اس مرتبہ کہانی کا محور علاقے پر قبضے سے کہیں زیادہ ذاتی دشمنی بن گیا ہے، وسیم خان اور وجے سنگھ کے درمیان بدلے کی جنگ بدستور جاری ہے۔
EPAPER
Updated: August 09, 2026, 12:12 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس مرتبہ کہانی کا محور علاقے پر قبضے سے کہیں زیادہ ذاتی دشمنی بن گیا ہے، وسیم خان اور وجے سنگھ کے درمیان بدلے کی جنگ بدستور جاری ہے۔
رکتانچل ۳ (Raktanchal 3)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون ایم ایکس پلیئر(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: نکیتن دھیر، کرانتی پرکاش جھا، سوندریہ شرما، رنجنی چکرورتی، چترنجن ترپاٹھی، پرمود پاٹھک، وکرم کوچر، باسو سونی
ڈائریکٹر: رِتم سریواستو
رائٹر: سدھارتھ مشرا
پروڈیوسر: اجے رائے، آنند شرما
موسیقار: آدتیہ بیڈیکر، منن منجل، پریش شاہ
سنیماٹوگرافر: ارون کمار پانڈے
ایڈیٹر: فیصل مہاڈک
آرٹ ڈائریکٹر: گیانیندر گپتا
ریٹنگ: ***
’رکتانچل‘ کےپہلے دونوں سیزنز کو ناظرین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی تھی۔ مشرقی اترپردیش یعنی پوروانچل کی سیاست اور گینگسٹرز کی باہمی دشمنی پر مبنی یہ مضبوط کرائم ڈراما اب تیسرے سیزن کے ساتھ واپس آگیا ہے۔ اس مرتبہ کہانی کا محور علاقے پر قبضےسے کہیں زیادہ ذاتی دشمنی بن گیا ہے۔ وسیم خان اور وجے سنگھ کے درمیان بدلے کی نہ ختم ہونے والی جنگ بدستور جاری ہے۔
کہانی
۸؍ ایپی سوڈپر مشتمل یہ سیزن ایک دلچسپ موڑ سے شروع ہوتا ہے۔ ایک ٹرک ڈرائیور کو گھنے جنگل میں زخمی حالت میں وسیم خان (نکیتن دھیر)ملتا ہے اور وہ اس کی جان بچاتا ہے۔ جب اس سے پوچھا جاتا ہے کہ اس پر کس نے حملہ کیا تھا تو وسیم وجے سنگھ (کرانتی پرکاش جھا) کا نام لیتا ہے۔ یہ بات حیران کن ہے، کیونکہ گزشتہ سیزن کے اختتام پر وجے کو مردہ تصور کیا گیا تھا۔ لیکن اب اس کی واپسی تمام پرانے حساب کتاب اور طاقت کے توازن کو پوری طرح بدل دیتی ہے اور پرانی دشمنی ایک نئے جوش کے ساتھ دوبارہ شروع ہوجاتی ہے۔ جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، دونوں کے درمیان تصادم مزید ذاتی ہوتا چلا جاتا ہے۔ بلال (ششی چترویدی) وجے کی ماں کو نشانہ بناکر اسے روپوشی سے باہر نکالنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن وجے مسلسل اپنے دشمنوں سے ایک قدم آگے رہتا ہے۔
اپنی بیوی رولی (سوندریہ شرما) کی یادوں سے پریشان وجے اب اقتداریا کسی بڑی سیاسی خواہش سے نہیں بلکہ صرف انتقام کے جذبے سے متحرک ہے۔ وہ وسیم سے ہمیشہ کے لیے اپنا حساب برابر کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ دوسری طرف بابا خان سیاست دان سرسوتی دیوی (ماہی گل)سے وسیم کی حفاظت کرنے کی درخواست کرتے ہیں، جبکہ نئے اے سی پی ہمانشو پٹنائک (کرن پٹیل) علاقے میں امن و امان بحال کرنے کے لیے ایک اسپیشل ٹاسک فورس تشکیل دیتے ہیں۔ یہ متوازی کہانیاں ناظرین کی دلچسپی برقرار رکھنے میں کامیاب رہتی ہیں، کیونکہ سیزن آہستہ آہستہ اپنے طے شدہ اور خوفناک تصادم کی طرف بڑھتا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اب ہوگا حساب: بیرون ملک جانے کے خواب پر ایک اثردار کہانی
