محبت کے بیج ضرور پڑ جاتے ہیں۔ کہانی آگے بڑھتی ہے تو ملاقاتیں بڑھنےلگتی ہیں اور جلد ہی معاملہ لیو اِن ریلیشن شپ تک پہنچ جاتاہے۔ لیکن ان کے اپنے اپنے خواب محبت کی راہ میں حائل ہوجاتےہیں۔ چندر اپنی ملازمت چھوڑ کرپہاڑوں پر ایک کیفے کھولنا چاہتا ہے، جبکہ سدھا ممبئی میں اپنی ایک بڑی لا فرم قائم کرنے کا خواب دیکھتی ہے۔ یہی اختلاف آخرکار دونوں کو الگ کردیتا ہے۔ چندر ’مسافر کیفے‘ کے نام سے اپنا کیفے تو کھولتا ہے، لیکن پریتی (مہیما مکوانا) کے ساتھ، جو ہر لحاظ سے اس کی ہم سفر ثابت ہوتی ہے۔ اب چندر، سدھا اور پریتی کی اس محبت کی مثلث میں آگے کیا موڑ آتا ہے، یہ جاننے کے لیے نہ صرف آپ کو پوری سیریز دیکھنا ہوگی بلکہ اگلے سیزن کا بھی انتظار کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ’آدرش بال ودیالیہ‘: سرکاری اسکول کی بدحالی پرمزاحیہ اندازمیں سنجیدہ سوال
ہدایت کاری
روچیر ارون کی ہدایت کاری اور شرنیا راج گوپال کی تحریر و تخلیق کردہ اس ویب سیریز کی اصل خوبی اس کی خوبصورت دنیا ہے۔ چاہے بھوپال کی گلیاں ہوں یا مسوری کی حسین وادیاں، یہ وہی دنیا ہے جس کا خواب آج کی تیز رفتار اور مسلسل بھاگتی دوڑتی زندگی میں ہم سب کہیں نہ کہیں دیکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ’مسافر کیفے‘ کی چائے کی چسکی، کافی کی گرمی، کتابوں کی مہک اور محبت کے احساس سے بھری اس دنیا میں کچھ دیر ٹھہرنے کو دل چاہتا ہے۔
اسی وجہ سےسدھا، چندر اور پریتی جیسے کردار بھی رفتہ رفتہ ناظرین کو اپنے لگنے لگتے ہیں۔ تاہم سچ یہ ہے کہ سدھا اور چندر کی محبت کی کہانی میں ایک مقام کے بعد کچھ تکرار محسوس ہونے لگتی ہے۔ یہ ایک سلو برن لو اسٹوری ہے، لیکن ایک وقت کے بعد اس کی سست رفتار واقعی سست محسوس ہونے لگتی ہے۔ دوسری جانب پریتی اور چندر کےدرمیان وہ کیمسٹری بھی نظر نہیں آتی جس کی توقع کی جاسکتی تھی۔ اس پر آخر میں دیا گیا کلف ہینگربھی کچھ مایوس کرتا ہے۔ اس کے باوجود یہ سیریز ناظرین کو خود شناسی کے ایک سفر پر لے جاتی ہے، جہاں وہ خود بھی اپنے خوابوں کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ ’مسافر کیفے‘کی ’پرو مس وال‘پر اپنی خواہشیں اور وعدے لکھنے والے مسافروں کی طرح ناظرین کا بھی دل چاہتا ہے کہ وہ خود سے کوئی وعدہ کریں، اپنے خوابوں کو یاد کریں اور ان کیلئے کچھ قدم اٹھائیں۔
اداکاری
اداکاری کی بات کریں تو وکرانت میسی نے چندر کے کردار میں بے حد فطری اور زندہ دل اداکاری کی ہے۔ وہ کردار کو کسی بناوٹ کے بغیر اس طرح پیش کرتے ہیں کہ چندر ایک جیتا جاگتا انسان محسوس ہوتا ہے۔ وہیں مہیما مکوانا نے پریتی کے کردار میں ایسی بھلائی، سمجھ داری اور کشش پیدا کی ہے کہ وہ بھی ناظرین کے دل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔ لیکن یہاں سب سے زیادہ متاثر ویدیکا پنٹو کرتی ہیں۔ فائر برانڈ سدھا کے کردار کو انہوں نے اس خوبصورتی اور شدت کے ساتھ جیا ہے کہ ایک وقت کے بعد ناظرین کو خود اس کردار سے محبت ہونے لگتی ہے۔
نتیجہ
اگر آپ سکون، ٹھہراؤ اور نرم و نازک جذبات سے بھری محبت کی کہانیوں کے شوقین ہیں تو’مسافر کیفے‘ دیکھ سکتےہیں۔