• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوپو ایف ۳۵؍ پرو۵؍ جی: سیلفی کے شوقین افراد کیلئے نیا اسمارٹ فون

Updated: October 26, 2026, 12:51 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سیلفی کیلئے اہم قرار دے کر پیش کیا گیا یہ فون کیمروں کے معاملے میں کافی عمدہ ہے، اس کی دوسری خوبی بڑی بیٹری ہے جبکہ ریم میں کمی کی گئی ہے۔

Oppo F35 Pro 5G in its various colors. Picture: INN
اوپو ایف ۳۵؍پرو ۵؍جی اس کے مختلف رنگ۔ تصویر: آئی این این
حال ہی میں اوپو نے ہندوستان میںنئی اوپو ایف ۳۵؍  سیریز پیش کی۔اس سیریز کو ابتدا ہی سے’سیلفی ایکسپرٹ‘ یعنی سیلفی کاماہر قرار دیا جاتا رہا ہے۔اوپو کی نئی سیریز کے تحت اب ہندوستان میں اوپو ایف ۳۵؍پرو۵؍ جی پیش کیا گیا ہے۔یہ فون پہلی اوپو ایف سیریز کے بنیادی تصور کو آگے بڑھاتے ہوئے سیلفی لینے کے بہتر تجربے کا وعدہ کرتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی سیلفی کیمرے کی صلاحیتیں بازار میں موجود کئی مہنگے فلیگ شپ اسمارٹ فونز کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہیں۔ تاہم، اس فون میں صرف کیمرہ ہی خاص نہیں، بلکہ اس کے دیگر فیچرز بھی توجہ طلب ہیں۔ 
 ڈیزائن: اوپو ایف ۳۵؍پرو۵؍جی کا ڈیزائن اس سال کے آغاز میں پیش کیے گئے اوپوایف ۳۳؍پرو۵؍جی سے کافی ملتا جلتا ہے۔دونوں فون چندماہ کے وقفے سے پیش کیے گئے ہیں، اس لیے ان کے ڈیزائن میں زیادہ فرق نہ ہونا حیرت کی بات نہیں۔اس فون کے پچھلے حصے میں ہموار سطح دی گئی ہے، جبکہ اوپری حصے میں کیمروں کیلئے اسمائیل کرو ڈیزائن پرمبنی ماڈیول موجود ہے۔ کیمرا ماڈیول شیشے سے بنایا گیا ہے اور فون کی پچھلی سطح سے قدرے ابھرا ہوا ہے۔ اس شیشےکےنیچے چمکدار ذرات جیسا ایک خوب صورت ایفیکٹ بھی دیا گیا ہے، جسے کمپنی ’اسٹاری سی‘ (ستاروں بھرا آسمان) نام دیتی ہے۔
 
 
ڈسپلے: فون کے اگلے حصےمیں۷۸ء۶؍انچ کا امولیڈ ڈسپلے دیاگیا ہے۔۱ء۵؍کےریزولوشن،۱۴۴؍ہرٹز کا زیادہ ریفریش ریٹ اور گہرے سیاہ رنگ اسکرین پر ویڈیوز دیکھنے، فلمیں چلانے اور دیگر مواد سے لطف اندوز ہونے کے تجربے کو بہتر بناتے ہیں۔
سافٹ ویئر: اوپو ایف۳۵؍ پرو۵؍جی میں اینڈرائیڈ ۱۶؍ پر مبنی کلر او ایس۱۶ء۵؍دیا گیا ہے۔ سافٹ ویئر کا تجربہ مجموعی طور پر اوپو ایف ۳۳؍ پرو۵؍ جی جیسا ہے۔
ہارڈ ویئر: ہارڈویئر کے معاملے میں یہ فون اپنے حالیہ پیش رو کےمقابلے میں بہتر نظر آتاہے۔ اس اسمارٹ فون میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۶۰؍میکس چپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے، جو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔تاہم، اس فون کےبنیادی ماڈل میں صرف۶؍جی بی ریم دی گئی ہے، جبکہ اوپو ایف ۳۳؍پرو۵؍جی کے بنیادی ماڈل میں۸؍جی بی ریم موجود تھی۔ اس کمی سے فون کی قیمت کے مقابلے میں ملنے والی سہولتوں کی قدر کچھ کم محسوس ہوتی ہے۔
کیمرہ: سیلفی ایکسپرٹ کہلانے والے اس اسمارٹ فون میں کیمرےسب سے زیادہ توجہ حاصل کرتے ہیں۔ اس کے پچھلے حصے میں ۲؍کیمرے دیے گئے ہیں، جن میں ۵۰؍میگا پکسل کا مین کیمرا اور۸؍میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا شامل ہے۔
مین کیمرا مجموعی طورپر اچھی تصاویر کھینچتا ہے۔ دن کی روشنی میں تصاویرکے رنگ نمایاں اور دلکش دکھائی دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پروفائل کے لیے تصاویر لینے والے صارفین کو اس کی کارکردگی پسند آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ، کیمرے میں روشنی اور سائے کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی صلاحیت بھی مناسب ہے، خصوصاً اس قیمت کے زمرے کو مدنظر رکھتے ہوئے۔ مختلف حالات میں تصاویر کے معیار میں بھی کافی یکسانیت نظر آتی ہے۔پورٹریٹ موڈ میں بھی فون مناسب کارکردگی دکھاتا ہے۔ یہ اپنے پچھلے ماڈل کے مقابلے میں بہتر ہے، جس میں تصاویر میں جلد کو غیر فطری طور پر ہموار اور رنگت کو ضرورت سے زیادہ روشن دکھانے کا مسئلہ سامنے آتا تھا۔
بیٹری: سیلفی کیمرے کے علاوہ اس فون کی ایک بڑی خوبی اس کی طاقتور بیٹری اور تیز چارجنگ ہے۔ اس میں۸؍ ہزارایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے، جو طویل وقت تک استعمال کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

چند اہم باتیں

 اسکرین           ۷۸ء۶ ؍انچ ۵ء۱؍کے امولیڈ
پروسیسر          میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۶۰؍میکس
سافٹ ویئر       اینڈرائڈ ۱۶؍ پر مبنی  کلر او ایس ۱۶ء۵
ریم                  ۶/۸؍جی بی
اسٹوریج          ۱۲۸/۲۵۶؍ جی بی
کیمرہ              ۵۰+۸؍میگا پکسل 
سیلفی کیمرہ  ۵۰؍میگا پکسل
بیٹری               ۸۰۰۰؍ایم اے ایچ 
فاسٹ چارج      وائر:۸۰؍ واٹ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK