ٹاٹا کے مشہور فیشن برانڈ ’زوڈیو‘ کو ٹکر دینے کیلئے اسے قائم کیا گیا ہے،اسٹائل اپ نامی برانڈ کی ری برانڈنگ کرتے ہوئے اسے پیش کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 21, 2026, 11:27 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ٹاٹا کے مشہور فیشن برانڈ ’زوڈیو‘ کو ٹکر دینے کیلئے اسے قائم کیا گیا ہے،اسٹائل اپ نامی برانڈ کی ری برانڈنگ کرتے ہوئے اسے پیش کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں ویلیو فیشن کا بازار تیزی سے بدل رہا ہے۔ ایک طرف ٹاٹا گروپ کا زوڈیونوجوانوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکاہے، تو دوسری جانب آدتیہ برلافیشن ریٹیل لمیٹڈ(اے بی ایف آر ایل)نے اسی طبقے کو ہدف بناتے ہوئے اپنا نیا فیشن برانڈ ’اونڈ! OWND!‘ متعارف کرایا ہے۔ یہ برانڈ خاص طور پر جین زی اور نوجوان صارفین کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، جہاں کم قیمت، جدید ڈیزائن اور تیزی سے بدلتے فیشن ٹرینڈز کو یکجا کیا گیا ہے۔
اسٹائل اپ سے اونڈ! تک کا سفر
یہ دراصل کوئی مکمل طور پر نیا کاروبار نہیں بلکہ آدتیہ برلا فیشن اینڈ ریٹیل لمیٹڈ کے پہلے سے موجود’اسٹائل اپ‘برانڈ کی نئی شناخت (ری برانڈنگ)ہے۔ کمپنی نے نوجوان صارفین کی بدلتی ہوئی پسند، سوشل میڈیاکےاثرات اور تیز رفتار فیشن مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے اسٹائل اپ کونئے نام، نئے لوگو، جدید اسٹور ڈیزائن اور تازہ کلیکشن کے ساتھ ’اونڈ!‘کے طور پر پیش کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ آج کا نوجوان صرف کپڑے نہیں خریدتا بلکہ اپنی شخصیت، انداز اور طرزِ زندگی کا اظہار بھی فیشن کے ذریعے کرتاہے۔ اسی سوچ کو سامنے رکھتے ہوئے اونڈ!کا تصور تیار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: کیلون کلائن:عالمی سطح کے فیشن کا برانڈجو اپنے نام سے ہی مشہور ہے
نوجوانوں کے لیے تیار کیا گیا برانڈ
اونڈ کی پوری حکمت عملی ۱۸؍سے ۳۰؍سال کی عمر کے نوجوانوںکے گرد گھومتی ہے۔ برانڈ کے ملبوسات میں سوشل میڈیا، اسٹریٹ فیشن، کالج کلچر اور پاپ کلچر کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ہر نیا کلیکشن موجودہ ٹرینڈز اور نوجوانوں کی پسندکو مدنظر رکھ کر تیار کیا جاتا ہے، تاکہ صارفین کو عالمی فیشن کے مطابق لباس مناسب قیمت میں دستیاب ہو سکے۔
کن ملبوسات کی پیشکش؟
اونڈمیں تقریباً پورے خاندان کے لیے ملبوسات دستیاب ہیں، تاہم اس کی اصل توجہ نوجوان نسل پر مرکوز ہے۔
مردوں کے لیے ٹی شرٹس، اوور سائزڈ ٹی شرٹس، شرٹس، جینز، کارگو پینٹس، ٹراؤزرز، جیکٹس، ہوڈیز، سویٹ شرٹس، شارٹس اور ایتھلیزر ویئر پیش کیے جاتے ہیں۔
خواتین کے لیے ویسٹرن ٹاپس، کراپ ٹاپس، ڈریسز، ڈینم، کارگو، کو-آرڈ سیٹس، شرٹس، اسکرٹس، ٹراؤزرز، کیژول ویئر، ایتھنک ویئر اور لاؤنج ویئر کی وسیع رینج موجود ہے۔
بچوں کے لیے بھی جدید فیشن کے مطابق ملبوسات، کو-آرڈ سیٹس، ٹی شرٹس، جینز اور دیگر کیژول لباس دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ جوتے، بیگز، کیپس، بیلٹس، فیشن ایکسیسریز اور دیگر لائف اسٹائل مصنوعات بھی فروخت کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ورجیو: نوجوانوں کیلئے ماحول دوست ملبوسات تیار کرنے والا برانڈ
اسٹور کا منفرد تجربہ
اونڈ!صرف کپڑوں کی دکان نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک جدید شاپنگ اسپیس کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
اسٹورز میں روشن اندرونی سجاوٹ، کشادہ راستے، جدید ڈسپلے، سوشل میڈیا کے لیے موزوں فوٹو کارنرز اور ٹرینڈنگ کلیکشن نمایاں انداز میں پیش کیے جاتے ہیں۔ کمپنی کا مقصد خریداری کو ایک خوشگوار تجربہ بنانا ہے، نہ کہ صرف لین دین کا عمل۔
ہندوستان میں تیزی سے توسیع
لانچ کے بعدسے اونڈ!نےانتہائی تیزی سے اپنی موجودگی بڑھائی ہے۔ آج یہ برانڈ ۲۵؍سےزائد شہروں میں۸۵؍سے زیادہ اسٹورز کے ساتھ سرگرم ہے اور کمپنی مستقبل میں اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔اے بی ایف آر ایل کا ہدف آنے والے برسوں میں سیکڑوں نئے اسٹورز کھولنے کا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گینٹ میں امریکی روایت اور یورپی نفاست کا حسین امتزاج موجود ہے
ممبئی میں موجودگی
ممبئی میں بھی اونڈ!نے اپنی موجودگی مضبوط کرنا شروع کر دی ہے۔ ۲۰۲۶ءمیںبرانڈ نے ممبئی میں اپنے پہلے اسٹورز کا آغاز کیا، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اس کی توسیع جاری ہے۔ آج ممبئی اور تھانے میں اس کے ۳؍ اسٹوروجود میں آچکے ہیں۔ ان میں ایک اسٹور ملاڈ کے انفنیٹی مال میں ،دوسرا کلیان کے شیل پھاٹا روڈ پر میٹرو جنکشن مال میں اور تیسرا الہاس نگر میں موجود ہے۔
یاد رہے: یہ محض رہنمائی کا کالم ہے، آپ جس کسی بازار کا رُخ کریں، وہاں کی حتمی تفصیل خود حاصل کرکے اطمینان کرلیں۔ اس کیلئے اخبار ذمہ دار نہیں۔