Inquilab Logo

گاندھی جی کیلئے خراج عقیدت کے طور پر لکھا گیا یہ گانا ملاحظہ کریں

Updated: October 02, 2023, 1:10 PM IST | Pradeep Niphadkar | Mumbai

مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی تیرہویں قسط میں وہ گیت ملاحظہ کریں جسے شاعر منموہن ؔ نے صرف سات روپے کے عوض لکھا تھا۔

Mahatma Gandhi not only freed the country by adopting the path of non-violence but also made this philosophy a torch for the whole world. Photo: INN
مہاتما گاندھی نے عدم تشدد کی راہ اپناکرملک کو نہ صرف آزاد کروایا بلکہ اس فلسفہ کو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ بنادیا۔ تصویر:آئی این این

احمد فراز ؔ نے یہ مشہور شعر کہا ہے کہ ’’ فرازؔ تو نے اسے مشکلوں میں ڈال دیا =زمانہ صاحب زر اور صرف شاعر تو‘‘ ،جب زمانہ صاحب ِزر ہے تو شاعر کی حالت کیا ہوگی یہ سبھی جانتے ہیں۔ ایسی ہی حالت مراٹھی کے مشہور شاعر منموہن جی کی تھی۔ ان کی مالی حالت  بہت اچھی نہیں تھی۔ وہ مشہور موسیقار گجانن واٹوے جی کے گھر گئے ۔ تمام  حال سنانے کے بعد انہوں نے صرف سات روپے اور آٹھ آنے مانگے تھے۔ واٹوے جی نے اس طلب پر انہیں کہا کہ آپ کے پیار محبت بھرے گانے مجھے نہیں چاہئیں۔ مہاتما گاندھی کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ ان پر کوئی گیت لکھ کر لائو۔ منموہن جی مخمصے میں پڑ گئے لیکن انہوں نے فوراً ہی گجانن جی کی بیٹی، جو اس وقت  اپنی اسکول کی تختی پر کچھ لکھ رہی تھی ،  سے وہ تختی لی  اوراسی پر گانا لکھ دیاجو مراٹھی میں گاندھی جی  کے لئے آج تک کا بہترین خراج عقیدت مانا جاتا ہے۔ آج ہم وہی گیت سنیں گے۔
منموہنؔ ،گوپال نرہر ناتو، کا تخلص تھا ۔ وہ ۱۹۱۱ء میں کولہاپور کے مانگائوں میں پیدا ہوئے جبکہ ان کا انتقال مئی ۱۹۹۱ء میں پونے شہر میں ہوا۔ میر تقی میرؔکی طرح شاعر کی خودداری منموہن میں بھی کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔
مراٹھی کے گلوکار اور موسیقار گجانن واٹوے کو بھائو گیت ( گیت کی ایک شکل جو غزل سے ملتی جلتی ہے )کا ماہر کہا جاتا ہے۔ جب مہاراشٹر میں فلموں کا دور نہیں تھا تب  جگہ جگہ گیتوںکے پروگرام ہوتے تھے۔ اس کی شروعات گجانن واٹوے نے ہی کی تھی ۔ ان کے کئی شاگرد تھے جن میں ایک نام عظیم گلوکارہ نورجہاں کی بہن اسماء جی کا بھی ہے۔ واٹوے نے یہ گانا راگ درباری  میں گایا ہے۔ آئیے گانا دیکھتےہیں: 
تی پہا ،تی پہا، باپوجی نچی پران جیوتی 
تارکانچا سمن مالا دیو تیانی واہتی 
(وہ دیکھو ، وہ دیکھو ،باپو کی چمکدار اور دمکتی ہوئی روح  جن کو خدا اپنے ہاتھوں سے ستاروں کی مالائوں سے نواز رہا ہے۔ وہ چمک رہی ہے ، دمک رہی ہے۔)
جھنجلا راجاسوے ہا ، رنگلا رنکاسوے ہا
پیٹتا دے ہے ہی آتا ،دیویتا دائون جاتی 
(انہوں نے بادشاہوں کا مقابلہ کیا لیکن ہمیشہ غریبوں اور دبے کچلے لوگوں کے درمیان رہنا پسند کرتے تھے۔ اب بھی دیکھو جب انہیں سپرد آتش کیا جا رہا ہے تب بھی ان کا بلند مرتبہ ، اعلیٰ درجہ اور ان کی صفات صاف نظر آرہی ہیں۔ )
چندناچے کھوڑ لاجے، ہا جھیجے تیانوہی 
آج کوٹی لوچنی چیا  آشرومالا سانڈتاتی 
(گاندھی جی نےاپنی زندگی میں اتنا کام کیا ہے کہ چندن بھی اس کے آگے پھیکا پڑ گیا ہے۔ واضح رہے کہ چندن کو گھسنے سے ہی خوشبو آتی ہے۔ ویسے ہی گاندھی جی نے اپنی پوری زندگی دوسروں کے لئے وقف کردی ۔ ان کے کرم دیکھ کرچندن اپنے آپ کو پھیکا محسوس کررہا ہے۔ گاندھی جی نے خود کو سماج کی بہتری اور خوشحالی کے لئے اس طرح سے وقف کردیا کہ چندن برسوں تک بھی یہ کام نہیں کرسکتا ۔آج ملک کے کروڑوں لوگ ان کو آنسوئوں کی مالا پہناکر وداع کررہے ہیں۔)

یہ بھی پڑھئے: پھول کے کھلنے پر لکھی گئی خوبصورت نظم پیش خدمت ہے

پرتھوی چیا اکشانشی لالی ، پرتھوی چیا ریکھا نشی لالی 
چار گوڑیا جیا اڑائیلا ،دشدیناننا کاپی تاتی 
(زمین  کے اوپرجو متوازی لکیریں ہیں ،طول البلد اور عرض البلد، ان پر لال رنگ پھیل گیا ہے۔ جو چار گولیاں گاندھی جی  پر داغی گئی تھیں اس سے چاروں سمتیں کانپنے لگی تھیں۔پوری زمین پر گاندھی جی کے خون کے چھینٹے نظر آرہے ہیں۔  )
نائو جیاچے ایکونیا تھرکلی سنگھاسنے
نا دھری تلوا ر ہاتی ،ہا اہنسے چا پجاری 
(جسکا نام سن کر تخت بھی کانپ اٹھتے تھے، وہ گاندھی جی چل بسے،جس نے زندگی بھر ہاتھ میں تلوار نہیں اٹھائی ، جس نے زندگی پھر عدم تشدد کا فلسفہ سکھایا اور وہی راستہ دکھایا ، جو اہنسا کے پجاری تھے ، وہ گاندھی جی گزر گئے۔)
ستیہ مانی دیو آنی جھنجلا کھوٹیاسوے
مرتیوچا انتم ویڑی ، نام راماچے مکھے
(جو سچ کو ، حق کو خدا مانتا تھا ، جھوٹ کا مقابلہ کرتا تھا ، اہنسا کا پجاری تھا ،اپنی موت کے وقت اس کے لبوں پر صرف پربھو’ رام‘ کا نام تھا۔ )
سندھو گنگا آنی جمنا  دھنیہ جھالی استھی نی 
راکھ تجھی  بھارتاچیا ، تلک جھالی رے للاٹی 
(آج ان کی استھیاں  سندھ، گنگا اور جمنا کے سپرد کی گئیں تو ان ندیوں کی قسمت کھل گئی۔ ان کی راکھ بھارت  کے ماتھے پر تلک جیسی  سج گئی ہے اور چمک رہی ہے۔)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK