• Mon, 14 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیمسنگ گلیکسی اے ۲۷: قیمت میں اضافہ لیکن خصوصیات میں کمی

Updated: September 14, 2026, 12:31 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

خاص طور پر کیمروں کے معاملے میں کئی جگہ کمی کی گئی ہے، سیلفی کیمرہ ۱۳؍ کی جگہ ۱۲؍میگا پکسل، الٹراوائیڈ کیمرہ بھی ۸؍ کے بدلے۵؍میگا پکسل کا ہے۔

Samsung Galaxy A27. Image: INN
سیمسنگ گلیکسی اے ۲۷۔ تصویر: آئی این این

سیمسنگ نےحال ہی میں گلیکسی اے۲۷؍اسمارٹ فون کو۶؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج والے بنیادی ماڈل کیلئے ۲۸؍ ہزار ۹۹۹؍ روپے کی قیمت پر لانچ کیا تھا۔ لیکن اس وقت میموری چپس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث یہ توقع کی جارہی تھی کہ فون کی قیمت بھی جلد بڑھ سکتی ہے۔ ایسا ہی ہوا۔ سیمسنگ نے اپنی ایف اور ایم سیریز کے ساتھ اےسیریز کی قیمتوں میں بھی۲؍مرتبہ اضافہ کیا، جس کےبعد گلیکسی اے ۲۷؍کی ابتدائی قیمت بڑھ کر۳۳؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہوگئی ہے۔

 ڈیزائن:گلیکسی اے ۲۷؍دیکھنے میں کافی پریمیم محسوس ہوتا ہے۔پرانے واٹر ڈراپ نوچ کی جگہ اب ہول پنچ کیمرا کٹ آؤٹ دیاگیاہے، جس سے فون زیادہ جدید اور خوبصورت نظر آتاہے۔ پولی کاربونیٹ فریم کے دائیں جانب موجود چھوٹا سا ابھار برقرار رکھا گیا ہے، جس میں والیوم اور پاور بٹن موجود ہیں۔ تاہم پاور بٹن اب بھی فریم کے ساتھ بالکل ہموار ہے، اس لیے اسے انگلی سے محسوس کرکے تلاش کرنا کچھ مشکل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: موٹو جی میکس: عمدہ کیمرہ اور بہتر بیٹری کا حامل موٹرولا کا ایک اور فون

ڈسپلے:فون کا بڑا ڈسپلے ڈیفالٹ ’وِوِڈ‘ کلر پروفائل میں کافی شوخ اور بھرپور رنگ دکھاتا ہے۔ اگر ’نیچرل‘ موڈ منتخب کیا جائے تو رنگ نسبتاً متوازن اور قدرتی نظر آتے ہیں۔ دیکھنے کے زاویے بھی بہترین ہیں۔اس میںوائڈ وائن ایل ون سپورٹ موجود ہے، جس کی مددسےاو ٹی ٹی ایپس پرمکمل ایچ ڈی ریزولوشن میں ویڈیوز دیکھی جاسکتےہیں۔گھر کے اندر اسکرین کافی روشن نظر آتا ہے، لیکن باہر، خاص طور پر تیز دھوپ میں اسے دیکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔

سافٹویئر: سیمسنگ کے بیکسبی کی انٹیگریشن اچھی ہے، لیکن گوگل کی ایپس تک اسے مکمل رسائی حاصل نہیں ہے۔ اسی لیے وائس اسسٹنٹ کے طور پر اس کی صلاحیت کچھ محدود محسوس ہوسکتی ہے۔

کارکردگی:گلیکسی اے ۲۷؍کا۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج والا ماڈل۳۸؍ہزار۹۹۹؍روپے کا ہے۔ سیمسنگ نے اس فون میں ہائبرڈ سم ٹرے برقرار رکھی ہے۔ اس کے ذریعے صارف دوسری نینو سم کی جگہ۲؍ ٹی بی تک مائیکرو ایس ڈی کارڈ استعمال کرکے اسٹوریج بڑھا سکتا ہے۔لیکن جو صارفین ۲؍ سم کارڈ بیک وقت استعمال کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے مسئلہ ہے۔ انہیں ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج والا ماڈل خریدنا ہوگا یا پھر کسی دوسرے فون کا انتخاب کرنا پڑے گا۔پروسیسر کے معاملے میں گلیکسی اے ۲۷؍میں بہتری کی گئی ہے۔پرانے ایکسی نوس۱۳۸۰؍کے۵؍نینو میٹر پروسیس کے مقابلےمیں اب اسنیپ ڈریگون ۶؍ جنریشن۳؍استعمال کیا گیا ہے جو۴؍نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ اس سے پاور ایفیشنسی بہتر ہوئی ہے اور گرافکس کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔ نتیجتاً گیمز پہلے کے مقابلے میں بہتر چلتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: تواَنگ: ہماچل پردیش میں بادلوں، برف اور آبشاروں کی دلکش سرزمین

کیمرا:قیمت کو قابو میں رکھنے کے لیے گلیکسی اے ۲۷؍کے کیمرا ہارڈویئر میں خاصی کمی کی گئی ہے۔ بظاہر فون کا کیمرا سیٹ اپ وسیع نظر آتا ہے، لیکن تفصیلات پر نظر ڈالیں تو کئی شعبوں میں پچھلے ماڈل کے مقابلے میں تنزلی دکھائی دیتی ہے۔سیلفی کیمرے کو ۱۳؍ میگا پکسل کے سینسر سے کم کرکے۱۲؍میگا پکسل کردیا گیا ہے۔ الٹرا وائیڈ کیمرا بھی پہلے موجود۸؍میگا پکسل کے بجائے اب صرف۵؍ میگا پکسل کا ہے۔۲؍ میگا پکسل میکرو کیمرے کو برقرار رکھا گیا ہے۔

بیٹری: بیٹری لائف ٹیسٹ میںیہ ۱۲؍گھنٹےچلتا ہے۔ عام استعمال میں فون ایک دن تک چل جاتا ہے، لیکن جو صارفین زیادہ فون استعمال کرتے ہیں، خاص طور پر گیم کھیلتے یا ویڈیو اسٹریمنگ کرتے ہیں، ان کے لیے دن ختم ہونے سے پہلے بیٹری ختم ہونے کا امکان ہے۔سیمسنگ کا دعویٰ ہے کہ فون ۳۰؍منٹ میں ۴۵؍فیصد تک چارج ہوجاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK