Inquilab Logo

آرگینک سبزیاں اور پھل خریدنے کیلئے ممبئی کے۵؍بازار

Updated: May 21, 2024, 12:54 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کیمیکل سے آلودہ سبزیوں اور پھلوں سے بچنے کیلئے آپ باندرہ،ورسوا، سی ووڈز،واشی یا لوور پریل کے خصوصی بازاروں میں کسانوں سے خریداری کرسکتے ہیں۔

Vegetables and fruits being sold by farmers located in Bandra. Photo: INN
باندرہ میں واقع کسانوں کے ذریعہ فروخت کی جارہی سبزیاں اور پھل۔ تصویر : آئی این این

خریداری کے نام پر ہمارے ذہن میں صرف کپڑوں کی خریداری ہی آتی ہے لیکن دیگر چیزیں بھی ہیں جنہیں خریدا جاتا ہے اوران کے خصوصی بازار بھی سجائے جاتے ہیں۔ کپڑوں کے چکر میں ہم اکثر کھانے پینے کی چیزوں خصوصی طور پربغیر پکا ہوا کھانایعنی سبزی ترکاری اور پھل وغیرہ۔ ویسے تو سبزی ترکاری کے مارکیٹ ہر گلی محلے میں آپ کو مل جائیں گے جہاں سے آپ بڑی تعداد میں سبزیاں وغیرہ خرید سکتے ہیں لیکن اکثر شکایت کی جاتی ہے کہ زیادہ تر سبزیاں اور پھر اگاتے وقت اسے کیڑے مکوڑوں سےبچانے کیلئے اس میں خطرناک کیمیکل ڈالے جاتے ہیں یا اچھی فصل کے چکر میں خطرنا کیمیکل پر مبنی کھاد وغیرہ ڈالی جاتی ہے۔ اس سے یہ پھل اور سبزیاں بھی ہماری صحت کیلئے نقصاندہ ثابت ہوتے ہیں۔ ایسے میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ نامیاتی طریقے سے اگائی ہوئی سبزیاں اور پھرکھانا چاہئے۔ اس کیلئے انگریزی لفظ ’آرگینک‘ زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ آرگینک سبزیاں اور پھر ہر جگہ دستیاب نہیں ہوتےان کیلئے ممبئی میں چند خصوصی بازار سجائے جاتے ہیں۔ آج ہم آپ کیلئے ایسے ہی۵؍بازاروں کا تعارف لے کر حاضر ہوئے ہیں جہاں خصوصی طور پر کسانوں کو مدعو کیا جاتا ہے جو نامیاتی طریقے سے اگائی ہوئی اپنی فصل لے کر آتے ہیں۔ 
باندرہ میں کسانوں کا بازار
باندرہ کے ڈی مونٹے پارک میں ایسا ہی ایک کسانوں کا بازار موجود ہے جسے کویتا مکھی نے ۲۰۱۰ء میں قائم کیا تھا۔ یہاں سے آپ اعلیٰ قسم کی آرگینک اور موسم کی مناسبت سے کھانے پینے کا سامان جس میں سبزیاں اور پھر شامل ہوتے ہیں خرید سکتے ہیں۔ ہر اتوار کو صبح ۹؍بجے سے شام ۳؍بجے تک سجنے والے اس بازار میں تازہ ترین سبزیاں اور پھل دستیاب ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ یہاں عام طور پر ملنے والی دیگر چیزیں بھی خریدسکتے ہیں جیسے کہ کافی، آرگینک کیک، جوس، لسی جو قریب ہی موجود سپلائر سپلائی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں وقفے وقفے سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں جیسے کہ فوک میوزک، آرگینک برنچ (دعوت) اور ورکشاپ وغیرہ۔ باندرہ کے اس آرگینک مارکیٹ میں خریداری کرکے آپ صحت بخش زندگی گزارسکتے ہیں۔ 
ورسوا آرگینک فارمرز مارکیٹ
 اگر آپ اس بڑھتی آبادی کا حصہ ہیں جو صحت بخش چیزیں کھانا پسند کرتی ہے تواندھیری میں ورسوا کا آرگینک فارمر مارکیٹ آپ کو ایک پوشیدہ خزانہ معلوم ہوگا۔ حرکت اسٹوڈیو کے مشیلا اس اسٹروبل اور سوزن ڈیاز کے ذریعہ شروع کیا گیا یہ مارکیٹ آرام نگر کے ہرے بھرے ماحول میں موجود ہےجہاں سے آپ آرگینک اور کھانے کی بہترین چیزیں خرید سکتے ہیں۔ بنیادی سبزیوں اور پھلوں کے علاوہ یہاں آپ آرگینک گوشت، گلوٹین فری مٹھائیاں، ہربل چائے اور میٹابولزم بڑھانے والے ڈرنک بھی خرید سکتے ہیں۔ 
سی ووڈز فارمرزمارکیٹ
 ایسا ہی ایک مارکیٹ نوی ممبئی کے سی ووڈز علاقے میں واقع سی ووڈ سینٹرل مال میں بھی ہفتے کے دو دن یعنی سنیچر اور اتوار کوصبح ۹؍سے رات ۹؍بجے تک سجایا جاتا ہےتاکہ آپ ہفتہ بھر کی تازہ اور کیمیکل سے پاک سبزیاں اور پھل خرید کر رکھ سکیں۔ یہاں پائی جانے والی ہر چیز آرگینک اور سبزیوں کی اقسام کو دیکھ کر آپ کو مایوسی نہیں ہوگی۔ 
واشی کی فارمرز مارکیٹ
 نوی ممبئی کا واشی جو کہ پورے ممبئی اور آس پاس کے علاقوں کو ہر طرح کی سبزی ترکاری سپلائی کرنے مرکز ہے، یہاں خصوصی طور پر کسانوں کا بازار بھی منعقد کیا جاتاہے جو ریاستی حکومت کے ایگریکلچر پروڈیوس مارکیٹنگ بورڈ کے ذریعہ منعقد کیا جاتا ہےجہاں عمدہ قم کی مقامی اورتازہ پیداوار ملتی ہے۔ 
آرگینک فارمر مارکیٹ، لوور پریل
 لوور پریل میں بھی آرگینک فارمرز مارکیٹ موجود ہے جہاں سے آپ صحت بخش اور آرگینک چیزیں خرید سکتے ہیں۔ ہفتے میں ایک دن یعنی سنیچر کو صبح ۱۱؍ سے شام ۵؍بجے تک سجنے والے اس بازار میں تازہ سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ آرگینک کیک بھی خرید سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK