Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتن واڑی: احمد نگر میں بھنڈاردرا ڈیم کے قریب خوبصورت گائوں

Updated: May 22, 2025, 12:03 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سہیادری پہاڑی سلسلے کی آغوش میں بسا یہ گائوں نہایت پرسکون،حسین اور فطرت سے لریزہے۔اگست تا ستمبر یہاں ہریالی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔

The lush greenery of Ratanwadi village. Photo: INN
رتن واڑی گائوں میں چھائی ہوئی دلکش ہریالی۔ تصویر: آئی این این

رتن واڑی، مہاراشٹر کی جھیلوں، پہاڑوں اور پریوں جیسی خاموشی سے گھرا ایک ایسا گائوںہے جو سیاحت کے لیے ایک چھپی ہوئی جنت کی مانند ہے۔ یہ مقام، اپنی سادگی، روحانی سکون اور فطرتی حسن کےباعث اُن لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتاہےجو شہر کےشور شرابےسے تھک چکے ہیں، جو وقت سے آگے نکل جانا چاہتے ہیں اور جو زمین کی سانسوں کو سننا چاہتے ہیں۔
کہاں ہے رتن واڑی؟
 رتن واڑی، مہاراشٹرکے احمد نگر ضلع میں بھنڈاردرہ جھیل کے کنارےواقع ایک چھوٹا سا گاؤں ہے۔ اگر آپ ممبئی یا پونے سے سفرکر رہے ہیں، تو اگست-ستمبر کے مہینوں میں یہاں جانے کی کوشش کریں،یہ ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہوتا ہے۔ یہاں سبزہ اتنا گہرا ہوتا ہے جیسے زمین نے ہری چادر اوڑھ لی ہو، اور بادل اتنے نیچے آ جاتے ہیں جیسے ہاتھ بڑھائیں اور تھام لیں۔
بھنڈاردرہ جھیل
 جھیل کے نیلے پانی پربادلوں کا سایہ اور اردگرد کے پہاڑوں کا عکس، ایک ایسا نظارہ ہے جو دل میں اتر جاتا ہے۔ آپ چاہیں تو یہاں کشتی کی سواری بھی کر سکتےہیں،یا محض کنارے پربیٹھ کر خاموشی سے پانی کے ارتعاش کو محسوس کرتے ہوئے وقت گزار سکتے ہیں۔
راتن گڑھ  قلعہ 
 رتن واڑی سے پیدل سفر کر کے رتن گڑھ قلعہ تک پہنچنا، سیاحت سےزیادہ ایک روحانی تجربہ ہے۔ یہ قلعہ کبھی مراٹھاسلطنت کی شان تھا، آج یہ تاریخ کا گواہ ہے، اور ہر پتھر اپنے سینے میں کہانیاں چھپائے بیٹھا ہے۔مانسون میں راستے اتنے حسین ہو جاتے ہیں کہ ہر موڑ ایک تصویر جیسا لگتا ہے۔
کیمپنگ
 اگر آپ قدرتی نظاروں کے بیچ جی بھر کر جینے کا جذبہ رکھتے ہیں، تو رتن واڑی میں رات بسر کرنے کا سب سے خوبصورت طریقہ جھیل کے کنارے کیمپ میں قیام کرنا۔جہاں آپ بون فائر، ستاروں بھرے آسمان، ہلکی ہلکی بارش کی بوندوں اور دوستوں کے بیچ گنگناتے نغموں سے لطف لے سکتے ہیں۔ٹریکنگ کے شوقین حضرات رتن گڑھ قلعہ، سندی پناتھا اور کئی دیگر پہاڑی راستوں پر اپنا جوش آزما سکتے ہیں۔
 یہاں کیسے جائیں؟
 رتن واڑی مہاراشٹرکےضلع احمد نگر میں واقع ہے، اور بھنڈاردرہ ڈیم کےنزدیک بسا ہوا ایک نہایت پُرسکون، حسین، اور فطرت سے لبریزگاؤں ہے۔ یہ علاقہ سہیادری پہاڑی سلسلےکی آغوش میںہے۔
بذریعہ ٹرین :یہاں پہنچنے کیلئےسب سے پہلے آپ کو ممبئی سی ایس ایم ٹی یا دادرسے ٹرین کے ذریعے اِگت پُری یا گھوٹی ریلوے اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔یہ دونوں اسٹیشن سینٹرل ریلوےپر واقع ہیں، اور ممبئی سےتقریباًڈھائی تا۳؍گھنٹےگھنٹے کا سفر ہے۔گھوٹی یا اِگت پُری پہنچنےکے بعد، وہاں سے آپ کو پرائیویٹ گاڑی یا شیئر جیپ/ٹیکسی کرائےپر لینی ہوگی جو آپ کو بھنڈاردرہ ڈیم اور پھر رتن واڑی لے جائے گی۔گھوٹی سے رتن واڑی کا فاصلہ تقریباً ۳۰؍کلومیٹر ہے، لیکن پہاڑی راستوں کی وجہ سے یہ۱ء۵؍گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔
سڑک کے راستے:اگر آپ سڑک کے ذریعہ اپنی کار یا ٹیکسی سے جارہے ہیں تو آپ کوممبئی سےتھانے ہوتے ہوئےکساراگھاٹ کے راستےگھوٹی، شندےواڑی سے ہوتے ہوئےبھنڈاردرہ کے راستے رتن واڑی پہنچنا ہوگا۔ یہفاصلہ تقریباً ۱۸۰؍کلومیٹرہے جسے طے کرنے میں کیلئے آپ کو تقریباً ۵؍تا ۶؍گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
بذریعہ بس :اگر آپ بس کے ذریعہ جانا چاہتے ہیں توآپ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گھوٹی،اکولے یا راجور کے لیے چلنے والی بس میں سوار ہونا ہوگا۔واضح رہے کہ رتن واڑی کے لیے کوئی براہِ راست بس سروس نہیں ہے۔اس لئے ان بسوں میں سفر کے بعد آگے کا سفر آپ کو شیئر جیپ یا پرائیویٹ گاڑی سے طے کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK