Inquilab Logo

فتاوے: راستے میں پڑی ہوئی چیز کا حکم، پتے کی تبدیلی کے ساتھ سفر حج

Updated: February 23, 2024, 12:18 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) راستے میں پڑی ہوئی چیز کا حکم (۲) پتے کی تبدیلی کے ساتھ سفر حج (۳)روڈ حادثے میں انتقال کرجانیوالے کا مرتبہ(۴)عمرہ کے افعال (۵) قعدہ اخیرہ میں کھڑے ہونے کے بعد سجدۂ سہو

Hajj Journey With Change Of Address. Photo: INN
پتے کی تبدیلی کے ساتھ سفر حج۔ تصویر : آئی این این

راستے میں پڑی ہوئی چیز کا حکم
 ایک مسئلہ دریافت کرنا ہے کہ مجھے سڑک پر جاتے ہوئے سو روپے ملے، اب وہ تو عام راستہ ہے میں کس سے ان کے متعلق دریافت کرتا، تو کیا ان کو میں مسجد میں لگا سکتا ہوں؟ یا پھر کیا کیا جائے؟
 محمد مظفر، دہلی
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: اس مسئلے میں لقطے کے احکام جاری ہوں گے۔ علمی اصطلاح کی رو سے اگر کوئی بچہ سر راہ پڑاپایاگیا تو اسے لقیط کہتے ہیں جس کے احکام تفصیل کے ساتھ کتب میں لکھے ہوئے ہیں۔ کھیت کھلیان، سرراہ اپنی مملوکہ وغیرہ زمین پر کوئی چیز پڑی ہوئی پائی جائے تو اس کو لقطہ کہاجاتا ہے۔ ایسی اشیاء کا اٹھانا بندے کے لئے ضروری نہیں لیکن اٹھا لینے کے بعد اس کی حفاظت اورمالک کو تلاش کرکے اس تک پہنچانے کی کوشش ضروری ہے۔ پھر مالک مل گیا تو ٹھیک ہے ورنہ مالک کی طرف سے صدقے کی نیت سے کسی غریب کو دےدے اور اگر اٹھانے والا خود غریب اور ضروتمند ہے تو وہ خود بھی رکھ سکتا ہے لیکن یہ نیت رہے کہ مالک آگیا تو اس چیز کی قیمت اس کو ادا کردی جائےگی۔ صورت مسئولہ میں جو رقم ملی ہے بھلے معمولی ہے مگر احکام کی رعایت لازم ہے لہٰذا اس رقم کومسجد وغیرہ کے بجائے غرباء و مساکین ہی کو دیا جائےگا۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
پتے کی تبدیلی کے ساتھ سفر حج
چند سال قبل میری امی بڑے بھائی کے ساتھ میں انٹر نیشل پاسپورٹ سے حج کرنے گئی تھیں، اس میں نہ تو فنگر پرنٹ (انگلی چھاپ) تھا اورنہ ہی ریٹین ٹیسٹ ہواتھا۔ اس باروالدہ میرے اوروالد کے ساتھ دوبارہ حج کرنے اپنے میکے کے ایڈریس سے پاسپورٹ بنواکر جانا چاہتی ہیں، کیا یہ صحیح ہوگا؟ ہم لوگ اسی سال جانا چاہتے ہیں۔ 
 ہلال اختر، ممبئی
 باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق:میکے کے ایڈریس سے پاسپورٹ بنوانے کی وجہ کیا ہے؟ کیا سابقہ ایڈریس سے پاسپورٹ بنوانے میں کوئی رکاوٹ ہے؟ کوئی رکاوٹ ہے تو اسے ظاہر نہ کرتے ہوئے نیاپاسپورٹ ایک طرح سے دھوکا بھی ہوگا اور گرفت کا بھی خدشہ رہےگا البتہ میکے سے کسی جذباتی لگائو کی وجہ سے پاسپورٹ بنوانے کا ارادہ ہے، کاغذات بھی درست ہیں اور کسی گرفت کا اندیشہ بھی نہیں تو اس صورت میں وہاں سے پاسپورٹ بنواکر بھی جا سکتے ہیں۔ حالات کو آپ بہتر سمجھ سکتے ہیں، اس کے مطابق فیصلہ کرلیں تا ہم احتیاط میں بہتری ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
روڈ حادثے میں انتقال کرجانیوالے کا مرتبہ
روڈ حادثے میں اگر کسی کا انتقال ہو جائے تو کیا اس کے لئے بھی وہی فضیلت ہے کہ بغیر حساب وکتاب کے جنت میں داخل ہو گا؟
 محمد سراج الدین، اجمیر
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق:قران کریم میں ارشاد ربانی ہے کہ جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کردئیے جائیں ان کو مردہ نہ کہو، وہ اپنے رب کے حضور زندہ ہیں اور انہیں رزق دیئے جاتے ہیں۔ (القرآن الکریم) اسلام نے امت محمدیہ کے صالحین کے واسطے جو مراتب مقرر کئے ہیں ان میں پہلا درجہ ہے صدیقین، دوسرا شہداء اور تیسرا صالحین۔ شہداء کو اسلام نے جو بلند مقام دیا ہے وہ راہ حق کے لئے خود کو قربان کرنے والوں کا ہے یہی حقیقی شہداء ہیں البتہ فضیلت کے طور پر دوسروں کو بھی مجازاً شہادت کی خوش خبری دی گئی ہے جیسے پیٹ کی بیماری میں مرنے والے اور ایکسیڈنٹ وغیرہ میں کام آنے والے وغیرہ؛ لیکن ان کا وہ مرتبہ نہیں جو راہ حق کے مقتولین کاہے البتہ شہادت کی نوید ان کے لئے بھی ہے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: ترکے میں حصہ، بیٹیوں کا حق، متوفیہ کی وراثت کا حق دار کون؟، گھر کی وراثت اور فروخت کا مسئلہ

عمرہ کے افعال 
زید عمرہ کے لئے جانا چاہتا ہے اس لئے آپ سے عمرہ کے افعال، واجبات و مستحبات کے تعلق سے تفصیلاً جاننا ہے، شرعی رہنمائی فرمائیں۔ 
عبد الرشید، جلگاؤں 
 باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: مختصراًپہلے یہ ذہن نشین کر لیں کہ میقات سے صرف حج کا احرام باندھ کر جانا اِفراد کہلاتا ہے، ایک ساتھ حج وعمرہ کا احرام باندھنے کوقِران کہاجاتا ہے اور پہلے عمرہ کا احرام باندھ کر پھر حرم سے احرام حج باندھ کر مشاعر حج کے لئے روانگی ہو تو اسے تمتع کہتے ہیں۔ عمرہ کے تین ارکان ہیں :
اول طہارت کامل کے ساتھ بیت اللہ کا طواف۔ 
 دوم صفا مروہ کے درمیان سعی اور 
سوم ان سے فراغت کے بعد حلق یا قصر کے ذریعہ احرام سے باہر آنا۔ مستحبات میں میقات پر احرام باندھنے سے پہلے ممکن ہوتو غسل کر لیں نیز ضروری بالوں اور ناخن وغیرہ کی صفائی وغیرہ بھی کرلی جائے۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم
قعدہ اخیرہ میں کھڑے ہونے کے بعد سجدۂ سہو
 ایک مسئلہ دریافت کرنا تھا کہ کسی شخص پہ سجدۂ سہو واجب ہو گیا تھا اور آخر میں وہ سلام پھیر کر کھڑا ہو گیا تھا، بس یہی عمل ہوا، اِدھر ُادھر نہیں دیکھا، قریباً دو سیکنڈ کھڑا رہا اور پھر واپس بیٹھ کر اس نے التحیات پڑھ کر اور سجدۂ سہو کر کے دوبارہ نماز مکمل کی۔ کیا اس کی نماز ہو جائے گی؟
عابد حسین، بنگلور
باسمہ تعالیٰ۔ ھوالموفق: سوال سے جو نوعیت سمجھ میں آرہی ہے اس کے مطابق نمازی پر سجدۂ سہو واجب ہو گیا تھا لیکن اس نے سجدۂ سہو نہیں کیا بلکہ سیدھا دو سکنڈ تک کھڑا رہنے کے بعد واپس آکر سجدۂ سہو کیا، اس دورا ن کوئی ایسا عمل اس نے نہیں کیا جو مفسد صلوٰۃ ہو، اس صورت حال میں اس شخص کی نماز درست ہوجائے گی، اعادہ وغیرہ کی ضرورت نہیں۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK