Inquilab Logo Happiest Places to Work

پوکو سی ۷۱: اسمارٹ فون کی دنیا میں انتہائی سستا فون

Updated: June 16, 2025, 1:18 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

محض ساڑھے۶؍ہزار کی قیمت میں دستیاب یہ فون وہ شخص بھی خرید سکتا ہے جو اب تک بٹن والافون استعمال کررہا ہے اور اب اسمارٹ فون چاہتا ہے۔

Different colors of Poco C71. Photo: INN
پوکو سی ۷۱؍ کے مختلف رنگ۔ تصویر: آئی این این

۲۰۲۵ءمیں ۶؍ہزار ۴۹۹؍روپے کا بجٹ ایک اچھے اسمارٹ فون کے لیے مثالی نہیں سمجھا جاتا۔ خاص طور پرجب ایچ ایم ڈی کے کچھ فیچرفونزیااینڈرائیڈسےچلنے والے انتہائی سادہ فون مثلاًکیٹ ایس ۲۲؍ فلپ اس سے مہنگے ہوں۔ لیکن کچھ اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کویہ یقین ہے کہ اب بھی ایسے خریدار موجود ہیں جن کا بجٹ بہت ہی محدودہوتاہے، اور جو اپنے بٹن والے فیچر فون سے اپنا پہلااسمارٹ فون خریدنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ایسے صارفین کے لیےپوکو سی۷۱؍ایک موزوں انتخاب ہو سکتا ہے۔ 
ڈیزائن
 جتنا اس کا حق بنتا ہے، اتنی تعریف تو کرنی ہی چاہیے کہ پوکونے اینٹری لیول (ابتدائی درجہ) کے اسمارٹ فونز کو تھوڑا پرکشش بنانے کی کوشش کی ہے۔ سی ۷۱؍ کا ڈیزائن دو رنگوں پر مشتمل ہے۔ یہ پوکو سی ۷۵؍کے جاذبِ نظر یا نمایاں ڈیزائن جیسا شوخ نہیں ہے، لیکن ایک ہلکی سی مہذب جھلک پیش کرتا ہے۔ اس کے پچھلے حصے میں آرٹ ڈیکو طرزکا نقش ہے، جس میں سیدھی لکیریں ایک دوسرے کو کاٹتی ہوئی تقریباً آدھے پچھلے حصے پر محیط ہیں۔ ایک کیپسول نما کیمرہ آئی لینڈ، جس میں ۲؍کیمرے نصب ہیں، چمکدار سنہرے رنگ کی پالش کے ساتھ بغیر نقش والے حصے میں نمایاں ہے، جو ڈیزائن میں ایک خوبصورتی پیدا کرتا ہے۔ 
تکنیکی معلومات
 اسکرین کی بات کریں تو اس کی ریفرش ریٹ ڈیفالٹ طور پر ۶۰؍ ہرٹزپر سیٹ ہے تاکہ بیٹری کی بچت ہو۔ اس میں صرف ۲؍ متبادل ہیں جس میں دوسرا متبادل ۱۲۰؍ ہرٹز ہے۔ اس میں آپریٹنگ سسٹم کے طورپر ہائپر او ایس استعمال کیا گیا ہے جو کہ اینڈرائڈ ۱۵؍ (گو ایڈیشن)پر مبنی ہے۔ 
 جہاں تک بنیادی فیچرز کا تعلق ہے، پاور بٹن میں فنگر پرنٹ ریڈر دیا گیا ہے، جو بخوبی کام کرتا ہے۔ آپ اس میں ۵؍ فنگر پرنٹس تک محفوظ کر سکتے ہیں، جو کہ ایک اچھی بات ہے۔ اس میں ۲؍ نینو سم کارڈزکیلئےسلاٹس ہیں اور مائکرو ایس ڈی کارڈ کے لیے الگ سلاٹ بھی موجود ہے جس سے آپ اپنی میموری کو ایک ٹی بی تک پہنچاسکتے ہیں۔ ایک ۳ء۵؍ ایم ایم ہیڈ فون جیک بھی دیا گیا ہے، جو کہ اس میں موجود ریڈیو ایپ کے لیے لازمی ہے۔ کال کرنے کا معیار مناسب ہے، لیکن کال کی آواز تھوڑی دھیمی ہے۔ ویڈیوز دیکھتے وقت بھی اسپیکر کی آواز خاصی کم محسوس ہوتی ہے۔ جب فون کو افقی رخ میں تھاما جائے (مثلاً گیم کھیلتے وقت یا فلم دیکھتے ہوئے)، تو اسپیکر اکثر ہاتھ سے ڈھک جاتا ہے اور آواز دب جاتی ہے۔ 
ہارڈ ویئر
 اس فون میں یونی سوک ٹی ۷۲۵۰؍چپ سیٹ دیا گیا ہے، اور اس کی قیمت دیکھتےہوئےکارکردگی سے زیادہ توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ یہ پروسیسر ایپ کھولنے اور بنیادی سسٹم نیویگیشن کے لیے مناسب ہے۔ تاہم، جب کسی ایپ کو دوبارہ کھولنا ہو(ریم سے ریکال کرنا ہو)، تو اکثر ایپ دوبارہ شروع ہوتے ہیں، یعنی ریم مینجمنٹ کمزور ہے۔ اگرچہ سی پی یو اور جی پی یوکےاسکور کمزور ہیں، پھر بھی میں نے کچھ بھاری گیم کھیلے جاسکتے ہیں۔ 
کیمرے
 پوکو سی ۷۱؍میں ایک ۳۲؍میگا پکسل کا پیچھے والا کیمرہ ہے، جسے کمپنی ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ کہتی ہے۔ دراصل دوسرا کیمرہ صرف ڈیپتھ سینسر کے طور پر کام کرتا ہے، جو پورٹریٹ موڈ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ سیلفی کیلئے سامنے والا کیمرا۸؍ میگا پکسل کا ہے۔ 
بیٹری
 بیٹری پورا ایک دن آسانی چلتی ہے۔ اگر آپ بہت زیادہ کالز نہ کریں یا ایپس کم استعمال کریں تو یہ فون ایک دن سے کچھ زیادہ بھی چل سکتا ہے۔ لیکن اس کا زیادہ تر کریڈٹ ۱۲؍ این ایم یونیسوک چپ سیٹ کو جاتا ہے۔ جہاں تک چارجنگ کا تعلق ہے، ۵؍ ہزار ۲۰۰؍ ایم اے ایچ بیٹری کو مکمل چارج ہونےمیں ۲؍ گھنٹے۲۱؍منٹ لگتے ہیں، اوریہ کام اس کے ساتھ آنے والے ۱۵؍ واٹ کے فاسٹ چارجر کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے۔ 
ڈسپلے             ۸۸ء۶؍انچ
پروسیسر          یونی سوک ٹی ۷۲۵۰؍
ریم                 ۴؍ اور۶؍ جی بی ریم
اسٹوریج          ۶۴؍ اور۱۲۸؍جی بی
آپریٹنگ سسٹم   ہائپر او ایس(اینڈرائڈ ۱۵؍ گو ایڈیشن پر مبنی)
کیمرے           ۳۲؍میگا پکسل اور فرنٹ۸؍میگا پکسل
بیٹری             ۵؍ہزار۲۰۰؍ ایم اے ایچ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK