Inquilab Logo

گروویل۱۰۱: کاندیولی میں ہائی وے پر واقع شاندار مال

Updated: August 15, 2023, 12:09 PM IST | Muhammad Habib | Mumbai

ریلوے اسٹیشن سے بھی زیادہ دور نہیں، متعدد آئوٹ لیٹ پرکھانےپینے اور تفریح کے مواقع بھی دستیاب

 The exterior view of Groveville 101 Mall in Kandivali shows that this mall is big and grand.Photo. Inquilab
کاندیولی کے گروویل ۱۰۱؍مال کا بیرونی منظر جس سےظاہر ہوتا ہے کہ یہ مال بڑااورشاندار ہے۔تصویر:انقلاب

ممبئی میں ایک سے بڑھ کر ایک مال موجودہیں۔جس مال کو دیکھو لگتا ہے کہ وہ باقی سب سے بہتر ہے اور ہر مال اپنےآپ میں سب سےبڑا مال ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔آج ہم آپ کو جس مال سےمتعارف کرانے جارہے ہیں وہ بھی ایک بہت بڑا مال ہے۔ کاندیولی ایسٹ میں واقع یہ مال ہائی وے سےملحق ہے اور اسٹیشن سے بھی زیادہ دور نہیں۔ کاندیولی اسٹیشن سے شروع ہونے والااسکائی واک کاآخری سرا آپ کومال کے قریب پہنچادے گا۔ آپ کو تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲؍منٹ ہی اس اسکائی واک پر چلنا ہوگا۔
گروویل ۱۰۱؍مال کیساہے؟:حالانکہ یہ مال ہائی وے پرچلتی ہوئی گاڑیوں کے اندرسے بھی نظر آجاتا ہے اور وہیں سے اندازہ ہوجاتا ہےکہ یہ واقعی ایک بڑے روایتی مال کے مانند ہے۔ سب سے پہلے ایک طویل و عریض جگہ پارکنگ کیلئے مختص کی گئی ہے۔ اس کے آگے سیکوریٹی چیک اور اس کے آگے مال ہے۔گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے بھی ایسا شیشہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے گاڑی کے نیچےبھی دیکھا جاسکتاہے۔ مال میں داخل ہونے کے دوراستے ہیں ایک تو مال کا مرکزی دروازہ جبکہ دوسرا راستہ آپ کو براہ راست مال میں لے جانے کےبجائے یہاں واقع ایک اسٹورسینٹرو میں لے جائےگا۔یہ ایک ایسااسٹور ہے جس میں آپ کو ضروریات زندگی کی تمام چیزیں ایک ہی اسٹورمیں مل جائیں گی۔سینٹرو میں داخل ہوتے ہی آپ کو سب سے پہلے گھڑیوں کا سینٹردکھائی دے گا۔ اس کے آگے کپڑوں اور دیگر متعدد چیزوں کے حلقے بنائے گائے ہیں۔ مال کے مرکزی دروازے سے داخل ہوتے ہیں تو یہاں بھی مختلف چیزوں کے حلقے بنے ہوئے ہیں جن میں میک اپ اورایسی ہی دیگر چیزیں فروخت ہوتی ہیں۔اس راستہ کو پار کرکے آپ مال کے مرکزی گنبد کے نیچے پہنچتے ہیں جہاں سے مال نہایت ہی شاندار نظرآتاہے۔ان دنوں چندریان کا سفر جاری ہے اسی مناسبت سے اسرو کے ایل وی ایم۳؍ اورچاند کا ماڈل بنایا گیا ہےجہاں لوگ آکر تصویریں اور سیلفی کھینچتے ہیں۔
خواتین اور مردوں کی شاپنگ: دیگر مالز کی طرح یہاں بھی خواتین کےکپڑوں کیلئے متعدد اسٹور موجود ہیں جبکہ مردوں کی شاپنگ کیلئے بھی ۵؍ اسٹورہیں جن میں ایرو شرٹس، ریمنڈ، لیویز جینز، مفتی اور اسپائیکر شامل ہیں۔
چھوٹےاسٹال بھی موجود :   یہاں ایک جانب سینٹرو جیسے بڑے کثیر منزلہ اسٹور ہیںجہاں آپ کو ایک ہی چھت کے نیچے ضروریات زندگی کی تمام چیزیں مل جائیںگی تو دوسری جانب یہاں باکڑے نما چھوٹی دکانیں بھی پائی جاتی ہیں۔ چھوٹے آئوٹ لیٹ تو دیگر مالز میں بھی موجود ہیں لیکن یہاں کے دوسرے منزلےپرباکڑے نما دکانیں کچھ الگ ہی نظر آتی ہیں جن میں خواتین کیلئے لکھنوی انداز کے کپڑے ،مکھ واش اورایسی ہی دیگر چیزیں فروخت ہوتی ہیں۔
تفریح کابھرپور انتظام: تفریح کا انتظام تو ہر مال میں ہوتا ہے لیکن یہاںکچھ چیزیں زیادہ ہیں۔ چوتھے منزلے پر ٹائم زون کا آئوٹ لیٹ ہےجہاں بچے اور بڑے مختلف قسم کے گیم کھیل سکتے ہیں۔ اس کےعلاوہ گرائونڈ فلور پر بھی ایک گاڑی کھڑی نظر آتی ہے۔ ٹائر والی اس ٹرین کے ایک ڈبے میں ۲؍افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مال کی عمارت کے باہر احاطے میں بھی ٹرین نظر آتی ہے۔اس کے علاوہ پی وی آر کا ملٹی پلیکس بھی پورے خاندان کی تفریح کیلئے موجود ہے۔
لذت کام ودہن: کھانے پینےکے انتظام کے بغیرکسی مال کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔اس مال میںکھانے پینےکابھی بھر پور انتظام ہے۔ سب سےپہلے تو یہاں چوتھے منزلے پر بڑا سا فوڈ کورٹ موجود ہے جس میں میک ڈونالڈاور ایسے ہی دیگرمتعددآئوٹ لیٹس سے کھانالےکر کھایا جاسکتا ہے۔  اس کے علاوہ کچھ بڑے ہوٹل بھی موجود ہیں جن میں باربیکیو نیشن کا ایک بڑا سا سیکشن ہے۔ اس کے علاوہ  رومبے نامی ہوٹل جس میں آپ مٹن بریانی ریپ یعنی ایک قسم کی روٹی میں لپٹی ہوئی بریانی کھاسکتےہیں۔اس کے علاوہ ایٹیلیا، ایس برّو،کیفے بالی ووڈ،چائینا،اونلی پراٹھا اور مختلف قسم کے جوس کیلئے کین کرش نامی آئوٹ لیٹ واقع ہے۔جبکہ مٹھائیوں کیلئے شری گنگور سویٹس اور کراچی سویٹس کے آئوٹ لیٹ ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK