Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیف پلیٹر؛پرانے نغموں کے ساتھ ملٹی کیوزِن پکوانوں کا لطف

Updated: June 02, 2023, 10:13 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ذائقہ داراٹالین، میکسیکی، چائنیز، اورینٹل، کونٹی نینٹل، لبنانی، تھائی اور انڈین پکوانوں کا مرکز،ایسے ریستوراں اکثر کمرشیل علاقوں میں ملتے ہیں

Exterior view of Chef Platter, Bandra (East), AC section in interior. image (inquilab)
شیف پلیٹر، باندرہ (مشرق) کا بیرونی منظر، اندرونی حصے میں اے سی سیکشن ہے۔ تصویر(انقلاب)

تیزی سے بدلتے زمانے نے لوگوں کو مختلف ثقافتوں کے لذیذ پکوانوں سے روشناس کروایا ہے۔ اب اطالوی یا تھائی ڈشز کھانے کیلئے اٹلی یا تھائی لینڈ جانے کی ضرورت نہیں۔ قرب و جوار میں ایسے کئی ہوٹل اور ریستوراں قائم ہوگئے ہیں جہاں مختلف علاقوں اور ملکوں کے لذیذ پکوان مناسب قیمت پر دستیاب ہیں۔

 
 دھیمی موسیقی میں محمد رفیع، لتا منگیشکر، مکیش، آشا بھوسلے اور کشور کمار جیسے سدا بہار گلوکاروں کے علاوہ نئے گلوکاروں کے نغموں کو سنتے ہوئے کیا آپ میکسیکی، لبنانی، اورینٹل، چائنیز، اٹالین، انڈین اور کونٹی نینٹل پکوانوں کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں؟
 باندرہ، مشرق میں کلکٹر آفس کے قریب ’’شیف پلیٹر: فلیورز آف رائلٹی‘‘ نامی ایک چھوٹا سا ریستوراں آپ کو یہ بیش قیمت موقع عنایت کرتا ہے جہاں آپ لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اپنے سیاہ نیم پلیٹ اور جاذب نظر رنگوں کی وجہ سے دکانوں کی قطار میں بالکل منفرد نظر آنے والے اس ریستوراں کا افتتاح ۱۴؍ دسمبر ۲۰۲۱ء کو ہوا تھا جس کے مالک وجے جالان ہیں جو اپنی بڑی بیٹی آنچل اور بیوی رینو جالان کے ساتھ اس کا انتظام سنبھالتے ہیں۔ 


 اپنے لذیذ پکوانوں اور میزبانی کے منفرد انداز سے محض ۱۵؍ ماہ میں شیف پلیٹر گاہکوں میں خاصا  مقبول ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مشہور شیف وِکاس کھنہ اور پکوانوں کیلئے گاہکوں کی رہنمائی کرنے والی کمپنی کرلی ٹیلز کے نمائندے بھی اس کے پکوانوں کا لطف اٹھاچکے ہیں۔ اس ریستوراں میں ایک مرتبہ بریک فاسٹ، برنچ، لنچ یا ڈنر کرنے والا اس کے ملٹی کیوزن مینو کے مختلف پکوانوں کو ضرور آزمانا چاہے گا۔ ریستوراں اے سی اور نان اے سی ہے۔ نان اے سی سیکشن میں درخت کے سائے اور تازہ ہوا کے احساس کے ساتھ شکم سیری یقیناً خوشگوار تجربہ ہوگا۔ تاہم، موسم گرما میں نان اے سی سیکشن غروب آفتاب کے بعد ہی آباد ہوتا ہے، پہلے نہیں۔ اہل خانہ اور احباب کے ساتھ تناول طعام کیلئے یہ ایک اچھا ریستوراں ہے۔


