• Fri, 30 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: عدت کا ایک سوال، معذور کی نماز اور کرسی کا استعمال، اوقات مکروہہ میں نماز

Updated: January 30, 2026, 9:02 PM IST | Mufti Azizurrehman Fatehpuri | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱)معذور کی نماز اور کرسی کا استعمال (۲)عدت کا ایک سوال (۳)اوقات مکروہہ میں نماز

Photo: INN
تصویر: آئی این این

معذور کی نماز اور کرسی کا استعمال

زید معمر انسان ہے، قیام اور رکوع کی استطاعت رکھتا ہے مگر سجدہ کرنے سے قاصر ہے۔ زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کی صورت میں بیٹھنے اور اشارے سے رکوع کر سکتا ہے مگر اس حالت میں بھی سجدے سے قاصر ہے، تو زید کیلئے مناسب کیا ہے ؟وہ زمین پربیٹھ کر نماز پڑھے یا کرسی پر بیٹھ کر قیام اور رکوع کے ساتھ نماز ادا کرے ۔زید مسجد میں دیرتک رہتا ہے، سب نمازی جا چکے ہوتے ہیں اسلئے  زمین پربیٹھنے کی صورت میں اٹھنے کے لئے کسی کی مدد بھی نہیں لے سکتا تو کیا کرسی پر بیٹھنے کی اجازت ہوگی؟

خالد سر، تھانہ

 باسمہ تعالیٰ ۔ھوالموفق: قیام،رکوع اور سجدہ یہ سب نماز کے فرائض میں سے ہیں۔ جو شخص قدرت رکھتا ہے وہ اگر کھڑے ہونے کے بجائے بیٹھ کر نماز پڑھنا چاہے یا رکوع سجدہ کرسکتا ہے مگر اشارے پر اکتفاکرے تو نہ اس کی نماز درست ہوگی نہ اس کے ذمے سے فرض  ساقط ہوگا۔ واضح رہے کہ فرض و واجب میں تندرست انسان کے لئے  قیام لازمی ہے ، نوافل میں بیٹھنے کی گنجائش ہے مگر بتادیا گیا ہے کہ اس صورت میں آدھا ثواب ملے گا، رکوع اور سجدہ میں کوئی  رخصت نہیں لہٰذا جو قیام پر قدرت نہیں رکھتا وہ بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے مگر رکوع سجدہ اس صورت میں بھی کرےگا، ہاں اگر رکوع سجدے کی بھی قدرت نہ ہو تو اشارہ کافی ہو جائے گا۔ شریعت نے تو اتنی رعایت دی ہے کہ بیٹھ کر نہ پڑھ سکے تو لیٹ کر فرض ادا کرلے اور سجدہ ممکن نہ ہوسکے تواشارے سے  رکوع سجدہ کرلے۔ کرسی والی معذوری دورِ حاضر کا عذر ہے ورنہ اس صدی سے پہلے کبھی کرسی کا نہ رواج رہا نہ کسی عالم نے کرسی کے احکام لکھے، شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ نئے  زمانے میں بیماریاں بھی نئی   نئی  پیدا ہو چکی ہیں۔ فقہاء نے احکام ِمعذورین میں بیٹھ کر، لیٹ کر اور اشارے سے رکوع سجدے کا البتہ تذکرہ کیا ہے اس لئے  جو کھڑے ہونے پر قادر نہ ہو یا جو سجدے کا طریقہ ہے اس طرح سجدے کی قدرت نہیں رکھتا ہو وہ بیٹھ کر اشارے سے نماز ادا کرلے تاہم زمین پر بیٹھ کر نماز ممکن ہو تو کرسی سے اجتناب کرے مگر جو زمین پر بیٹھنے سے بھی معذور ہے یا بیٹھ تو سکتا ہے مگر خود اٹھنا دشوار ہے اس کے لئے کرسی اور چارپائی وغیرہ پر بیٹھ کر نماز پڑھنے میں مضائقہ نہیں۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: نمازی کے آگے سے گزرنا، قسطوں پر حج و عمرہ ادا کرنا، تہجد کی نماز

عدت کا ایک سوال

ایک خاتون کے  شوہر کا انتقال ۲۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو ہوا تھا، اس  کی عدت مکمل ہونے کی صحیح تاریخ کیا ہوگی ؟ عیسوی اور قمری دونوں  بتانے کی درخواست ہے۔ عبد اللہ ،ممبئی 

باسمہ تعالیٰ۔ھوالموفق: شوہر کی وفات کے بعد بیوہ کی عدت کی مدت چارماہ دس دن ہے۔ دنوں اور مہینوں کی گنتی کے لئے اصل معیار قمری کیلنڈر ہے۔ وفات کے دن اگر چاند کی پہلی تاریخ ہو تو چار ماہ دس گزرنے پر عدت ختم ہوگی۔ یہ مہینے انتیس دن کے ہوں یا تیس دن لیکن قمری مہینے کی درمیانی تاریخ کو شوہر کی وفات ہوئی تو پورے ایک سو تیس دن تک عدت شمار کی جائے گی۔  صورت مسئولہ  میں شوہر کی  وفات ۲۸؍ اکتوبر کو ہوئی  تھی، اس دن جمادی الاول کی ۶؍ تاریخ تھی اس لئے  پورے چار ماہ دس دن (۱۳۰؍ دن) تک عدت ہوگی جس کا آخری دن ۱۰؍ مارچ ۲۰۲۶ء  ہوگا۔ قمری کیلنڈر کے مطابق اس دن رمضان المبارک کی ۱۹؍یا ۲۰؍ تاریخ ہوگی ۔واللہ اعلم وعلمہ اتم

نوٹ :یہ حکم اس صورت میں ہے جب عورت اُمید سے  نہ ہو لیکن حاملہ ہو تو عدت وضع حمل یعنی بچے کی پیدائش تک ہوگی۔ واللہ اعلم

یہ بھی پڑھئے: فتاوے: جائیداد کا تنہا مالک بھی شرعی حدود کا پابندہے

اوقات مکروہہ میں نماز

صبح صادق کے بعد اور عصر کے بعد سورج زرد ہو نےسے پہلے قضاء نمازوں کا پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟ محمد علی، ممبئی

 باسمہ تعالیٰ۔ھوالموفق: کچھ اوقات تو وہ ہیں جن میں کوئی  بھی نماز پڑھنا جائز نہیں ، یہ ہیں طلوع آفتاب، غروب آفتاب اور نصف النہار یعنی  زوال کے اوقات ۔ اس کے علاوہ عصر کے بعد جب سورج زرد ہوجائے  (اور اس پر نظر ٹکنے لگے) اس وقت غروب سے پہلے اس دن کی نماز عصر کے علاوہ کوئی  بھی نفل یا قضانماز نہیں پڑھ سکتے ۔ عصر کی فرض نماز کے بعد اور صبح صادق کے بعد سنت فجر کے علاوہ کوئی بھی نفل مکروہ ہے البتہ اوقات مکروہہ سے پہلے پہلے قضا نمازیں پڑھنے کی اجازت ہے مگر انہیں کسی الگ مقام پر پڑھنا چاہئے تاکہ لوگ کسی اشتباہ یا شبہ میں نہ پڑ جائیں۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK