مان گڑھ قتل عام سے متعلق یہ کالم اپنے تاریخی سیاق کی وجہ سے ہماری توجہ کا زیادہ طلبگار ہے۔ کتاب کے مصنف ارون وا گھیلا نے مان گڑھ قتل عام سے لوگوں کی بے خبری کو افسوسناک بتایا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ امرتسر کا ’’جلیاں والا باغ‘‘ ہر شخص جانتا ہے لیکن جلیاں والا باغ سے چھ سال پہلے ۱۷؍ نومبر ۱۹۱۳ء کو مان گڑھ میں جو قتل عام ہوا اس کے بارے میں بہت کم لکھا گیا۔
ارون واگھیلا کی کتاب ’’آزادی کی جنگ کا آدیباسی رنگ‘‘ ( ۱۷؍ نومبر ۲۰۱۳ء مان گڑھ قتل عام) ۱۹۱۳ء میں شائع ہوئی تھی۔ مان گڑھ قتل عام کو سو سال ہو رہے تھے، اس موقع پر کتاب کا شائع ہونا تاریخ کے ایک نہایت اندوہناک ورق کو توجہ سے دیکھنا تھا۔ ۲۰۲۳ء میں کتاب کا گجراتی سے ہندی میں ترجمہ شائع ہوا۔ ڈاکٹر دھن لکشمی وطنانی کا ترجمہ میرے پیش نظر ہے۔ یہ عجیب اتفاق ہے کہ یہ کتاب ایک ایسے موقع پر ملی ہے جب قبائلی زندگی سے متعلق میرے دو کالم انقلاب میں یکے بعد دیگرے شائع ہو چکے ہیں۔ لیکن مان گڑھ قتل عام سے متعلق یہ کالم اپنے تاریخی سیاق کی وجہ سے ہماری توجہ کا زیادہ طلبگار ہے۔ کتاب کے مصنف ارون وا گھیلا نے مان گڑھ قتل عام سے لوگوں کی بے خبری کو افسوسناک بتایا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ امرتسر کا ’’جلیاں والا باغ‘‘ ہر شخص جانتا ہے لیکن جلیاں والا باغ سے چھ سال پہلے ۱۷؍ نومبر ۱۹۱۳ء کو مان گڑھ میں جو قتل عام ہوا اس کے بارے میں بہت کم سوچا اور لکھا گیا۔ وہ اس غفلت کو قبائلی برادری سے شعوری یا غیر شعوری گریز اور فاصلے کے طور پر دیکھتے ہیں۔ مان گڑھ کا بنیادی تعلق بھیل برادری سے ہے۔ گووند گرو کی قیادت میں مان گڑھ کی پہاڑی پر جو ہزاروں بھیل قبیلے کے لوگ اپنے حقوق کے سلسلے میں احتجاج کرنے کیلئے جمع ہوئے تھے، ان پر برٹش فوج نے گولیاں چلا دی تھیں۔
ارون واگیلا نے اس قتل عام کی روداد لکھنے کیلئے جتنی توجہ صرف کی ہے، وہ تحقیق کا ایک اعلیٰ نمونہ ہے۔ بھیل برادری کو مرکز میں رکھ کر ہندوستان کی قبائلی برادریوں کا احاطہ بھی کتاب میں موجود ہے۔ ’’ہم بھیل، ہماری پہچان‘‘ اس عنوان کے تحت جو تفصیلات پیش کی گئی ہیں انہیں دیکھ کر اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ بھیل برادری کتنی قدیم ہے اور اس کی پیدائش کے تعلق سے جو کہانیاں ہیں وہ بھی بہت دلچسپ ہیں۔ انہوں نے لفظ ’’بھیل‘‘ کو دراوڈی زبان کے بلو لفظ سے متعلق قرار دیا ہے۔ جس کا مطلب تیر ہے۔ ان کی یہ بھی تحقیق ہے کہ ابتدا ہی سے بھیل برادری اپنے ساتھ تیر رکھا کرتی تھی اور سنسکرت میں اس لفظ کا مطلب کاٹنا ہے۔ یہ بھی تحقیق کا دلچسپ پہلو ہے کہ یہ لفظ پہلی مرتبہ سوم دیو کے کتھا سرت ساگر میں درج کیا گیا۔ بھیل سے متعلق جو اطلاعات کتاب میں فراہم کی گئی ہیں وہ اصل میں مان گڑھ قتل عام کے اندوہناک واقعے کو تاریخی اور تہذیبی اساس فراہم کرتی ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ مان گڑھ قتل عام خود اپنے آپ میں ایک تاریخ بھی ہے اور لہو لہان تہذیب بھی، جو بتاتی ہے کہ تہذیب اپنی انتہائی صورت میں، اپنے مقاصد کی حصولیابی کیلئے دشمنوں کے ہاتھوں لہو لہان ہو جاتی ہے۔ لیکن یہ خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ ارون واگھیلا مان گڑھ قتل عام کو بھگت تحریک کی روح کے طور پر دیکھتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں: پہاڑوں میں بسے ہونے کے باوجود بھی یہ سخت جان اور متحرک طبقہ تھا۔ جدوجہد ان کے مزاج کا حصہ تھی۔ لیکن ترقی کی دوڑ میں سماجی اور اقتصادی نقطہ نظر سے پچھڑے رہ گئے تھے۔ خاص طور پر انگریزی حکومت اور مقامی جاگیردارانہ طاقتیں ان کی ضرورت کو سمجھ نہیں پائی تھیں۔ مان گڑھ سے پہلے یہ صورتحال بہت ہی مشکل تھی۔ بھگت تحریک کے تئیں مقامی صوبوں کی منفی روش کے سبب گرو گووند کو بھیل راج کے قیام کا خیال آیا۔
یہ بھی پڑھئے: اُمید کا اُجالا پھیل رہا ہے!