انقلاب کا تجربہ
 ہم نے یہاں سب سے پہلے میکسیکی ڈش اینشی لاڈُز آرڈر کی۔ میکسیکو میں اس ڈش کا ذائقہ کیسا ہوتا ہے، ہمیں نہیں معلوم، لیکن سرخ سوس میں ڈوبی روٹیاں جن میں سبزیاں، ترکاریاں اور بیج بھرے ہوئے تھے، کھا کر احساس ہوا کہ غالباً میکسیکو میں اس کا ذائقہ ایسا ہی ہوتا ہوگا۔ اس کے بعد اطالوی ڈش لزانیہ، فارم فریش پیزا اور براسی کباب (انڈین) کا آرڈر دے کر گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے ہم نے ٹھنڈے مشروبات جیسے فریش لائم سوڈا اور بٹر مِلک مسالہ کا لطف لیا۔ چند منٹوں میں تمام پکوان ہماری میز پر موجود تھے۔ لزانیہ اب عام ہے جسے ہم متعدد ریستورانوں میں کھا چکے ہیں اس لئے اس کا ذائقہ کچھ الگ محسوس نہیں ہوا البتہ شیف پلیٹر نے اس کی روایتی لذت کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی ہے۔


 فارم فریش پیزا، ریستوراں کی سِگنیچر یعنی امتیازی ڈشز میں سے ایک ہے اور مقبول ہے۔ پیزا کا ایک ہی ٹکڑا کھانے کے بعد تازگی کا احساس ہونے لگتا ہے۔ براسی کباب بالکل نیا تجربہ تھا کیونکہ کبھی ویج کباب کھانے کا اتفاق نہیں ہوا تھا۔ سبزیوں کو اچھی طرح کوٹ کر اسے چقندر چیز سے بھرا جاتا ہے اور ڈیپ فرائی کرکے تیکھے سلاد کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ پکوانوں کا لطف اٹھانے کا طریقہ یہی ہے کہ انہیں ان کے ساتھ پروسے جانے والے لوازمات کے ساتھ کھایا جائے ورنہ ذائقہ دوبالا نہیں ہوتا۔ کسی بھی ہوٹل میں اگر آپ کوئی بھی پکوان اس کے ساتھ سرو کئے جانے والے لوازمات کے ساتھ کھائیں تب ہی اس کا لطف یادگار بنتا ہے۔
 شیف پلیٹر کی سروس نے ہمیں متاثر نہیں کیا مگر شائستہ عملہ اور لذیذ پکوان متاثر کرتے ہیں۔ چند ہفتوں میں اس کے مینو میں رشین اور کورین ڈشز کے علاوہ مختلف قسم کے پاستہ بھی شامل ہونگے۔ اگر آپ باندرہ مشرق میں کسی عمدہ ہوٹل جانا چاہیں تو یہ اچھا مرکز ہے۔

شیف پلیٹر کیوں جائیں؟
صد فیصد ویج ریستوراں 
بجٹ فرینڈلی  (مناسب دام)
خوش اخلاق عملہ 
ملٹی کیوزِن (ڈھیر ساری ویرائٹی) 
انقلاب نے یہ پکوان آزمائے
اینشی لاڈُزl لزانیہl فارم فریش پیزاlبُراسی کباب lلیمن اینڈ منٹ موہتوl فریش لائم سوڈا l بٹر مِلک lاسپیشل مسالہ ٹیl کیسر پستہ وقت: دوپہر ۱۲؍ بجےسے رات ساڑھے ۱۱؍ بجے تک۔
وہ پکوان جو آپ آزما سکتے ہیں
دل خوش کباب، شیف اسپیشل سزلر، تھائی کڑھی، پنیر پٹیالہ، کیسوڈی، لذیذ دم بریانی (آل ویج)۔ 
lانسٹاگرام اور فیس بک
chefplatter_bandra
lپتہ: آرام شاپنگ سینٹر کے سامنے، نزد کلکٹر آفس اور چیتنا کالج، کلا نگر، باندرہ (مشرق)۵۱۔

eating out Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK