اس ویب سیریز کے ذریعہ تفریح فراہم کرنے کے ساتھ نیٹ ورک مارکیٹنگ کے نام پرفریب دہی پر مبنی اسکیموں کے تعلق سے آگاہ بھی کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 21, 2026, 10:46 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس ویب سیریز کے ذریعہ تفریح فراہم کرنے کے ساتھ نیٹ ورک مارکیٹنگ کے نام پرفریب دہی پر مبنی اسکیموں کے تعلق سے آگاہ بھی کیا گیا ہے۔
دی پیرامڈ اسکیم
(The Pyramid Scheme)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون پرائم ویڈیو(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: رنویر شوری، الفیہ جعفری، پرمویر چیما، وجے کمار، اشیش راگھو، بھوپیش کمار، انجان سریواستو، سمیر عالم، اسمیتا بنسل
ڈائریکٹر: شریانش پانڈے، آشیش شکلا
رائٹر: شریانش پانڈے، اکشیندر مشرا
پروڈیوسر: ارونبھ کمار، وجے رام مورت تیواری
موسیقی: آنند باجپئی
سنیماٹو گرافر: مورزی پگڑی والا
ایڈیٹر: مانس متل، مہندر سنگھ لودھی
ریٹنگ:***
نیٹ ورک مارکیٹنگ کے نام پر کس طرح کی دھوکہ دہی اور فریب کاری کی جا رہی ہے، اور کس طرح لوگوں کو راتوں رات امیر بننےکے خواب بیچے جاتے ہیں، اس کی جھلک ہمیں آئے دن سوشل میڈیا پر دیکھنے کو ملتی ہے۔ ٹی وی ایف کی نئی ویب سیریز ’دی پیرامڈ اسکیم‘ میں ہدایت کار شریانس پانڈے اور آشیش آر شکلانے ملٹی لیول مارکیٹنگ کمپنی ’جمبو لائف‘ کے ذریعے اسی حقیقت کو پردۂ اسکرین پر پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ امیزون پرائم ویڈیوپر ریلیز ہونے والی یہ سیریز اس دھوکہ دہی کی اس حقیقت کو بے نقاب کرتی ہے جسے اکثر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’میڈ ان انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری‘ ایک برانڈ کی نہیں لگن اور محنت کی کہانی ہے
کہانی
سیریز کی کہانی گولڈی چوہان (پرمویر سنگھ چیما) کے گرد گھومتی ہے، جس کے ذریعے ناظرین کو پیرامڈ اسکیم کے کام کرنے کا طریقہ سمجھایاجاتا ہے۔ گولڈی ایک نوجوان ہے، جس کی آنکھوں میں خواب ہیں۔ مالی تنگی سے پریشان گولڈی قرض خواہوں سے نجات حاصل کرنا چاہتا ہے اور اپنے خاندان کی نظروں میں عزت کمانے کے لیے بے تاب ہے۔ اس کا خواب ہے کہ صرف ۶؍ماہ میں اتنا پیسہ کما لے کہ ایک ہیلی کاپٹر خرید سکے۔ اس اسکیم کا فارمولا نہایت سادہ دکھائی دیتا ہے، آپ کو اپنے نیچے ۴؍افراد کو شامل کرنا ہے، پھر وہ ۴؍ افراد مزید چار چار افراد کو شامل کریں گے۔ ہر نئے رکن کی شمولیت کےساتھ رقم اوپر کی طرف جاتی ہے اور کمیشن مختلف درجات سے گزرتا ہوا سب سے اوپر بیٹھے افراد تک پہنچتا ہے۔ اسی ترتیب سے ایک اہرام (پیرامڈ) بنتا ہے اور یہی اس اسکیم کے نام کی وجہ بھی ہے۔
گولڈی کی قسمت اس وقت بدلتی ہے جب اس کی ملاقات منوج شریواستو (رنویر شوری) سے ہوتی ہے اور وہ اس کے ساتھ اپنا نیٹورک تیار کرنا شروع کرتا ہے۔ منوج ایک ہندی استاد ہے اور گفتگو کے فن میں غیر معمولی مہارت رکھتا ہے۔ کیا گولڈی واقعی کامیاب ہو پائے گا؟ کیا اس کا امیر بننے کا خواب پورا ہوگا؟ ان سوالات کے جواب جاننے کے لیے سیریز دیکھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسپائیڈر نوائر: پرانے دور کو زندہ کرنے والی سوپر ہیرو پر مبنی ویب سیریز
ہدایت کاری
دی پیرامڈ اسکیم‘ان ویب سیریز میں شامل ہے جو اپنی رفتار پکڑنےمیں کچھ وقت لیتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ کہانی پہلے۳؍ اقساط کےبعد پوری طرح روانی اختیار کرتی ہے۔ ابتدائی سست رفتاری بعض ناظرین کے صبر کا امتحان لے سکتی ہے، لیکن بعد میں یہی سرمایہ کاری فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ سیریز کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ نہایت مؤثر انداز میں دکھاتی ہے کہ پیرامڈ اسکیمیں کیسے کام کرتی ہیں اورلوگ کتنی آسانی سے جلد دولت مند بننے کے خوابوں کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔ سیریز ایک اور اہم حقیقت کو بھی سامنے لاتی ہے جسے عام طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ ایسی تنظیموں کے لیے کام کرنے والے بہت سے لوگ خود بھی دھوکہ دہی کا شکار ہوتے ہیں۔ ان میں سے اکثر افراد کو اوپر بیٹھے ہوئے کسی شخص نے متاثر کر کے اس جال میں پھنسا دیا ہوتا ہے اور پھر وہی لوگ انجانے میں اس سلسلے کو آگے بڑھاتے رہتے ہیں۔ ایک بار جب کہانی اپنی اصل رفتار اختیار کر لیتی ہے تو بعد کی اقساط تیزی سے آگے بڑھتی ہیں۔
اداکاری
سیریز کی کامیابی میں اداکاروں کی شاندار پرفارمنس کا بڑا کردارہے۔ پرمویر سنگھ چیما نے گولڈی کے کردار میں اس کی بے بسی، بلند خواہشات اور اخلاقی کشمکش کو انتہائی مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ رنویر شوری ایک سادہ مزاج لیکن نہایت قائل کرنے والے منوج شریواستوکے کردار میں متاثر کرتے ہیں۔ ان کی گفتگو اور اندازِ بیان ہی اس اسکیم کو فروغ دینے کا بنیادی ذریعہ بنتا ہے۔ آشیش راگھو نےایک ایسے کمزور اور غیر یقینی شخصیت کے حامل نوجوان کا کردار بخوبی نبھایا ہے جو زندگی میں اپنے قدم مضبوطی سے جمانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان سب کے درمیان شیکھر سمن پیرامڈ کے بالائی درجے پر بیٹھے طاقتور افراد میں سے ایک کے مختصر لیکن نہایت اہم کردار میں نظر آتے ہیں۔ اگرچہ ان کی اسکرین پر موجودگی محدود ہے، لیکن وہ اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلاتے ہیں۔ سشانت سنگھ بھی اپنے کردارمیں غیر متوقع تبدیلی سے ناظرین کو حیران کر دیتے ہیں۔
نتیجہ
دلچسپ کہانی، مضبوط اسکرین پلے اور بہترین اداکاری اس سیریز کو ایک مؤثر اور قابلِ دید پیشکش بناتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ناظرین ابتدا سے لے کر اختتام تک اس کے ساتھ جڑے رہتے ہیں اور یہ سیریز انہیں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ ایک اہم سماجی مسئلےپر غور کرنے پر بھی مجبور کرتی ہے۔