ارون واگھیلا نے ۱۷؍ نومبر ۱۹۱۳ء کے عنوان سے مان گڑھ قتل عام کے اسباب اور اس سے وابستہ مختلف بیانات کو یکجا کرکے جو نتیجہ اخذ کیا ہے، اس میں غیر جانبداری دیکھی جا سکتی ہے۔ بھیل برادری کیوں اکٹھا ہوئی تھی، ان کے اکٹھا ہونے سے کن لوگوں کو خطرہ تھا، اور گرو گووند کو سمجھانے کی زبانی و تحریری کوشش کا کیا نتیجہ برآمد ہوا، یہ وہ سوالات ہیں جو اس کتاب کی اہمیت کو بڑھا دیتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں: گرو گوند اور ان کے بھگت اور مان گڑھ تحریک کے بارے میں قبائلیوں کی بھی زبانی تاریخ کی روایت رہی ہے۔ اسے لاگو ہونے والے مختلف گیت، لوگ وچن رچے گئے ہیں۔ ایسے ایک مقامی عقیدے کے مطابق مان گڑھ میں اس وقت ایک سے ڈیڑھ لاکھ بھیل اکٹھے ہوئے تھے.... سرکاری دستاویز اس لشکری کارروائی میں ۲۸؍ بھیلوں کی موت اور ایک سپاہی کے زخمی ہونے کی جانکاری دیتے ہیں۔ کالو پانڈو نام کے بھگت کی چلائی ہوئی گولی ایک انگریز کو لگی تھی اور ایک دوسرا فوجی بھی مارا گیا تھا۔ دوسری طرف گرو گوند کے ذریعے پیش کردہ نتیجے کے مطابق اس لشکری حملے میں ۱۸۰۰؍ بھیلوں میں سے لگ بھگ آدھے بھیل فوت ہوگئے تھے۔ اس میں ایک عورت بھی ماری گئی جس کا بچہ دودھ پی رہا تھا۔ اس منظر کو دیکھنے کے بعد گولی باری بند ہوئی۔ مہلوکین اور زخمیوں میں عورتیں بھی تھیں۔‘‘
یہ سرکاری دستاویز کی روشنی میں جانکاری دی گئی ہے اور اس ضمن میں ۲۸؍ متوفین کے نام بھی دیئے گئے ہیں۔ ان ناموں کو کون جانتا ہے، اور اگر جانتا بھی ہے تو کوئی نئی تحقیق کے سامنے آنے کی امید بہت کم ہے۔ ارون واگھیلا نے سرکاری دستاویز سے بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں زبانی روایت سے بھی استفادہ کیا ہے۔ وہ اپنے طور پر حقائق کی روشنی میں یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مان گڑھ قتل عام ایک پرامن تحریک کا غیر پرامن چہرہ تھا۔ کتنے لوگ شہید ہوئے ان کی تعداد پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ مصنف کی نگاہ بھیل برادری کی زبانی روایات کی طرف جاتی ہے اور پھر جغرافیہ کی طرف بھی، جس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ مان گڑھ قتل عام میں شہید ہونے والوں کی تعداد سیکڑوں میں ہونی چاہئے۔ اس ضمن میں ایک تاریخ نویس کے طور پر انہوں نے چند نکات پیش کئے ہیں، جنہیں اگلے کالم میں پیش کیا جائے گا۔
مان گڑھ قتل عام کی تاریخ کیا کچھ کہتی ہے۔ اس سوال پر غور کرتے ہوئے پہلی بات جو ذہن میں ابھرتی ہے وہ ذہنی اور معاشی غلامی سے خود کو آزاد کرنا ہے۔ سنت گووند گرو کی قیادت میں سماجی اصلاح کا کام ایک مثال ہے۔ یعنی کوئی معاشرہ جب تک تعلیمی اور معاشی طور پر خود کفیل اور فعال نہ ہو جائے، تب تک وہ باہر کی طاقتوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ اتحاد خود بخود پیدا ہو جاتا ہے جب اجتماعی زندگی کے تعلق سے معاشرہ فکرمند بھی ہو اور مخلص بھی۔ سنت گووند گرو کی حیثیت ایک قائد کی تھی۔ وہ عوامی طور پر بہت مقبول تھے۔ ان کا تعلق بھی قبائلی خاندان سے تھا۔ قیادت جب تک عام انسانی زندگی کے ساتھ وابستہ رہتی ہے اس کا اعتبار بھی باقی رہتا ہے۔ قائد کا اشرافی یعنی عام انسانی زندگی سے بلند ہو جانا، تحریک کو کمزور کرنا ہے۔
یہ کہاں سے آئی ہے سرخرو ہے ہر ایک جھونکا لہو لہو
کٹی جس میں گردن آرزو یہ اسی چمن کی ہوا ہے کیا!
(کلیم عاجز)