Inquilab Logo

طویل سفر پر جانے سے قبل یہ ۵؍ اشیا ضرور خرید لیں

Updated: March 05, 2024, 10:19 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

تفریح کیلئےدوسرےشہر جاتے وقت کندھے پر لٹکانے والا بیگ، آرام دہ جوتے، پیکنگ کیلئے کمپریشن کیوب اور گردن کا تکیہ ضرور لے جائیں۔

Comfortable pillow. Photo: INN
آرامدہ تکیہ۔ تصویر : آئی این این

ان دنوں بچوں کے امتحانات جاری ہیں اور اس کے بعد چھٹیاں شروع ہوجائیں گی۔ ان چھٹیوں کے دوران اکثر لوگ کہیں نہ کہیں لمبے سفر پر جانے کا منصوبہ بناتے ہیں۔ چاہے آپ کسی پہاڑی مقام پر جائیں، کسی سمندر کنارے، کسی وادی میں یا اپنے کسی رشتہ دار کے گھر آپ کو اپنے ساتھ کچھ سامان لے جانا ہی ہوتا ہے۔ ویسے تو ہم زیادہ تربہت سارا سامان لے کر جاتے ہیں لیکن وہ سامان ایسا ہوتا ہے جو اپنےگھر میں رہتے ہوئے توکافی کارآمد ہوتا ہے لیکن سفر پر جانے کے دوران اتنا زیادہ کارآمد نہیں ہوتایا اس کی افادیت اتنی زیادہ نہیں رہ جاتی۔ کیوں کہ حضراورسفرکےدوران ہماری ضروریات تبدیل ہوجاتی ہیں اس لئے ہمیں ان مختلف مواقع پر مختلف قسم کا سامان استعمال کرنا چاہئے۔ آج ہم آپ کو کچھ ایسی چیزوں کے بارے میں بتائیں گے جو سفر پر جانے سے قبل آپ کو خریدلینا چاہئے تاکہ آپ کا سفر آسان ہو اور کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ 
کندھے پر لٹکانے والا بیگ
 آپ سیر و تفریح کیلئے باہر جانے پر عام طور پر یا تو اپنے کسی رشتہ دارکےگھرمیں ٹھہرتے ہیں یا دوسرے شہر جاکر ہوٹل یا ریزورٹ میں قیام کرتے ہیں۔ دونوں صورتوں میں آپ کو اپنے ساتھ ایک ایسا بڑا سا بیگ لے جانا چاہئے جسے آپ کاندھے پر لٹکاسکیں۔ کیوں کہ آپ اپنا سوٹ کیس یا سفر پر لے جایا جانے والا ٹرالی بیگ وغیرہ ہر جگہ نہیں لے جاسکتے۔ جب آپ وہاں قیام کے دوران سائٹ سیئنگ یعنی کسی تفریحی مقام پر جائیں گے تو اس طرح کا بیگ بہت مددگار ثابت ہوگاکیوں کہ اس دوران آپ کو پانی کی بوتل، چھوٹے موٹے کپڑے جیساچھوٹا موٹا سامان بھی لے جانا ہوگاجس کیلئے بڑا بیگ استعمال نہیں کیا جاسکتا اور زیادہ چھوٹا تھیلا بھی استعمال نہیں کرسکتے۔ یہ بیگ استعمال کرنے سے آپ کو چلنے پھرنے میں بھی پریشانی نہیں ہوگی اور ضرورت کاسامان آپ کے پاس موجود رہے گا۔ 
آرام دہ جوتے
 تفریح کیلئے جاتے وقت فارمل قسم کے چمڑےکے جوتے استعمال کرنا مناسب نہیں ہوتا کیوں کہ اس میں زیادہ لمبی دوری تک چلنا مشکل ہوتا ہے جبکہ چپل پہننا بھی صحیح نہیں ہوتا کیوں کہ چپل پہن کر زیادہ چلنے سے بھی پیروں میں درد ہوسکتا ہے۔ ایسے میں آرام دہ جوتے ساتھ لیجانا چاہئے جنہیں عام طور پر اسنیکر کہا جاتا ہے۔ انہیں پہن کر آپ لمبی دوری تک آسانی سے چل بھی سکیں گے، پیروں کو زیادہ نقصان بھی نہیں ہوگا اور دیکھنےمیں بھی اچھے لگتے ہیں۔ 
پیکنگ کیلئے کمپریشن کیوب
 جب ہم اپنا سامان سوٹ کیس یا ٹرالی بیگ میں یونہی بھر لیتے ہیں تووہاں جاکر کوئی ایک چیز نکالنا نہایت ہی دشوار ہوجاتا ہےکیوں کہ ایک مخصوص کپڑا یا دیگر کوئی چیز نکالنے کیلئے پورا بیگ کھنگالنا پڑتا ہے اور اس چکر میں پورا سامان اتھل پتھل ہوجاتا ہے۔ اس سے بچنے کیلئے آپ کو کمپریشن کیوب خرید لینا چاہئے۔ ان چھوٹے چھوٹے کیوبزمیں آپ ایک ایک قسم کا سامان ایک مخصوص کیوب میں رکھ سکتے ہیں اور پھر انہیں بیگ میں رکھنے سے آپ کو پورا بیگ کھنگالنا نہیں پڑے گا بلکہ جب آپ کو کوئی ایک مخصوص سامان نکالنا ہوگا تواس کا ہی کیوب نکال کر اس میں سے سامان نکال سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف سامان منظم طور پر رکھا جاسکتاہے بلکہ دیکھنے میں بھی اچھا لگتا ہے۔ 
پورٹیبل گارمنٹ اسٹیمر
 جب آپ کہیں جاتے ہیں تو ایک بہت بڑا مسئلہ کپڑوں پر پریس کا ہوتا ہے۔ سفرپر جاتے وقت بیگ میں کپڑے رکھنے سے وہ گنجلک ہوجاتے ہیں اور ہر جگہ آسانی سے پریس کرنے والا بھی دستیاب نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ اگر آپ اپنا پریس لے جائیں تو بھی پریس کرنا ہر جگہ ممکن نہیں ہوتا۔ ایسے میں پورٹیبل گارمنٹ آئرن اسٹیمر لے جانا ایک اچھا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سے آپ کہیں بھی اورکسی حالت میں اپنے کپڑوں کی شکن کو دور کرسکتے ہیں۔ 
گردن کا تکیہ
سفر کے دوران اکثر ہمیں بیٹھے بیٹھے سونا پڑتا ہے، ایسے میں عام تکیہ کام نہیں آتا۔ اس لئے سفر کے دوران گردن میں لگایا جانے والا تکیہ لے جاناچاہئے جسے کہیں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK