اس کا اسکرین سائزمناسب ہے لیکن ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کےمعاملے میں یہ کافی اچھا ہے،میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۴۰۰؍الٹرا پروسیسر دیا گیا ہے۔
ریئل می پی۴؍ایکس کے مختلف رنگ۔ تصویر: آئی این این
ریئل می کی پی سیریزکےاسمارٹ فونزہمیشہ سے مناسب قیمت میں مضبوط کارکردگی پیش کرنےکے لیے جانی جاتی رہی ہے۔ حال ہی میںکمپنی نے ریئل می پی۴؍سیریز متعارف کرائی، جس میں ریئل می پی ۴؍ اور پی ۴؍ پروشامل ہیں۔خاص طور پر پی ۴؍ پرو اپنی قیمت کے حساب سے ایک متوازن اور مضبوط آپشن ثابت ہوا، جہاں اسٹائلش ڈیزائن اور گیمنگ پرمرکوزپرفارمنس کا اچھا امتزاج دیکھنے کوملا۔ اب سستے اسمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی پکڑ مزید مضبوط کرنےکے مقصد سےکمپنی نے ریئل می پی۴؍ ایکس فائیو جی لانچ کیاہے، جو کمپنی کےپورٹ فولیو میں ریئل می پی ۴؍سےنیچے کی پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔
قیمت
اس کی ابتدائی قیمت۶؍ جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی انٹرنل اسٹوریج والے ویریئنٹ کیلئے ۱۵؍ہزار ۴۹۹؍روپے رکھی گئی ہے۔
ڈیزائن
اس بارظاہری ڈیزائن کے معاملے میں قدرے نفاست اختیار کرتاہے۔یہ اپنے پچھلے ماڈل کے ڈیزائن کو آگے بڑھاتے ہوئے ہلکی پھلکی تبدیلیوں کےساتھ پیش کیاگیاہے، جس کا نتیجہ ایک خوش شکل اسمارٹ فون کی صورت میں نکلتاہے۔اگرچہ مڈ فریم اور بیک پینل میںاب بھی پولی کاربونیٹ کا استعمال کیا گیا ہے، مگر فلیٹ ایجز اور میٹ فنش کی بدولت فون ہاتھ میں زیادہ پریمیم محسوس ہوتا ہے۔
دائیں جانب پاور اور والیوم بٹن دئیےگئےہیں، جبکہ بایاں حصہ صاف رکھا گیا ہے۔نیچے اسپیکر گرِل، یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور سم ٹرے موجود ہے، جبکہ اوپر مائیک اور آئی آر بلاسٹر دیا گیا ہے۔
ڈسپلے
اس کے ڈسپلے کو صرف کاغذی اسپیسیفکیشنز کی بنیاد پر جانچنا قدرےمشکل ہے۔ایک طرف یہ ایل سی ڈی پینل کے ساتھ کچھ سمجھوتےکرتا ہے، تو دوسری طرف ۱۴۴؍ ہرٹزریفریش ریٹ اس قیمت میں ایک نایاب فیچر ہے۔ عملی استعمال میں ۷۲ء۶؍انچ اسکرین نیوٹرل کلر پروفائل کے ساتھ ویژولز دکھاتی ہے۔
ہارڈ ویئر اورسافٹ ویئر
اس میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی۷۴۰۰؍ الٹرا چِپ سیٹ دیا گیا ہے اور ۸؍ جی بی تک ریم اور ۲۵۶؍ جی بی تک اسٹوریج کا آپشن ملتا ہے۔سافٹ ویئر کے محاذ پر ریئل می یو آئی ۶؍میں کیمرا، گیلری، نوٹس اور دیگر ایپس میں اے آئی فیچرز پر خاص زور دیا گیا ہے۔ گوگل سرکل تو سرچ بھی دستیاب ہے۔ لاک اسکرین کسٹمائزیشن کے کئی آپشنزہیں، ساتھ ہی لائیو الرٹس فیچردیاگیاہے جو کسی حد تک ایپل کے ڈائنمک آئی لینڈجیسا تجربہ پیش کرتا ہے۔اس کے علاوہ ریئل می کےروایتی اے آئی فیچرزجیسے اے آئی ایریزر، اے آئی ریکارڈر، اے آئی گلیئرریمووراور پروڈکٹیوٹی کے لیے اسکینربھی موجود ہیں۔
کیمرے
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس میں ڈوئل رئیرکیمرا سیٹ اپ دیا گیا ہے، جس میں ۵۰؍ میگا پکسل پرائمری کیمرا اور ۲؍ میگا پکسل سیکنڈری سینسر شامل ہے۔ تاہم عملی طور پر صرف پرائمری سینسر ہی استعمال کے قابل ہے، یعنی الٹرا وائیڈ لینس موجود نہیں، اور نہ ہی او آئی ایس کی سہولت دی گئی ہے۔حقیقی استعمال میں کیمرا شوخ رنگوں والی تصاویر تو کھینچ لیتا ہے، مگراس میں ہر چیز باریکی سے نہیں دیکھی جاسکتی اور بعض اوقات اوور شارپننگ محسوس ہوتی ہے۔
بیٹری
بیٹری لائف اس کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے۔ فون میں ۷؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے، جو عام صارفین کے لیے آسانی سے۲؍ دن تک چل جاتی ہے۔ حتیٰ کہ معتدل استعمال، کالز، میسجز، سوشل میڈیا اور یوٹیوب کے ساتھ بھی یہ پورا دن، بلکہ اکثر اس سے زیادہ چل جاتا ہے۔