• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیا صنعتکاروں کے پاس کہنے کیلئے کچھ نہیں؟

Updated: November 25, 2026, 3:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فِکّی) کے سالانہ جلسے سے وزیر اعظم مودی کے خطاب کو، جو بھارت منڈپم، نئی دہلی میں منعقد کیا گیا، ایک ہفتہ مکمل ہو رہا ہے جس میں ہنستے ہنستے ہی سہی، وزیر اعظم کا وہاں موجود صنعتکاروں کو لتاڑنا اپنے آپ میں خلاف ِ روایت تھا کہ ’’آپ کی بھوک اتنی ہے کہ کتنا بھی کھلائیے کم نہیں ہوتی‘‘۔ اس پر خاموشی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فِکّی) کے سالانہ جلسے سے وزیر اعظم مودی کے خطاب کو، جو بھارت منڈپم، نئی دہلی میں منعقد کیا گیا، ایک ہفتہ مکمل ہو رہا ہے جس میں ہنستے ہنستے ہی سہی، وزیر اعظم کا وہاں موجود صنعتکاروں کو لتاڑنا اپنے آپ میں خلاف ِ روایت تھا کہ ’’آپ کی بھوک اتنی ہے کہ کتنا بھی کھلائیے کم نہیں ہوتی‘‘۔ اس پر خاموشی ہے۔ وزیر اعظم کی تقریر کے بنیادی نکات پر بھی صنعتی اداروں کا ردعمل نہیں آیا۔ کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ صنعتی ادارے مانتے ہیں کہ صنعتی پیداوار میں اضافے کیلئے اور مصنوع سازی کو قومی و بین الاقوامی بازار کیلئے معیار اور قیمت کے اعتبار سے پُرکشش بنانے کی کوشش اُنہوں نے کی ہی نہیں یا اس میں ناکام رہے؟ جو بھی ہو، بات سامنے آنی چاہئے اور ملک کے عوام کو معلوم ہونا چاہئے کہ مسئلہ کیا ہے۔ کیوں ہمارا ملک صنعتی پیداوار میں پچھڑ رہا ہے، دیگر ملکوں سے مقابلہ آرائی میں مستعد نہیں ہے، اس کی وجہ سے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا نہیں ہورہے ہیں اور برآمدات کا گراف بلندی کی طرف گامزن نہیں ہے جس سے تجارتی خسارہ بڑھتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بلقیس بانو کیس میں انصاف کا کون سا پیمانہ استعمال کیا گیا یا کیا جا رہا ہے؟

حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس کم کردیا تھا اور چودہ صنعتی شعبوں کیلئے، جن میں الیکٹرانکس کا شعبہ بھی شامل تھا،خصوصی رعایت کا سلسلہ جاری کیا تھا جسے پروڈکشن لنکنڈ اِنشی ایٹیو  نام دیا گیا تھا مگر اس اسکیم سے حوصلہ افزائی درآمد شدہ کل پرزوں کو جوڑنے (اسیمبلنگ) کی ہوئی، اُنہی کل پرزوں کو خود تیار کرنے کی نہیں ہوئی۔ ایسا ہوتا تو مصنوع سازی (مینوفیکچرنگ) کو تقویت ملتی، تحقیق کے شعبے کی فعالیت میں اضافہ ہوتا، صنعتی اداروں کی توسیع ہوتی، اس کے فیض سے نئی مصنوعات تیار ہوتیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے۔ یہ کیوں نہیں ہوا اس کا جواب بھارت منڈپم میں موجود صنعتکاروں کے پاس ہونا چاہئے۔ اگر وہ اُس دن لب کشائی کی جرأت نہیں کر پارہے تھے جو کہ پروٹوکول کا تقاضا بھی تھا تو بعد میں اُن کا مطمح نظر سامنے آنا چاہئے تھا تاکہ وہ اُس کیفیت سے باہر نکلتے جسے اعترافِ جرم اور احساس شرمندگی کا نام دینا غلط نہ ہوگا۔ صنعتکاروں کے سامنے مسائل بھی ہوسکتے ہیں۔ ایسے مسائل جن کا بالواسطہ یا بلاواسطہ تعلق حکومتی پالیسیوں سے ہو۔ اگر ایسا ہے تو اُن کا اپنی بات کہنا اور بھی زیادہ ضروری ہوجاتا ہے۔ دورانِ تقریر وزیر اعظم کا یہ کہنا کہ ’’مَیں جانتا ہوں آپ تالی نہیں بجائیں گے‘‘ دو باتیں سمجھاتا ہے۔ ایک تو یہ کہ صنعتکاروں پر بے دلی طاری تھی اور وہ پُرجوش نہیں تھے۔ دوسری یہ کہ اُن کے اپنے مسائل ہیں جو حل نہیں ہورہے ہیں۔ جو بھی ہو، ہم یہ جانتے ہیں کہ بڑے صنعتی اداروں کی تمام تر توجہ منافع پر ہوتی ہے۔ منافع پیداوار سے آتا ہے۔ پیداوار متاثر ہو تو منافع کہاں سے آئیگا؟ اُن کے چپ رہنے سے تو ہرگز نہیں آئیگا۔ان تمام باتوں کا تعلق حکومت اور صنعتوں سے ہے مگر ایک اور زاویہ صارفین سے متعلق ہے۔کیا ہندوستانی صنعتکار ہندوستانی صارفین کو اعتماد میں لینے میں کامیاب ہیں؟ غیر ملکی مصنوعات بازار میں بآسانی دستیاب ہیں جو ہندوستانی صنعتوں کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ کیا صنعتکار اس چیلنج کو قبول کرتے ہیں؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK