• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فتاوے: جن اوراق پر حدیث وقرآن کی عبارتیں تحریر ہوں ان کے احترام کی بدرجہ اولیٰ تاکید منقول ہے

Updated: November 27, 2026, 4:08 PM IST | Mufti Aziz-ur-Rahman Fatehpurī | Mumbai

شریعت کی روشنی میں اپنے سوالوں کے جواب پایئے۔ آج پڑھئے: (۱) جن اوراق پر دینی مضامین اور حدیث وقرآن کی عبارتیں تحریر ہوں ان کے احترام کی بدرجہ اولیٰ تاکید منقول ہے۔ (۲) وراثت کا حکم (۳) کرسی اور نماز۔

One should keep in mind the religious guidelines regarding offering prayers while seated on a chair. Image: INN
کرسی پر نماز کے لئے جو شرعی ہدایات ہیں انہیں ذہن میں رکھنا چاہئے۔ تصویر: آئی این این

  قرآن کریم کے ورق پھٹ جائیں یا قاعدے اور پاروں کے ورق پھٹ جائیں تو ان کا کیا کرنا چاہئے ؟امیر عالم ،بہار 

باسمہ تعالیٰ۔  ھوالموفق: اہل علم آلہ کتابت علم ہونے کی بناپر خالی کاغذ کے احترام کے بھی قائل ہیں، جن اوراق پر دینی مضامین اور حدیث وقرآن کی عبارتیں تحریر ہوں ان کے احترام کی بدرجہ اولیٰ تاکید منقول ہے۔ اس سلسلے میں جو تفصیلات ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے کہ مقدس اوراق کے بوسیدہ اور ناقابل انتفاع ہوجانے کی صورت میں ان کو کسی پاک کپڑے میں لپیٹ کر کسی ایسی محفوظ جگہ پر دفن کردیا جائے جہاں بے احترامی کا اندیشہ نہ ہو۔

دوسری صورت یہ ہے کہ پتھر وغیرہ کے ساتھ باندھ کر کہیں ندی وغیرہ  میں اس طرح بہا دیں کہ انسانوں کی پہنچ سے دور ہوجائیں۔  تیسری صورت ان کو جلانے کی ہے لیکن عام حالات میں علماء نے اس کو ناپسند کیا ہے لیکن  بڑے شہروں اور بعض مخصوص علاقوں میں جہاں یہ دونوں صورتیں ممکن نہ ہوں اور بے حرمتی سے بچانے کے لئے جلانا ضروری سمجھ میں آئے اس صورت میں جلاکر ان کی راکھ کو پانی میں بہادیاجائے  یا کسی مناسب جگہ پر دفن کردیا جائے  ۔ واللہ اعلم وعلمہ اتم

وراثت کا حکم

 عمرو کی شادی سلمیٰ سے ہوئی جس سے  ایک بچہ پیدا ہوا تھا اور پھر عمرو کی وفات ہوگئی۔ عدت کے بعد سلمہ نے زید سے شادی کر لی۔ تین بچے زید سے ہوئے۔ اب زید کی وراثت تقسیم ہونی ہے، کیا زید کی وراثت میں اس بچے کا حق ہےجو عمرو کا بچہ ہے اور سلمیٰ کے ساتھ آیا ہے ؟ حامد زمان، ممبئی

یہ بھی پڑھئے: انسان کا ظاہر، اس کے باطن کا آئینہ دار ہے

باسمہ تعالیٰ۔  ھوالموفق: سوال کے مطابق سلمی کی پہلی شادی عمرو سے ہوئی جس سے دونوں (سلمی اور  عمرو) کا ایک بچہ بھی ہے۔ عمرو کی وفات ہوگئی تو سلمیٰ کی دوسری شادی زید سے ہوئی جس سے دونوں (سلمیٰ اورزیدکے) تین بچے ہیں۔ زید سے شادی کے بعد غالباً عمرو کا بچہ بھی سلمیٰ کے ساتھ آگیا جس کی  پرورش بھی یہیں ہوئی۔ صورت مسئولہ میں یہ بچہ اپنے باپ عمرو کا وارث ہے، زید کے وارث سلمیٰ اور زید کے اپنے تینوں بچے ہیں۔ اس لئے زید کے ترکہ میں براہ راست عمرو کا بچہ وارث نہیں۔ البتہ اگر زید کی وفات کے وقت سلمیٰ زندہ تھی تو اس کو جو حصہ ملےگا اس میں زید کے تینوں بچوں کے ساتھ عمرو کا بچہ بھی حصہ دار ہوگا نیز اس کے علاوہ سلمیٰ کی کوئی اور جائیداد ہوئی تو اس میں دوسرے بچوں کے ساتھ یہ بھی وارث ہوگا۔ اس کے علاوہ اگر زید نے اپنے جیتے جی اس بچے کو ہبہ  کے ذریعہ کچھ دےکر مالک بنادیا ہو یا اس کے لئے کوئی وصیت کی ہو تو اسے پہلی صورت میں بطور ہبہ اور دوسری صورت میں از روئے وصیت زید سے بھی مل سکتا ہے۔  واللہ اعلم وعلمہ اتم

کرسی اور نماز 

حضرت، کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے اور کس طرح کے عذر کی وجہ سے کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتے ہیں۔ مفصل اور مدلل وضاحت فرمائیں۔محمد حسن، نیو دہلی 

باسمہ تعالیٰ۔  ھوالموفق: فرض نمازوں میں قیام (کھڑے ہوکر نماز پڑھنا) نماز کا ایک رکن ہے۔ قیام پر قدرت کی صورت میں بیٹھ کر نماز ہی نہ ہوگی ۔ رکوع سجدہ بھی نماز کے ارکان ہیں اس لئے جو لوگ معذور نہیں ان کی نماز زمین پر بیٹھ کر پڑھنے سے ہوگی نہ کرسی یا چارپائی وغیرہ پر بیٹھ کر پڑھنے سے۔ جو لوگ قیام پر قدرت نہ رکھتے ہوں ان کے لئے یہ رخصت ہے کہ زمین پر بیٹھ کر رکوع و سجود  کے ساتھ اپنی نماز پوری کریں۔ جو بیٹھ کر نہ پڑھ  سکتے ہوں  یا زمین پر بیٹھنے سے ہی معذور ہوں وہ کسی تخت ,چارپائی اور کرسی پر بھی بیٹھ سکتے ہیں لیکن ان صورتوں میں صحیح طریقے سے رکوع سجدہ بھی نہ کرسکیں گے  اس لئے یہ انتہائی  مجبوری کی صورتوں میں شامل ہے۔ لہٰذا قیام یا زمین پر بیٹھ کر رکوع سجدے پر قدرت رکھنے والوں کی کرسی پر نماز ہی نہ ہوگی۔ اس سلسلے میں بڑی بے احتیاطی نظر آتی ہے۔ بہت سے وہ لوگ جو بآسانی کھڑے ہوکر یا زمین پر بیٹھ کر بآسانی رکوع و سجود  کے ساتھ نماز ادا کرسکتے ہیں کرسی پر بیٹھ کر اپنی نماز یں ہی ضائع کردیںگے لہٰذا اپنے طور پر خود کو معذور تصور کرلینے کے بجائے پہلے کسی مستند عالم دین  سے رجوع ہوکر یہ دریافت کرلیں کہ کرسی پر بیٹھ کر نماز ادا کرسکیں اس درجہ کے معذور ہیں یا نہیں۔  واللہ اعلم

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK