ایک استاد اور ان کے شاگردوں کی کہانی جو رہنمائی سے کب ان پر کنٹرول تک پہنچ جاتی ہے اس کا احساس ہی نہیں ہوتا، اداکاری عمدہ ہے۔
EPAPER
Updated: March 15, 2026, 9:55 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ایک استاد اور ان کے شاگردوں کی کہانی جو رہنمائی سے کب ان پر کنٹرول تک پہنچ جاتی ہے اس کا احساس ہی نہیں ہوتا، اداکاری عمدہ ہے۔
سنکلپ (Sankalp)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون ایم ایکس پلیئر(۱۰؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: نانا پاٹیکر، محمد ذیشان ایوب، کبرا سیت، آکرش الگھ، روپ درگاپال، کرانتی پرکاش جھا، سوربھ گوئل
ڈائریکٹر: پرکاش جھا
رائٹر: پرساد کدم، چندن کمار، ریشو ناتھ
پروڈیوسر: جیوتی دیشپانڈے، دیشا جھا
سنیماٹوگرافر: چندن کائولی
پروڈکشن ڈیزائن: ادئے پرکاش سنگھ
آرٹ ڈائریکٹر: پرمود مہارانا
کاسٹنگ ڈائریکٹر: شروتی مہاجن
ریٹنگ:****
بہترین اداکاروں میں شمار ہونے والے نانا پاٹیکرنےاگرچہ کچھ دیرسے، بالآخر او ٹی ٹی کی دنیا میں ایک مضبوط اور متاثر کن آغاز کیاہے۔ پرکاش جھاکی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز ’سنکلپ‘ امیزون ایم ایکس پلیئرپر ریلیز ہو گئی ہے۔ یہ سیریز قدیم ہندوستان کے عظیم فلسفی، ماہرِ معاشیات، سیاست دان اور بے مثال حکمتِ عملی کے ماہر چانکیہ کی سیاسی و فکری تعلیمات سےمتاثر ہے۔ اس کی کہانی ایک استاد اور بہترین رہنماکے گرد گھومتی ہے جس کا ایک نہایت باصلاحیت اور بلند حوصلہ شاگرد بھی ہے۔ نئے دور میں عقل، طاقت، وفاداری اور چالاک سیاسی حکمتِ عملیوں کے ٹکراؤ کو اس کہانی میں نمایاں کیا گیا ہے۔ سیریز یہ بھی واضح کرتی ہے کہ سیاست کی دنیا میں طاقت کا اظہار اکثر کھلے عام نہیں ہوتا بلکہ فیصلے سوچ سمجھ کر کیے جاتے ہیں اور وفاداریاں بند دروازوں کے پیچھے طے ہوتی ہیں۔
کہانی
لفظ ’سنکلپ‘کا مطلب عہد یا پختہ ارادہ ہوتا ہے۔ ہدایت کار پرکاش جھا اور کریئیٹر ریشو ناتھ نے۱۰؍ اقساط پر مشتمل اس سیریز میں استاد اور شاگرد کے تعلق کو ایک سیاسی ڈرامےکے ساتھ جوڑا ہے۔ کہانی بنیادی طور پر پٹنہ میں پیش آتی ہے اور اس کا مرکز ایک کردار’ماٹ صاحب‘(مقامی زبان میں ماسٹر صاحب) ہے، جسے نانا پاٹیکر نے ادا کیا ہے۔ ماٹ صاحب ایک معروف استادہیں جو گاؤں کے ذہین بچوں کیلئے ایک گُروکل چلاتے ہیں۔ وہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کے رہنما تیار کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا مقصد بظاہر سادہ مگر نہایت بڑا ہے یعنی تیز ذہن کے حامل نوجوانوں کو تعلیم دینا تاکہ وہ بااثرعہدوں تک پہنچ سکیں، چاہے وہ آئی اے ایس افسر ہوں یا ایسے اہلکار جو نظام میں تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ گُروکل میں ابتدائی تربیت کے بعد طلبہ کو دہلی کے چانکیہ کوچنگ سینٹر بھیجا جاتا ہے، جو ماٹ صاحب کی رہنمائی میں قائم ایک اور ادارہ ہے۔ وقت کے ساتھ ماٹ صاحب کے کئی شاگرد طاقتور بیوروکریٹس بن جاتے ہیں۔ ان میں آدتیہ (محمد ذیشان ایوب)، واسودیو (سوربھ گوئل)اورپروین(کبرا سیت)جیسے آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسر شامل ہیں۔ ان کرداروں میں دو باتیں مشترک ہیں : غیر معمولی ذہانت اور اپنےاستاد کے لیے بے مثال وفاداری۔ ان کے لیے ماٹ صاحب محض استاد نہیں بلکہ زندگی کا راستہ دکھانے والی ایک قوت ہیں جن کے ہر حکم کو وہ بغیر سوال کیےمانتے ہیں۔ تاہم وقت کے ساتھ ایک اہم سوال سر اٹھاتا ہے، کیا ماٹ صاحب واقعی مستقبل کے رہنما تیار کر رہے ہیں یا پھر وہ خاموشی سے نظام کے اندر اپنے وفاداروں کا ایک جال بُن رہے ہیں؟
یہ بھی پڑھئے: ہیلو بچوں: فزکس والا کے سفرکی مشکلات پیش کرنےوالی سیریز
ہدایت کاری
پراکاش جھا کی کہانی سنانے کی تکنیک رہنمائی اور ذہنی چالاکی کے درمیان ایک باریک لکیر پر چلتی ہے۔ سیریز بار بار ایک اہم سوال اٹھاتی ہےرہنمائی کب کنٹرول میں تبدیل ہو جاتی ہے؟ دو یا تین دہائیوں پرانے واقعات کو دکھانے والے فلیش بیک کے ذریعے کہانی آہستہ آہستہ واضح کرتی ہے کہ ماضی کے فیصلوں نے آج کے کرداروں کی شخصیت کو کس طرح تشکیل دیا ہے۔ ہر قسط تقریباً ایک گھنٹے کی ہے اور بعض مقامات پر کہانی قدرے کھنچی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
اداکاری
سنکلپ کی اصل جان نانا پاٹیکر کی زبردست اداکاری ہے۔ اپنی گہری اور اثرانگیز اداکاری کے لیے مشہور نانا نے اس کردار کو شور و غوغا کے بجائے نہایت ضبط اور ٹھہراؤ کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ان کا’ماٹ صاحب‘ ایک پرسکون، باریک بینی سے سوچنے والا اور حساب کتاب کے ساتھ قدم اٹھانے والا انسان ہےبالکل کسی ماہر شطرنج کے کھلاڑی کی طرح جو کئی چالیں پہلے ہی بھانپ لیتا ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ پردے پر ان کے چہرے کے معمولی تاثرات بھی طویل مکالموں سے زیادہ اثر چھوڑ جاتے ہیں۔
نتیجہ
یہ سیریز نانا پاٹیکر کا او ٹی ٹی پر پہلا قدم ہے اور سیاست، نظریات اور ذاتی کشمکش کا امتزاج اسے ایک ایسی تخلیق بناتا ہے جو نہ صرف دیکھی جا سکتی ہے بلکہ سوچنے پر بھی مجبور کرتی ہے۔