ہدایت کاری
ہدایت کار رِتم شری واستو ایک مرتبہ پھر اس سنجیدہ اور تاریک ماحول کو قائم کرنےمیں کامیاب ہیں، جو اس فرنچائز کی شناخت بن چکاہے۔ تشدد کا انداز دیسی ہے اور کافی حقیقی محسوس ہوتا ہے۔ ایکشن مناظرکو مؤثر انداز میں فلمایاگیا ہے، جبکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں کا ماحول کہانی کو حقیقت کے قریب لے آتا ہے۔ یہ سیریز اپنی تاریک اور اخلاقی طور پر الجھی ہوئی دنیا کو کسی نرمی کے بغیر برقرار رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زمین سے جڑے ہوئے گینگسٹر ڈرامے پسند کرنے والے ناظرین کے لیے یہ سیریز خاصی پرکشش بن جاتی ہے۔
تاہم کہانی کی رفتار ہر جگہ یکساں نہیں رہتی۔ اسے برقرار رکھنے میں کبھی کبھار کچھ دشواری محسوس ہوتی ہے۔ بعض حصے دہرائے ہوئے لگتےہیں، جہاں کہانی کو آگے بڑھانےکے بجائے ایک ہی نوعیت کے جذباتی تصادم بار بار دکھائے جاتے ہیں۔ انتقام کا پہلو گزشتہ سیزن کے مقابلے میں کہانی میں جذباتی گہرائی ضرور پیدا کرتا ہے۔
اداکاری
اس سیزن کی سب سے بڑی خوبیوں میں سے ایک فن کاروں کی شاندار اداکاری ہے۔ نکیتن دھیر نے وسیم خان کے کردار میں ایک مرتبہ پھر زبردست اداکاری کی ہے۔ پردے پر ان کی موجودگی اور خوفناک حلیہ انہیں ایک خطرناک اور سفاک گینگسٹر کے طور پر قابلِ یقین بناتا ہے۔ تاہم جب ان کا کردار جذباتی کمزوری کے لمحات سے گزرتا ہے تو وسیم خان کی شخصیت کا ایک بالکل مختلف پہلو بھی سامنے آتا ہے۔ کرانتی پرکاش جھا نے وجے سنگھ کے کردار میں پورے اعتماد کے ساتھ اداکاری کی ہے۔ وہ ایک ایسے شخص کے طور پر دکھائی دیتے ہیں جو غم اور انتقام کے درمیان مسلسل الجھا ہوا ہے۔ ان کے کردار کا جذباتی سفر وجے کو ایسا کردار بنا دیتا ہے جس سے ناظرین آسانی سے جڑ جاتے ہیں۔ کرن پٹیل نے اے سی پی ہمانشو پٹنائک کے کردار میں پُراعتماد انداز میں انٹری کی ہے۔ ان کی پُرسکون اداکاری، باوقار باڈی لینگویج اور مکالموں کی ادائیگی کا انداز اس کردار کو قابلِ یقین بناتا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ وسیم خان اوروجے سنگھ کی کہانی سے پہلے ہی جڑے ہوئے ہیں تو کئی دلچسپ موڑ اور ہائی اسٹیکس ڈرامے سے بھرپور یہ سیریز آپ کو پسند آسکتی ہے۔ تاہم نئے ناظرین کو کہانی کے جذباتی پہلوؤں کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیےپہلے دونوں سیزنز سے کسی حد تک واقفیت ضروری محسوس ہوسکتی ہے۔