• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سانتا کروز مارکیٹ: کئی اعلیٰ درجے کی دکانوں کا مرکز

Updated: October 22, 2024, 11:48 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ویسے تو سانتا کروز اسٹیشن کے باہر پورا روڈ مارکیٹ پر مشتمل ہے لیکن نیتا للا،سیزنز اور بھگوان کٹ پیس سینٹریہاں کے چند قابل ذکر اسٹور ہیں۔

Seasons Store. Photo: INN
سیزنز اسٹور۔ تصویر : آئی این این

متعدد آن لائن اسٹورز کےبعد آج ہم ممبئی میں آف لائن یعنی حقیقی بازار کا جائزہ لیں گے۔ ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں سانتا کروز بھی ایک اہم علاقہ ہےجو باندرہ سےمحض ۲؍اسٹیشن دور ہے۔ اسے فلمی ستاروں کا دوسرا مرکز بھی قرار دیا جاسکتا ہےکیوں کہ یہاں پرکئی فلمی ہستیوں کےگھر بھی موجود ہیں یہاں تک کہ ان کا قبرستان بھی موجود ہے۔ لفظ سانتا کروز پرتگالی زبان کے دو الفاظ سے مل کر بنا ہے اور اس کا مطلب ’ہولی کراس‘ یعنی ’مقدس صلیب‘ جوعیسائیوں کےیہاں حضرت عیسیٰ کو صلیب پر چڑھائے جانے کی علامت کے طور پر مشہور ہے۔ علاقے کو یہ نام یہاں واقع ۱۵۰؍سال پرانے صلیب کی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔ اس صلیب کے علاوہ یہاں ایک بڑی سی مسجد بھی واقع ہے۔ حالانکہ مسجد تو ایک گلی کے اندر موجود ہے لیکن مین روڈپر ایک عبادتگاہ نظرآتی ہےجو دراصل سکھوں کا گردوارہ ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو یہاں کئی مذاہب کی عبادت گاہیں موجود ہیں جو ایک دوسرے سے قریب ہیں اور ہم آہنگی کی علامت ہیں۔ 
 آج یہ علاقہ کئی چیزوں کیلئے مشہور ہے جن میں یہاں واقع مشہورمارکیٹ سے لے کرجوہوچوپاٹی تک متعدد چیزیں شامل ہیں۔ سانتا کروز اسٹیشن کو ہی جوہو بیچ جانے کا اہم اور بنیادی اسٹیشن تسلیم کیا جاتا ہے اور یہیں سےجوہو بیچ جانے کیلئے خصوصی بس بھی ملتی ہے۔ جوہو بیچ کے علاوہ جوہو گارڈن بھی یہاں کا مشہور پارک ہے جہاں دور دور سے لوگ سیر و تفریح کیلئے پہنچتے ہیں۔ جوہو گارڈن کے سامنے ہی ایک قبرستان موجود ہے جس میں فلمی ہستیوں کی تدفین عمل میں آتی ہے۔ اسی قبرستان میں محمد رفیع سے لے کر نوشاد اور دیگر تمام اہم فلمی ستارے مدفون ہیں۔ 
 یہاں کے بنیادی مارکیٹ کیلئے آپ کو کہیں دور جانے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ کیوں یہ سانتا کروز ریلوےاسٹیشن سےمتصل ہے۔ اسٹیشن کے قریب سے ایس وی روڈ تک پہنچنے کے دومیان آپ کو یہ مارکیٹ نظر آئے گاجس میں متعدد دکانیں موجود ہیں جس میں ہر طرح کا سامان خریدا جاسکتا ہے۔ آئیے یہاں کی چند مشہور دکانوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ 
بھگوان کلیکشن
 ایک زمانہ تھا جب یہ دکان بھگوان کٹ پیس کارنر کے نام سے مشہور تھی اور ریڈیو میں اس کا خوب اشتہار آیا کرتا تھا۔ یہ ایک ایسی دکان ہے جہاں سے آپ کپڑے خرید کر یہیں سے سلواسکتے ہیں ۔ وقت کے ساتھ آج اس دکان میں کافی کچھ تبدیلی آچکی ہے۔ 
نیتا للا
 جیسا کہ پہلے کہا گیا یہ جگہ فلمی ہستیوں کا ایک اہم مرکز رہا ہے اور فلمی ہستیوں کیلئے نیتا للا ایک اہم ڈیزائنر رہی ہیں۔ ایسے میں ان کا شوروم بھی سانتا کروز میں ہی واقع ہے۔ مشہور فلمی اداکارائیں جیسے کہ ایشوریہ رائے، پرینکا چوپڑا، دپیکا پڈوکون، کترینہ کیف اور سشمتا سین ان کی گاہک رہی ہیں۔ ان کا اسٹوڈیو سنہرے اور زرد رنگ میں جگمگاتا رہتا ہے جو نہایت ہی شاندار نظر آتا ہے۔ 
سیزنز
 یہاں کے مشہور اسٹورز میں سیزنز نامی ایک اسٹور بھی شامل ہے جہاں سے آپ شادی بیاہ کے کپڑے خریدے جاسکتے ہیں۔ سانتا کروز اسٹیشن کے قریب بنائے گئے اوور بریج کے کنارے پر واقع یہ اسٹور یہاں کی مشہور دکانوں میں سےایک ہے۔ اس اسٹور میں آپ ۲؍ سے۳؍ گھنےبتاسکتے ہیں۔ اس اسٹور میں لہنگے، ساری، انارکلی شلوار سوٹ جیس چیزیں خریدی جاسکتی ہیں۔ 
دیگر اہم دکانیں 
 ان کے علاوہ بھی یہاں کئی بڑی اور اہم دکانیں موجود ہیں جن میں مصنوعی زیورات یعنی امیٹیشن جویلری کیلئے روز، سونے کے زیورات کیلئے مہتا امپوریم اورسیا آرٹ جویلری، جوتوں کیلئے اسکیچر فوٹ ویئر، فرنیچر کیلئے رائو لائف اسٹائل جیس متعدددکانیں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK