• Tue, 23 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیکنو پووا سلم ۵؍ جی : پتلے ڈیزائن میں عمدہ اور سستا متبادل

Updated: September 22, 2025, 2:04 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

پتلے ڈیزائن، شاندار ڈسپلے اور مناسب بیٹری کے ساتھ مارکیٹ میں ایک منفرد پیشکش ہے،پروسیسر کی سطحی کارکردگی اور محدود اسٹوریج کمزور پہلو ہیں۔

Tecno Pova Slim 5G is available in different colors. Photo: INN
ٹیکنو پووا سلم ۵؍جی کے مختلف رنگ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

اسمارٹ فون ڈیزائن کی تیزی سے بدلتی دنیا میں آج کل کا سب سےنیا رجحان یہ ہے کہ موبائل کمپنیاں پتلے فون بنانے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں تاکہ ان کافون ’’الٹرا سلم‘‘ نظر آئے۔ مگر یہ رجحان اکثر عملی نہیں ہوتا، کیونکہ اس کے نتیجے میں ایک نہ ایک کمی ضرور آجاتی ہے۔ ہاں، ایک لمحے کے لیے تو ایسا فون ہاتھ میں بہت دلکش لگتا ہے، لیکن یہ خدشہ رہتا ہے کہ اس کی بیٹری پورا دن ساتھ نہیں دے پائے گی۔ ایسے میں ٹیکنو، جو عموماً عوامی طبقے کے لیے مناسب قیمت والے فون بنانے کے لیے جانی جاتی ہے، نے اپنے نئے فون ٹیکنو پووا سلم۵؍جی کے ساتھ ’’الٹرا سلم‘‘ اسمارٹ فون کی دوڑ میں قدم رکھا ہے۔ اس کی قیمت ۱۹؍ ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے اور یہ صرف ایک ہی ویریئنٹ(۸؍ جی بی ریم +۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج) میں دستیاب ہے۔ 
 ڈیزائن
 ٹیکنو پووا سلم۵؍جی کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا غیرمعمولی پتلا ڈیزائن ہے۔ صرف۵ء۹۵؍ملی میٹر موٹائی کے ساتھ یہ اتنا ہلکا اور پتلا ہے کہ جیب میں رکھتے اور نکالتے وقت ٹوٹنے کا ڈر لگتا ہے۔ اس کی لمبی اور خم دار ساخت کے ساتھ وزن بھی محض۱۵۶؍ گرام ہے، جو اسے سب سے ہلکے اسمارٹ فونز میں شامل کرتا ہے۔ پچھلے حصے میں ڈوئل کیمرا ایک منفرد انداز میں عمودی رکھا گیا ہے اور اس کے گرد ’’ڈائنامک موڈ لائٹ‘‘ سسٹم دیا گیا ہے، جو نوٹیفکیشن، الارم، بیٹری اسٹیٹس اور کالز کے لیے روشنی کے اشارے دیتا ہے۔ البتہ اس میں صرف ۳؍طے شدہ پیٹرن ہیں، اپنی مرضی سے پیٹرن بنانے کی سہولت نہیں ہے۔ فون کے اوپرانفراریڈ بلاسٹر، نیچے اسپیکر، سم ٹرے، مائیکروفون اوریو ایس بی پورٹ ہیں۔ 
 ڈسپلے
 ڈیزائن کے بعد اس فون کی سب سے بڑی خوبی اس کا ڈسپلے ہے، جو۲۰؍ہزار روپے کے بجٹ میں بہترین شمار ہوتا ہے۔ یہ خم دار اسکرین کے ساتھ پریمیم احساس دیتا ہے، اگرچہ زیادہ نازک بھی ہے۔ امولیڈ پینل کی بدولت رنگ شاندار ہیں اور ’’ڈیپ بلیک‘‘ اور اچھا کنٹراسٹ فراہم کرتا ہے۔ 
سافٹ ویئر
 یہ فون ہائی او ایس ۱۵؍پر چلتا ہے جو ٹیکنو کا اپنا اینڈرائیڈ اسکن ہے۔ اس کی کارکردگی مجموعی طور پر اچھی ہے، مگر اس میں بلا ضرورت ایپس کی بھرمار ہے۔ انٹرفیس کو تھیمز، فونٹس اور ڈائنامک موڈ لائٹ کے ذریعے حسبِ منشا بدلا جاسکتا ہے۔ 
کارکردگی
 ٹیکنو نے اس فون میں ڈائمنسٹی۶۴۰۰؍چپ سیٹ دیا ہے، جو ایک مڈ رینج پروسیسرہےلیکن ۲۰؍ہزار روپے کی قیمت پر یہ کچھ کمزور انتخاب محسوس ہوتا ہے۔ یہی پروسیسر ٹیکنوکے۱۰؍ہزار روپے والے ماڈل میں بھی موجود ہے۔ اس فون میں صرف۱۲۸؍جی بی اسٹوریج ہے، نہ اس سے زیادہ ویریئنٹ ہے اور نہ ہی مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی سہولت، جو فوٹو یا ویڈیوز زیادہ رکھنے والوں کے لیے مسئلہ ہے۔ 
کیمرہ
 اس کا پرائمری کیمرہ دن کی روشنی میں کافی شفاف اور رنگین تصاویر کھینچتا ہے۔ وائٹ بیلنس درست ہے اور ایچ ڈی آرکے ساتھ انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں طرح کی تصاویر میں اچھا توازن نظر آتا ہے۔ تصاویر بغیر ایڈیٹنگ کے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے لائق ہیں، اگرچہ کبھی کبھی رنگ ضرورت سے زیادہ نمایاں محسوس ہوتے ہیں۔ 
 بیٹری
 دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنے پتلے ڈیزائن کے باوجود ٹیکنو نے اس میں ۵۱۰۰؍ ایم اے ایچ بیٹری شامل کی ہے، جو واقعی قابلِ تعریف ہے۔ خاص طور پر جب اس کا موازنہ ’’سیمسنگ گلیکسی ایس ۲۵؍ایج‘‘ جیسے فون سے کریں، جو ایک لاکھ روپے سے زیادہ قیمت کے باوجود صرف۳۹۰۰؍ ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ آتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK