ایکس اے آئی نے جمعہ کو ڈیٹا-لیبلنگ ڈویژن سے ۵۰۰ سے زائد ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے جو کمپنی کے گروک چیٹ بوٹ کو تربیت دینے کیلئے ڈیٹا تیار کرنے کے ذمہ دار تھے۔
EPAPER
Updated: September 13, 2025, 10:04 PM IST | Washington
ایکس اے آئی نے جمعہ کو ڈیٹا-لیبلنگ ڈویژن سے ۵۰۰ سے زائد ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے جو کمپنی کے گروک چیٹ بوٹ کو تربیت دینے کیلئے ڈیٹا تیار کرنے کے ذمہ دار تھے۔
بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ارب پتی ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے میدان میں سرگرم کمپنی ایکس اے آئی نے اپنے ڈیٹا-لیبلنگ ڈویژن سے ۵۰۰ سے زائد ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ جمعہ کی دیر رات کو کئے گئے اس اعلان کا اثر عام اے آئی ٹرینرز پر پڑا، جو کمپنی کے گروک چیٹ بوٹ کو تربیت دینے کیلئے ڈیٹا تیار کرنے کے ذمہ دار تھے۔
کمپنی کی جانب سے ای میل کے ذریعے ملازمین کو بتایا گیا کہ اگرچہ انہیں ان کے معاہدے کی مدت ختم ہونے تک یا ۳۰ نومبر تک تنخواہ ملتی رہے گی، لیکن کمپنی کے سسٹم تک ان کی رسائی فوری طور پر ختم کر دی جائے گی۔ میمو میں کہا گیا ہے کہ ”ہمارے ہیومن ڈیٹا کی کوششوں کا مکمل جائزہ لینے کے بعد، ہم نے اپنے ماہر اے آئی ٹیوٹرز کی توسیع اور ترجیحات کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ہم عام اے آئی ٹیوٹر کے کردار پر اپنی توجہ کم کر رہے ہیں۔“ کمپنی نے مزید کہا کہ ”اس تبدیلی کے حصے کے طور پر، ہمیں اب زیادہ تر عام اے آئی ٹیوٹرز کی ضرورت نہیں ہے اور ایکس اے آئی کے ساتھ آپ کی ملازمت ختم ہو جائے گی۔“
یہ بھی پڑھئے: ٹی سی ایس، مائیکروسافٹ، سیلز فورس اور اوریکل میں چھٹنی
اسی شام، ایکس اے آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ کمپنی کا نئے سرے سے ماہر اے آئی ٹرینرز کو بھرتی کرنے کا منصوبہ ہے اور اس اسٹریٹیجک تبدیلی کے حصے کے طور پر اس ٹیم کو ”دس گنا“ بڑھانے کا ارادہ ہے۔
قیادت میں تبدیلی
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، ان برطرفیوں کے بعد کمپنی کے سی ایف او مائیک لیبرٹور نے اچانک استعفیٰ دے دیا۔ ان کا استعفیٰ عہدہ سنبھالنے کے صرف چند ماہ بعد سامنے آیا۔ لیبرٹور نے، جو اپریل میں ایئربنب سے ایکس اے آئی میں شامل ہوئے تھے، کمپنی کو قرض اور ایکوئٹی فنڈنگ میں ۱۰ ارب ڈالر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریباً نصف ایکوئٹی کی حمایت مسک کی ایرو اسپیس کمپنی اسپیس ایکس نے کی تھی۔ اپنے مختصر دور میں، لیبرٹور نے میمفس، ٹینیسی میں ایکس اے آئی کے ڈیٹا سینٹر آپریشنز کو بڑھانے کی کوششوں کی بھی نگرانی کی۔ ان کی علیحدگی نے کمپنی کے گرد ہنگامہ آرائی میں اضافہ کیا ہے جو اے آئی کے میدان میں اوپن اے آئی، گوگل ڈیپ مائنڈ اور اینتھروپک جیسی بڑی کمپنیوں کامقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