Inquilab Logo Happiest Places to Work

پکسل ۹؍اے: گوگل کی عمدہ خصوصیات والا قدرے سستا فون

Updated: May 19, 2025, 10:52 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کا ڈسپلے اتنا ہی بڑا ہےجتنا پکسل ۹؍ میں ہوتا ہے،پروسیسر بھی وہی ہے، سافٹ ویئر عمدہ اور کئی خصوصیات کا حامل ہے، بیٹری پہلی بار بڑی دی گئی ہے۔

Google Pixel 9 and Pixel 9a can be seen together. Photo: INN
گوگل پکسل ۹؍ اور پکسل ۹؍اے کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 گوگل ہر سال اپنی اے-سیریز کے ذریعے ان صارفین تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہےجو پکسل فونز کا پریمیم تجربہ تو چاہتےہیں ، لیکن نسبتاً کم قیمت میں ۔ اسی سلسلے کی نئی کڑی پکسل ۹؍اےہے، جو کہ اس بار کئی اہم تبدیلیوں کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ اس فون کا ڈیزائن پہلےکےپکسل فونز کے مقابلے میں زیادہ نفیس اور پریمیم نظر آتا ہے۔ اس بار نہ صرف ڈسپلے بڑا اور زیادہ روشن ہے بلکہ سب سےخوش آئند بات یہ ہے کہ اس میں اب ۵؍ہزار ۱۰۰؍ ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری شامل کی گئی ہے، جو صارفین کو طویل وقت تک استعمال کی سہولت دیتی ہے۔ 
قیمت
 پکسل ۹؍ اے ہندوستان میں ۴۹؍ہزار ۹۹۹؍ روپےمیں دستیاب ہے، جوکہ اس کے ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج ورژن کی قیمت ہے۔ اسے صرف اسی ایک اسٹوریج ماڈل میں پیش کیا گیا ہے۔ 
ڈیزائن
 ڈیزائن کےلحاظ سے پکسل ۹؍اےپہلا تاثر بہت مثبت چھوڑتا ہے۔ پچھلے پکسل فونز کے مقابلے میں اس بار کیمرے کا ابھار یعنی ’بمپ‘ نہایت کم رکھا گیا ہے، بلکہ تقریباً ختم کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سےفون میز پر رکھتے وقت ہلتا نہیں ۔ گوگل نےپچھلے یعنی پکسل ۹؍ سیریز والا’کیمرا ویزر‘ختم کرکے ایک سادہ کیپسول نما کیمرہ کٹ آؤٹ دیا ہے، جو نہایت صاف اور نفیس محسوس ہوتا ہے۔ کیمرہ کے ساتھ فلیش لائٹ ہے اور بیچ میں گوگل کا لوگو موجود ہے۔ فون کے دائیں طرف پاور بٹن اور والیوم راکر، نیچے سم ٹرے، مائیک، یو ایس بی- سی پورٹ، اور اسپیکر، جبکہ اوپر کی جانب سیکنڈری مائیک دیا گیا ہے۔ 
ڈسپلے
 ڈسپلے کی بات کریں توپکسل ۹؍اےکااس بار بڑا ڈسپلے پکسل ۸؍اےکےمقابلےمیں زیادہ بہتر ہے۔ اس کا سائز اور ریزولوشن تقریباً پکسل ۹؍جتنا ہی ہے۔ 
سافٹ ویئر
 پکسل ۹؍اےاینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی ہے اور صارفین کو ایک خالص اور اشتہار سے پاک اسٹاک اینڈرائیڈ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اس میں وہی پریمیم فیچرز شامل ہیں جومہنگے پکسل ۹؍ پرو یا پکسل ۹؍پرو ایکس ایل میں ہوتےہیں ، جیسے کہ میجک ایڈیٹر، فوٹو ان بلر، پکسل اسٹوڈیو اورآٹو فریم۔ جیمنائی لائیوجیسے جدید اے آئی فیچرز کی بدولت صارف اب اپنے کیمرے کو استعمال کر کے بات چیت یا تصاویرکی ایڈیٹنگ جیسے کام بھی آسانی سے انجام دے سکتا ہے۔ ’ایڈ می‘ جیسے فیچر سے گروپ فوٹوزمیں اپنی تصویر شامل کی جا سکتی ہے، جبکہ خراب بیک گراؤنڈ کو بدلنے جیسے فنکشن بھی قابل ذکر ہیں۔ 
ہارڈ ویئر
 پرفارمنس کے لحاظ سےپکسل ۹؍ اےمیں ٹینسور جی ۴؍چِپ سیٹ دیا گیا ہے، جو دیگر پکسل ۹؍سیریزکے فونز میں بھی موجود ہے۔ حالانکہ یہ چِپ سیٹ اسنیپ ڈریگون ۸؍ جنریشن ۳؍ یا ڈائمنسٹی ۹۴۰۰؍جیسےفلیگ شپ پروسیسرز کے مقابلے میں پیچھے ہے، لیکن ۵۰؍ہزارکے بجٹ میں اس کی موجودگی کو مناسب مانا جا سکتا ہے۔ روزمرہ کے استعمال میں فون تیزی سے ایپس کھولتا ہے، یو آئی ہموار ہے، اور ملٹی ٹاسکنگ بھی بہترہے۔ تاہم صرف۸؍ جی بی ریم کچھ حد تک محدود لگتی ہے، کیونکہ اسی قیمت میں کئی فونز۱۲؍ جی بی ریم کے ساتھ آتے ہیں ۔ پھر بھی عمومی استعمال میں کارکردگی اچھی رہتی ہے۔ 
کیمرہ
 کیمرےکی بات کریں تو اس میں ۴۸؍میگا پکسل کا پرائمری ریئر کیمرہ ہے، جبکہ ۱۳؍ میگا پکسل کا الٹرا وائڈ لینس بھی موجود ہے۔ سامنےکی طرف ۱۳؍ میگا پکسل کاسیلفی کیمرہ ہے جو پنچ ہول کٹ آؤٹ میں ہے۔ پکسل فونز اپنی شاندار کیمرہ کارکردگی کے لیے مشہور ہیں ، جس کی بنیاد گوگل کی کمپیوٹیشنل فوٹوگرافی ہے، جو ہر تصویر کو سافٹ ویئر کے ذریعے بہتر بناتی ہے۔ 
بیٹری
 بیٹری کے معاملے میں پکسل اےسیریز میں یہ پہلا فون ہے جس میں ۵۱۰۰؍کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے۔ 

ڈسپلے               ۳ء۶؍انچ
پروسیسر           گوگل ٹینسور جی ۴
ریم                   ۸؍  جی بی ریم
اسٹوریج            ۱۲۸؍ اور۲۵۶؍ جی بی 
آپریٹنگ سسٹم      اینڈرائڈ۱۵؍
کیمرے             ۴۸؍،۱۳؍ اور۱۳؍ سیلفی
بیٹری               ۵؍ہزار۱۰۰؍ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK